محبت کہہ رہی ہے نعت بے خوف و خطر لکھیں
مگر اذن شریعت ہے جو لکھیں سوچ کر لکھیں
وہ ممدوح خدا ہیں آپ یہ کیوں بھول جاتے ہیں
اگر ہو نعت لکھنا تھام کر قلب و جگر لکھیں
فقط اسم گرامی ہی رقم کر دیں تو کافی ہے
کہے گر نعت کوئی مختصر سے مختصر لکھیں
مزہ لکھنے کا جب ہے سامنے ہو گنبد خضری
بھلا روضے کا منظر بیٹھ کر کیا اپنے گھر لکھیں
غلو کا شائبہ تک بھی نہ ہو اس میں کہیں تائب
مدینے کے جو ہر ذرے کو ہم رشک گہر لکھیں