اتفاقاً میرے ہاتھ سے گلاس چھوٹ گیا اور فرش پر گر کر ٹوٹ گیا ۔ بیگم نے تیر کی طرح الزام کھینچ مارا :’’آپ ہمیشہ گلاس توڑ دیتے ہیں -‘‘حالانکہ اس سے پہلے مجھ سے فقط ایک گلاس ٹوٹا تھا ۔ اور وہ بھی ہماری شادی کے ابتدائی دنوں میں یعنی آج سے کوئی پندرہ سال پہلے ، کیا پندرہ سالوں میں کوئی واقعہ دو دفعہ ظہور پذیر ہو تو اسے " ہمیشہ " کہا جا سکتا ہے ؟ لیکن زنانہ منطق کا اپنا ناپ تول ہوتا ہے ۔ پھر یہ ہمیشگی کا الزام مجھ پر گلاس شکنی کے سلسلے میں ہی عائد نہیں کیا گیا ۔ یہی فرد جرم مجھ پر کئی دوسری خاصی معصومانہ حرکات کے ضمن میں بھی لگ چکی ہے ۔
’’آپ غسل خانے کا نلکا ہمیشہ کھلا چھوڑ دیتے ہیں‘‘حالانکہ یہ غلطی پندرہ سالوں میں شائد تین یا چار بار ہوئی ہو گی ۔’’ آپ ہمیشہ الماری کی چابی گم کر دیتے ہیں‘‘۔ یہ جرم فقط ایک دفعہ سر زد ہوا تھا ۔’’ آپ ہمیشہ کار میں پٹرول ڈلوانا بھول جاتے ہیں ‘‘ ۔ یہ حادثہ ایک دفعہ بھی نہیں ہوا تھا ۔ محض پٹرول رک جانے پر بیگم صاحبہ کو شبہ ہوا کہ پٹرول ختم ہو گیا ہے ۔لیکن نہیں ، محترمہ ہمیشہ کا لفظ محض عادتاًاستعمال نہیں کرتیں ۔ ایسا ہوتا تو چند ایسے مواقع بھی ہیں جہاں یہ لفظ جائز طور پر استعمال ہو سکتا ہے اور استعمال کرنا چاہئیے مگر مجال ہے جو بیگم صاحبہ اسے نوک زبان پر لاتیں ۔مثلاً ہر مہینے پہلی تاریخ کو پوری تنخواہ بیگم کے حوالے کر دیتا ہوں لیکن آج تک اس شریف زادی کے منہ سے ۔۔ تعریف نہ سنی۔۔یہ نہ نکلا کہ آپ ہمیشہ تنخواہ لا کر میرے ہاتھ پر رکھ دیتے ہیں بلکہ اس ضمن میں کچھ فرماتی ہیں تو یہ کہ :
’’ خدایا کب مہینہ گزرے اور چند ٹکوں کا منہ دیکھنے کو ملے -‘‘
اس طرح میرا معمول رہا کہ بیگم کو ہر ہفتہ ایک نئی فلم دکھانے سینما لے جاتا ہوں ، مگر مجال ہے جو اس ہمیشگی کا انہیں خیال تک آیا ہو ۔ بلکہ الٹی شکایت کرتی ہیں
’’ہا ئے فلم دیکھے پورا ہفتہ ہونے کو ہے‘‘
خدا جانے اس موضوع پر اپنے مرغوب لفظ ۔ہمیشہ ۔ کو کیسے پی جاتی ہیں !
ایک روز ڈرائنگ روم میں بیٹھا سگریٹ پی رہاتھا کہ اتفاقاً تھوڑی سی راکھ قالین پر گر گئی ، بیگم نے جھٹ الزام تراشی کی ۔
’’ آپ ہمیشہ قالین پر راکھ جھاڑ دیتے ہیں ‘‘
میں نے کہا " کبھی کبھی راکھ گر جانے سے تو مجھے انکار نہیں لیکن اگر میں ہمیشہ اپنے چالیس سگریٹ روزانہ کی راکھ قالین پر جھاڑتا تو گزشتہ پندرہ سالوں میں اس ڈرائنگ روم میں تقریباً گیارہ ٹن راکھ کا ڈھیر لگ چکا ہوتا اور اس صورت میں یہ ڈرائنگ روم کی بجائے کوئلہ سینٹر نظر آتا ۔
لیکن بجائے اس کے کہ اپنی غلطی کا احساس کرتے ہوئے کوئی معذرت کرتیں یا سیدھی سادھی معافی مانگتیں کہنے لگیں :تو سچ مچ اتنی راکھ جمع ہو جاتی ؟ پھر تو اچھا ہوا ، میں جوں توں کر کے ہر روز قالین صاف کرتی رہی ۔۔گویا محترمہ نے گیارہ ٹن فرضی راکھ ڈھونے کا کریڈٹ بھی اپنی جھولی میں ڈال لیا ۔چند روز ہوئے دفتر بند ہوا تو میں گھر جانے کی نیت سے کار میں بیٹھا ۔مگر انجن جواب دے گیا ۔ ناچار کار کو دفتر ہی میں چھوڑا اور بس سے گھر روانہ ہوا بس اسٹاپ سے گھر پہنچا لیکن جونہی اندر قدم رکھا بیگم چلائی ۔" آپ ہمیشہ کیچڑ سے لتھڑے ہوئے جوتے پہنے ڈرائنگ روم میں داخل ہو جاتے ہیں ۔ "یہ میری پیٹھ پر آخری تنکہ تھا ۔ میں نے اسی لمحہ ایک فیصلہ کر لیا اور اس فیصلے کی رو سے اب :ہمیشہ اپنا سگریٹ قالین پر جھاڑتا ہوں۔۔اور بیگم صاحبہ کو سچ مچ یہ راکھ چننا پڑتی ہے جس سے انہیں درد کمر کی مستقل شکایت ہے ۔غسل خانے کا نلکا ہر روز کھلا چھوڑ آتا ہوںاور بیگم بھاگم بھاگ بند کرتی رہتی ہیں - ہر روز عارضی طور پر چابیاں گم کر دیتا ہوں تاکہ بیگم صاحبہ تھوڑی دیر کے لئے سٹپٹائیں اور سٹپٹاتی رہیں ۔
جہاں کہیں کیچڑ ملے جوتوں پر مل کر ڈرائنگ روم میں آ جاتا ہوں۔بیگم پاؤں پڑتی ہیں کہ خدارا ایسا نہ کیجئے ۔ میں تھوڑی دیر کے لئے آنکھیں بند کر کے لطف اٹھاتا ہوں ۔
الغرض اب بیگم نے ان " ہمیشہ " والے الزامی جملوں کا استعمال ترک کر دیا ہے ، اب ان کا مرغوب فقرہ ہے :آپ پہلے تو ایسا نہیں کرتے تھے -ویسے میں یہ حرکتیں کرنا چھوڑ تو دوں گا ۔ لیکن کچھ روز نہیں تاکہ یہ سبق بیگم صاحبہ کو اچھی طرح ذہن نشین ہو جائے ۔ایک یا دو کو " ہمیشہ " کہنا درست نہیں ، نہ حقیقت کے طور پر اور نہ گرامر کی رو سے ۔
آخری خبر یہ ہے کہ بیگم صاحبہ کی گرامر بڑی تیزی سے سدھر رہی ہے ۔