غزلیات

مصنف : اذکار ازہر خان درانی

سلسلہ : غزل

شمارہ : دسمبر 2010

 

مرا نصیب ہوئیں تلخیاں زمانے کی 
کسی نے خوب سزا دی ہے مسکرانے کی
 
مرے خدا مجھے طارق کا حوصلہ ہو عطا
ضرورت آن پڑی کشتیاں جلانے کی
 
میں دیکھتا ہوں ہراک سمت پنچھیوں کے ہجوم
الہٰی خیر ہو صیّاد کے گھرانے کی
 
قدم قدم پہ صلیبوں کے جال پھیلا دو
کہ سرکشوں کو تو عادت ہے سر اٹھانے کی
 
شریک ِ جرم نہ ہوتے تو مخُبری کرتے
ہمیں خبر ہے لٹیروں کے ہر ٹھکانے کی
 
ہزار ہاتھ گریباں تک آ گئے ازہر
ابھی تو بات چلی بھی نہ تھی زمانے کی
٭٭٭

 

دیکھنا رُخ سے ہٹا کر چشمۂ سودوزیاں
ذات کے زندان سے باہر نکل کر سوچنا
 
تیرے چہرے سے عیاں ہے کسقدر مہنگا پڑا
میری یادوں سے ترا پہلو بدل کر سوچنا
 
محفلوں میں اپنے ہونٹوں پر سجانا قہقہے 
تخلئیے میں بیٹھ کر اپنا مقّدر سوچنا
 
پھول خوشبو سے جدا ہو اور زندہ بھی رہے
گو نہیں ہے تیرے بس میں پھر بھی ازہر سوچنا
٭٭٭

 

کسے خبر تھی کہ آنے والی رتوں کا ہر پل اداس ہو گا
دلوں میں شعلے مگر بدن پر منافقت کا لباس ہو گا
 
ہوس شرارے خلوص محلوں کو راکھ کرنے پہ تل گئے ہیں
نہ بچ سکے گا کوئی سلامت مگر جو آدم شناس ہو گا
 
وہ ابرو باراں کی وحشتیں ہوں کہ جان لیوا تمازتیں ہوں
زمیں میں جس کی جڑیں نہ ہوں گی وہی شجر بدحواس ہو گا
 
رقم کروں گا میں جس میں تیری سکون افزا رفاقتوں کو
مری کتاب ِ حیات کا وہ حسیں ترین اقتباس ہو گا
 
اگر تیرا دل گئی رتوں کی حسین یادوں کا آئینہ ہے
تو اب بھی دل کش حکائتوں کا کرن کرن انعکاس ہو گا
 
بھگا کے دم لے گا جگنوؤں کا جلوس اندھیروں کو اس نگر سے 
چمن حصاروں ، بدن فصیلوں میں اب نہ خوف و ہراس ہو گا
 
خزاں رتوں کے عذاب لمحے گلاب چہروں کو ڈس رہے ہیں
بہار موسم پلٹ کے آیا بھی اب تو ازہر اُداس ہو گا
٭٭٭