خوابوں کی دنیا

مصنف : منہاج القرآن

سلسلہ : یسئلون

شمارہ : فروری 2018

عالَم خواب اور نیند میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دیدار ہونا برحق ہے، بشرطیکہ دیدار کا دعویٰ کرنے والا سچا، ثقہ اور اہل حق میں سے ہو، اس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو آپ کی صورتِ مبارکہ پر ہی دیکھا ہو اور یہ خواب دلائلِ شرعیہ کے خلاف نہ ہو۔ اگر کوئی شخص اکثر معاملات میں جھوٹ بولتا ہے اور اس کا جھوٹا ہونا مشہور ہے تو ایسے شخص کے دعویٰ کوماننا ضروری نہیں۔ خواب میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت بھی بسا اوقات تعبیر کی محتاج ہوتی ہے، مثلاً: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو جواں سال دیکھے تو اور تعبیر ہوگی، اور پیرانہ سالی میں دیکھے تو دوسری تعبیر ہوگی۔ خوشی کی حالت میں دیکھے تو اور تعبیر ہوگی اور رنج و بے چینی کے عالم میں دیکھے تو دوسری تعبیر ہوگی، وعلیٰ ہذا!خواب میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت سعادت کی بات ہے، لیکن یہ دیکھنے والے کی عنداللہ مقبولیت و محبوبیت کی دلیل نہیں بلکہ اس کا مدار بیداری میں اتباعِ سنت پر ہے۔ بالفرض ایک شخص کو روزانہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت ہوتی ہو لیکن وہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت کا تارک ہو اور وہ فسق و فجور میں مبتلا ہو تو ایسا شخص مردود ہے۔ اور ایک شخص نہایت نیک اور صالح متبع سنت ہے، مگر اسے کبھی زیارت نہیں ہوئی وہ عنداللہ مقبول ہے۔ خواب تو خواب ہے، بیداری میں جن لوگوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت کی مگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کی دولت سے محروم رہے وہ مردود ہوئے، اور اس زمانے میں بھی جن حضرات کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت نہیں ہوئی، مگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی نصیب ہوئی وہ مقبول ہوئے۔رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت کا جھوٹا دعویٰ کرنا، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر افتراء ہے، اور یہ کسی بھی شخص کی شقاوت و بدبختی کے لئے کافی ہے۔ اگر کسی کو واقعی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت ہوئی ہو تب بھی اس کا اظہار مناسب نہیں۔

(مفتی محمد شبیر قادری)

حضرت جعفر صادق نے فرمایا ہے کہ خواب میں سبز اور سفید رنگ خیر و برکت اور دینداری کی دلیل ہے، کیونکہ یہ اہل بہشت کا لباس ہے۔ حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ سبز رنگ عورتوں اور مردوں کے لئے دین اور دنیا میں اچھا ہے۔مذکورہ خواب بھی مبارک خواب ہے۔ آپ کی بیوی کی سہیلی سے آپ کی بیوی کو دین کا علم یا کوئی نیکی نصیب ہوگی

(مفتی محمد شبیر قادری)

خواب میں کسی عزیز کو مردہ حالات میں دیکھنے کی عموماً تعبیر یہ کی جاتی ہے کہ جس عزیز کو آپ نے مردہ حالت میں دیکھا ہے وہ اس معیار پر پورا نہیں اترتا جس کی آپ اس سے توقع رکھے ہوئے ہیں۔ یہ فیصلہ خواب دیکھنے والے کو کرنا ہوتا ہے کہ خواب میں جس شخص کو مردہ حالت میں دیکھا ہے اْس کی اِس کے نزدیک کیا اہمیّت ہے اور اسے کس زاویے سے دیکھنا چاہتا ہے۔خواب میں کسی کو مردہ دیکھنے کی ایک تعبیر یہ بھی ہے کہ جس کو مردہ دیکھا گیا ہے اس کی بڑھتی ھوئی عمر میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں یا ہونے والی ہیں۔

(مفتی محمد شبیر قادری)

اپنے اعمال پر غور کریں، اگر کوئی غلط کام کرتے ہیں تو چھوڑ دیں، اللہ تعالی کی بارگاہ سے معافی مانگیں۔ اللہ تعالی آپ کو اپنے حفظ وامان میں رکھے، ذیل میں ایک وظیفہ درج ہے، آپ ہر نماز کے بعد ایک مرتبہ یہ وظیفہ کر لیا کریں اور پھر پانی پر دم کر کے وہ پانی کھانے پینے میں استعمال کریں، اللہ کرم فرمائے گا۔
سورۃ الفاتحہ ایک مرتبہ،آیت الکرسی ایک مرتبہ،سورۃ الاخلاص ایک مرتبہ،سورۃ الفلق ایک مرتبہ،سورۃ الناس ایک مرتبہ،سورۃ البقرۃ کی آیت نمبر 102 میں سے : وَمَا ھم بِضَآرِّینَ بہِِ مِن اَحَدٍ اِلاَّ بِاِذنِ اللّہِ. تین مرتبہ ،اول آخر تین تین مرتبہ درود وسلام پڑھ کر پانی دم کر کے استعمال کریں ان شاء اللہ نجات مل جائے گی۔

(مفتی عبدالقیوم ہزاروی)

آپ نے یہ نہیں بتایا کہ آپ کی بیوی کے اپنے بھائی کے ساتھ کیسے تعلقات ہیں۔ یہاں اس خواب کی دو صورتیں بن رہی ہیں:اگر بھائی کے ساتھ تعلقات خراب ہیں تو ان کو صحیح کیا جائے۔ پرانی رنجشیں بھلا کر نئے اور خوشگوار تعلقات کا آغاز کیا جائے۔ آئندہ کے لیے صلح صفائی کے ساتھ رہیں اور ایک دوسرے کا بھلا سوچیں۔اگر تعلقات میں کوئی خرابی نہیں تو حسبِ توفیق اپنے بھائی کے نام کا صدقہ خیرات کر دیں۔

(مفتی عبدالقیوم ہزاروی)

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خواب کی اقسام کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا:
خواب تین طرح کے ہوتے ہیں، سچا و نیک خواب اللہ تعالیٰ کی طرف سے بشارت ہوتا ہے، دوسری قسم آدمی اپنے نفس سے ہی گفتگو کرے، تیسری قسم شیطان کی طرف سے ڈرانا ہے۔
نیک خواب اللہ تعالیٰ کی طرف سے اہل ایمان کے لیے خوشخبری اور بشارت ہوتا ہے، برا خواب شیطان کی طرف سے ہوتا ہے، تیسرا تحدیث النفس، منتشر الخیالی جیسے آپ نے دیکھا کہ لاہور کے کسی علاقہ میں پیدل چل رہے ہیں کہ اچانک سیلاب آجاتا ہے، آپ نے رخ تبدیل کیا تو گاؤں میں پہنچ گئے، اس قسم کے اوٹ پٹانگ خوابوں کو منتشر الخیالی کہتے ہیں، ان کی کوئی تاویل یا تعبیر نہیں ہوتی۔

(مفتی محمد شبیر قادری)

خواب میں زرد کپڑا دیکھنا بیماری کی علامت ہے اور چاند دیکھنا عورت کے لیے شادی کی طرف اشارہ ہے۔لہٰذا خواب دیکھنے والی اگر شادی کی عمر کو پہنچ چکی ہے تو وہ شادی کر لے اور مستقبل میں جسمانی و ایمانی بیماریوں سے حفاظت کے لیے اللہ کی بارگاہ میں توبہ کرے۔

(مفتی محمد شبیر قادری)

عام لوگوں کے سارے خواب سچے نہیں ہوتے خواہ دن میں آئیں یا رات کو آئیں۔ اور جو کچھ خواب میں نظر آتا ہے ہوبہو سارا اسی طرح بھی نہیں ہوتا۔ نظر کچھ اور آتا ہے اس کی تعبیر کچھ اور ہوتی ہے۔ لہذا سارے خواب سچے نہیں ہوتے۔

(مفتی عبدالقیوم ہزاروی)

خواب میں آگ دیکھنا بشارت، لڑائی، دشمن، حسن، گناہ اور برکت سمیت کئی مرادیں ہوسکتی ہیں۔ مذکورہ خواب میں آگ پر قابو پانا اور جلنے کے نقصانات سے بچ جانا اس بات کی دلیل ہے کہ خواب دیکھنے والا دشمن پر غالب آئے گا اور وہ اسے نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔

(مفتی محمد شبیر قادری)

یہ خواب آپ کو اپنے بزرگوں سے عقیدت اور محبت کی وجہ سے ہی آ رہے ہیں، آپ جو نیک کام کر رہے ہیں، اس پر قائم رہیں، یہ تعلق کی بنا پر بھی آ سکتے ہیں اور علماء سے محبت کی بنا پر بھی، یہ ان بزرگوں کی طرف سے اشارہ ہے کہ آپ اپنے اس کام پر قائم اور ثابت قدم رہیں، اللہ تعالیٰ آپ کو علم و عمل اور محبت میں ثابت قدم رکھے۔

(حافط محمد اشتیاق الازہری)

اپنے کاروبار یا ملازمت پر غور کریں اور دیکھیں کہ کہیں کوئی خرابی تو نہیں ہو رہی ہے یا ہونے کا خدشہ تو نہیں ہے، اس کے علاوہ حسب توفیق صدقہ خیرات کر دیں۔

 

(مفتی عبدالقیوم ہزاروی)

خواب میں اپنے آپ کو گمنام حالت میں دیکھنا اچھے ارادے سے گمنامی کی طرف آنے پر دلالت کرتا ہے۔کبھی اس کی دلالت رزق اور عمر کے ختم ہونے پر بھی ہوتی ہے۔اس کے علاوہ آپ اپنے تعلقات گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ بہتر جانتے ہیں۔ ناراضی ختم کریں۔ کسی کے ساتھ اگر لڑائی جھگڑا ہے تو صلح کریں۔ سب کے ساتھ اپنے تعلقات ٹھیک کریں۔

(حافط محمد اشتیاق الازہری)

بہت اچھا خواب ہے آپ کو مبارک ہو۔ آپ مزید نیک کاموں کی طرف توجہ دیں اور ان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

(مفتی محمد شبیر قادری)

خواب میں خود کو ننگے پاؤں دیکھنا سفر میں مشکلات کی طرف اشارہ ہے۔ اگر صالح مرد اپنے آپ کو ننگا دیکھے تو خیر اور نیکی کی طرف اشارہ ہے اور اگر گنہگار دیکھے تو برائی، رسوائی اور بے حرمتی کی طرف اشارہ ہے۔لہٰذا اپنے اعمال کی طرف توجہ کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ سے معافی طلب کریں۔

(مفتی محمد شبیر قادری)

حضرت ابنِ سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں نیولا‘ چور ہے۔ اگر خواب دیکھنے والے نے خواب میں نیولے کو پکڑا اور اس کو مارا ہے تو اس کی تعبیر ہے کہ وہ چور کو پکڑے گا اور اس پر فتح پائے گا۔ اگر دیکھے کہ اس نیولے کا گوشت کھایا ہے یا اس کے جسم سے کوئی چیز ہاتھ میں آئی ہے تو اس کی تعبیر ہوگی کہ خواب دیکھنے والا چور کو پکڑے گا اور چوری کا مال لے گا۔

(مفتی محمد شبیر قادری)

آپ نے یہ بیان نہیں کیا کہ آپ نے کبوتر کس رنگ میں دیکھا ہے، بہرحال تعبیر الرویا میں امام ابنِ سیرین رحمۃ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ اس نے کبوتر پکڑا ہے، یا کسی نے اسے دیا ہے تو یہ اس بات کی دلیل ہے کہ وہ شادی کرے گا۔ یا اگر دیکھے کہ خریدا ہے اور اس کے ہاتھ سے اڑا ہے تو یہ اس بات کی دلیل ہے کہ وہ عورت کو طلاق دے گا۔ حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ خواب میں کبوتر دیکھنا تین وجہ سے ہے:منفعت،معیشت،غم و اندوہ

(مفتی عبدالقیوم ہزاروی)

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اچھا خواب اللہ تعالی کی طرف سے ہے اور برا خواب شیطان کی طرف سے ہے پس جب تم میں سے کوئی شخص ناگوار خواب دیکھے تو وہ بائیں جانب تین بار تھوک دے اور اس خواب کے شر سے اللہ تعالی کی پناہ مانگے پھر وہ خواب اس کو ضرر نہیں دے گا۔
اسی طرح ایک اور مقام پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جب اچھا خواب دیکھو تو اللہ تعالی کا شکر ادا کرو اور اسے اچھے لوگوں کو بتاؤ جن سے محبت کرتے ہو۔ اور جب برا خواب دیکھو تو یہ شیطان کی طرف سے ہے کسی کو نہ بتاؤ اور بائیں طرف تین بار تھوک دو اور اللہ تعالی کی پناہ مانگو پھر وہ خواب ضرر نہیں دے گا۔ متفق علیہ۔تو پتہ چلا کہ اچھا خواب دیکھ کر اسے اچھے لوگوں کو بیان کرنا چاہیے اور برا خواب کسی کو بھی نہیں بتانا چاہیے بلکہ اللہ تعالی کی پناہ مانگنی چاہیے تو اللہ تعالی اس کو ہر شر سے محفوظ رکھے گا۔

(حافط محمد اشتیاق الازہری)