صبر جمیل کیا ہے 

مصنف : شہنیلہ بیلگم والا

سلسلہ : طنز و مزاح

شمارہ : ستمبر 2020

Click here to read in English

صبرِ جمیل کیا ہے؟
 

جب آپ انتہائی خوشبودار، میٹھا، دلکش اور خوش رنگ چونسا آم کاٹ کر کھانے ہی والے ہوں اور آپ کی بیٹی کہے؛ارے یہ تو مزے کا لگ رہا ہے ۔یہ میں کھا لیتی ہوں۔
 

آپ نے بالکونی اور کھڑکیاں ریلنگ سے لٹک لٹک کر صاف کی ہوں اور آندھی آجائے۔
 

آپ نے مزے کی چائے بنائی ہوخوشبودار بھاپ اڑاتی چائے پینے ہی لگی ہوں اور سہیلی آجائے اور آپ اپنا کپ اسے دے دیں۔
 

 سیل میں دھکے کھا کر آپ نے پنتیس سو کی کرتی بارہ سو میں لی ہو۔پیک پڑی ہوکسی کی سالگرہ آجائے کوئی اور تحفہ بھی نہ ہواور آپ کو وہ کرتی تحفتاً دینی پڑ جائے۔
 

آپ کے سارے دوست مل کر فیس بُک پہ کسی کی واٹ لگا رہے ہوں آپ کا بھی دل مچل رہا ہو لیکن اگلے نے آپ کو یا آپ نے اگلے کو بلاک کیا ہوا ہو
 

آپ نے دعوت کی ہواپنے سگھڑاپے کی دھاک بٹھانے کے لیے آپ نے سنگاپور ین رائس اور پائن ایپل سوفلے بنایا ہو اور ایک آنٹی کہہ دیں بیٹا روٹی چاول نہیں بنائے۔ 
 

اسکول کے فنکشن کے لیے آپ نے اچھا سا جوڑا خریدا ہوتصویروں میں اچھی آئیں اس لیے ڈائیٹنگ بھی کی ہو مگر ساری تصاویر اس اینگل سے کھینچی گئی ہوں جس میں آپ یا تو بھینس لگ رہی ہوں یا کالی یا بھینگی۔
 

آپ سخت ڈائٹنگ پہ ہوں اور متواتر کہیں سے مٹھائی، کیک اور چاکلیٹ آتے رہیں۔
 

آپ نے مزاحیہ تحریر لکھی ہو اور کوئی اس پہ سادہ لائک دے دے۔