سيرت النبی ﷺ
بنو قريظہ كا قتل
مصنف: این عرفات- اردو قالب: پروفیسر سید عدنان حیدر
جریدہ: رائل ایشیاٹک سوسائٹی جرنل-جلد ۱۰۸ / شمارہ ۰۲ / اپریل ۱۹۷۶ء، صفحات ۱۰۰ تا ۱۰۷
یَہ بات معروف ہے کہ اسلام کے ظہور کے وقت یثرب (بعد میں مدینہ) میں تین یہودی قبائل آباد تھے، نیز شمال کی جانب دیگر یہودی بستیاں بھی موجود تھیں، جن میں خیبر اور فدک سب سے زیادہ اہم تصور کی جاتی ہیں۔ عمومی طور پر یہ تسلیم کیا جاتا ہے کہ ابتدا میں نبی کریم ﷺ کو یہ امید تھی کہ یثرب کے یہودی، جو کہ ایک الہامی دین کے پیروکار تھے، دینِ اسلام کی نئی توحیدی تعلیمات کو سمجھیں گے۔ تاہم، جب ان قبائل نے یہ دیکھ لیا کہ اسلام مضبوطی سے قائم ہو رہا ہے اور اس کی قوت بڑھ رہی ہے، تو انہوں نے دشمنی اور عناد کا رویہ اختیار کیا، اور اس کشمکش کا آخری نتیجہ ان یہودی آبادیوں کے عرب سے مکمل زوال کی صورت میں سامنے آیا۔
نبی کریم ﷺ کے سیرت نگار، جن کی پیروی بعد کے مؤرخین نے کی، روایت کرتے ہیں کہ بنو قینقاع¹ اور بعد ازاں بنو نضیر² نے مسلمانوں کو اشتعال دلایا، محاصرہ کیا گیا، اور بالآخر ان قبائل نے صلح کر لی، جس کے نتیجے میں انہیں اجازت دی گئی کہ وہ اپنے منقولہ اموال کے ساتھ روانہ ہو جائیں۔ بعد میں خیبر³ اور فدک⁴ بھی خالی کر دیے گئے۔ ابن اسحاق کے مطابق⁵، تیسرے یہودی قبیلے بنو قریظہ نے قریش اور ان کے اتحادیوں کا ساتھ دیا، جنہوں نے مدینہ پر ناکام حملہ کیا تاکہ اسلام کو مٹا دیں۔ یہ حملہ اسلام کے لیے سب سے سنگین چیلنج تھا، جو ناکام ہوا، اور بنو قریظہ کو محاصرے میں لے لیا گیا۔ بنو نضیر کی طرح، وہ بھی سرنڈر پر مجبور ہوئے، مگر ان کے برخلاف انہیں سعد بن معاذ، جو کہ اوس قبیلے کے حلیف تھے، کے فیصلے کے سپرد کیا گیا۔ روایت ہے کہ سعد نے فیصلہ دیا کہ بالغ مردوں کو قتل کیا جائے اور عورتوں و بچوں کو غلام بنایا جائے۔ چنانچہ مدینہ کے بازار میں خندقیں کھودی گئیں، اور بنو قریظہ کے مردوں کو گروہوں کی صورت میں لا کر گردن زدنی کیا گیا⁶۔ ان مقتولین کی تعداد مختلف اندازوں کے مطابق 400 سے 900 کے درمیان بیان کی جاتی ہے۔
جب اس واقعے کی تفصیلات کو جانچ پڑتال کی کسوٹی پر پرکھا جائے، تو اس کہانی پر اعتراضات کیے جا سکتے ہیں۔ یہ ثابت کیا جا سکتا ہے کہ 600 یا 800 یا 900 مردوں کا قتل کسی اختراعی بیان سے زیادہ نہیں، اور یہ کہ یہ ایک بعد کی ایجاد ہے؛ نیز یہ کہ اس کا ماخذ یہودی روایات میں موجود ہے۔ درحقیقت، یہ بات حیران کن صحت کے ساتھ ثابت کی جا سکتی ہے کہ اس داستان کی کئی تفصیلات یہودی تاریخ کی ابتدائی کتب میں پائی جاتی ہیں۔
اب عربی مآخذ کا جائزہ لیا جائے گا، اور ان کے یہودی ماخذات میں موجود اثرات کی نشاندہی کی جائے گی۔ ان تفصیلات کی صحت کو جانچا جائے گا، اور ان کی پہلی اصل کو یہودی تاریخ کی روشنی میں واضح کیا جائے گا۔
ہمارے پاس جو سب سے پہلی اور سب سے زیادہ تفصیلی روایت ہے، وہ ابن اسحاق کی سیرۃ ہے۔ یہی روایت سب سے طویل اور سب سے زیادہ نقل کی گئی ہے۔ لیکن ابن اسحاق 151 ہجری میں وفات پا گئے، یعنی اس واقعے کے تقریباً 145 سال بعد۔ بعد کے مؤرخین نے محض انہی کے بیان کو قبول کیا، اس میں سے کچھ تفصیلات کو حذف کر کے، یا ان کے مبہم اور غیر یقینی اسناد کی فہرست کو نظر انداز کر کے۔
عمومی طور پر وہ اس قصے کو مختصر کر کے یوں بیان کرتے ہیں جیسے یہ صرف ایک اور عامی نوعیت کا واقعہ ہو جس کی محض رپورٹنگ کرنی ہو۔ ان کی دلچسپی یہیں ختم ہو جاتی ہے۔ بعض نے اشارہ دیا کہ وہ خود بھی اس قصے کے قائل نہیں، لیکن مزید تحقیق کرنے کا ارادہ بھی ظاہر نہ کیا۔ ایک ماخذ، ابن حجر، نے اس داستان اور اس جیسی دیگر روایتوں کو "من گھڑت کہانیاں" قرار دے کر مسترد کر دیا۔ ابن اسحاق کے معاصر، امام مالک⁰، جو کہ فقیہہ تھے، نے ابن اسحاق کو صراحت سے "جھوٹا"¹¹ اور "مکار"¹² قرار دیا، محض ان روایتوں کے نقل کرنے پر۔
یہ بات بھی ذہن نشین رہنی چاہیے کہ سیرت نگار اور مؤرخین نے وہ سخت قواعد و ضوابط اختیار نہیں کیے تھے جو محدثین نے اپنائے تھے۔ وہ ہر روایت کے لیے ایسی سند فراہم نہیں کرتے تھے جس کے راوی ثقہ و صادق اور براہِ راست ناقل ہوں۔ نبی کریم ﷺ کی سوانح اور ابتدائی اسلامی واقعات سے متعلق تفصیلات کے حوالے سے ان کا رویہ نسبتاً سادہ تھا، بہ نسبت احادیث یا فقہی امور کے۔ درحقیقت، ابن اسحاق کی روایت محاصرۂ مدینہ اور بنو قریظہ کی شکست کی بابت مختلف افراد سے جمع کردہ بیانات کا مجموعہ ہے، جن میں بعض مسلمان اولادیں بھی شامل ہیں جو قریظہ کے یہودیوں کی نسل سے تھے۔
ان تمام غیر یقینی اور مشتبہ ماخذات کے مقابلے میں ایک بالکل معتبر اور قطعی ماخذ کو سامنے رکھنا چاہیے، اور وہ ہے قرآن مجید۔ سورۂ احزاب، آیت 26 میں اس واقعے کی طرف واضح اشارہ موجود ہے:
"جن اہلِ کتاب نے ان کا ساتھ دیا، اللہ نے ان کے قلعوں سے انہیں نکالا۔ ان میں سے بعض کو تم نے قتل کیا اور بعض کو قید کیا"۔
ابن اسحاق براہِ راست ذرائع کی بات کرتا ہے جب وہ محاصرہ مدینہ والے باب میں ان افراد کا ذکر کرتا ہے جو زبیر خاندان سے تھے اور جن پر اسے مکمل اعتماد نہ تھا۔ انہوں نے یہ واقعہ عبد اللہ بن کعب بن مالک، الزہری، عاصم بن عمر بن قتادہ، عبد اللہ بن ابی بکر، محمد بن کعب بن قریظہ، اور "ہمارے دیگر علمائے کرام" سے روایت کیا، جیسا کہ ابن اسحاق نے خود کہا۔ ان تمام افراد نے اس قصے میں اپنا حصہ ڈالا، یہاں تک کہ ابن اسحاق کا بیان ان تمام روایات کا مجموعہ بن گیا۔ بعد کی ایک روایت میں ابن اسحاق نے قریظہ کے ایک اور فرد، عطیہ¹³ کا ذکر کیا، جو قتل سے بچ گیا تھا، اور ایک دوسرے شخص، الزبیر بن بطا کا بھی ذکر کیا، جو بنو قریظہ کے سرکردہ افراد میں سے تھا۔
یہ قصہ اس بیان سے شروع ہوتا ہے کہ چند معروف یہودی سرداروں نے مسلمانوں کے خلاف مختلف قبیلوں کے ساتھ اتحاد قائم کرنے کی کوشش کی۔ ان میں بنو نضیر کے تین سردار شامل تھے اور ایک یہودی قبیلے وائل کا فرد، جبکہ کچھ دوسرے یہودی سرداروں کے نام ذکر نہیں کیے گئے۔ انہوں نے ہمسایہ بدو قبائل غطفان، مرہ، فزارہ، سلیم، اور اشجع کو اس جنگ کے لیے آمادہ کیا۔
نیز مکہ میں وہ قریش کو راضی کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے۔ بنو نضیر کے ایک سردار حیی بن اخطب نے درحقیقت اپنے آپ کو مدینہ میں موجود تیسرے یہودی قبیلے بنو قریظہ پر مسلط کر دیا، اور ان کے سردار کعب بن اسد کی بہتر رائے کے برخلاف انہیں اس بات پر آمادہ کیا کہ وہ نبی کریم ﷺ سے کیے ہوئے معاہدے کی خلاف ورزی کریں۔ اس نے یہ امید دلائی کہ مسلمانوں کا مشترکہ حملہ آور قوتوں کے سامنے ٹھہرنا ممکن نہ ہوگا، اور قریظہ و دیگر یہودی قبائل کی خود مختار حیثیت دوبارہ بحال ہو جائے گی۔ لیکن محاصرۂ مدینہ ناکام ہوا، اور یہودی قبائل کو اس پورے منصوبے میں شامل ہونے کی بھاری قیمت چکانی پڑی۔
ابن اسحاق کی روایت پر مؤرخین و علماء کے رویے کی دو کیفیتیں رہی ہیں: ایک تو خاموش تائید یا سادہ لوحی کے ساتھ قبولیت، جو بسا اوقات شک کے ساتھ ملی ہوتی ہے؛ اور دوسرے کچھ اہم مواقع پر صریح انکار اور شدید رد۔
خاموش تائید کا مطلب یہ ہے کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت اور غزوات کی کہانیاں جس طرح بعد کی نسلوں کو ملیں، اسی شکل میں قبول کر لی گئیں، بغیر اس باریکی کے جسے محدثین یا فقہاء روایت یا فتوے کے لیے ضروری سمجھتے تھے۔ اس میں اسناد کی تحقیق یا راویوں کی صداقت کی جانچ کی چنداں ضرورت محسوس نہیں کی گئی¹⁴۔ ابن اسحاق کی سیرۃ میں بھی یہی واضح ہے، کہ مکمل سند یا تسلسل سے روایت کو ثابت کرنا مطلوب نہ تھا۔ جبکہ فقہی معاملات میں یہ امر نہایت ضروری تھا، اسی لیے امام مالک⁽¹⁵⁾ ابن اسحاق کو کوئی وقعت نہ دیتے تھے۔
چنانچہ دیکھا جا سکتا ہے کہ بعد کے مؤرخین اور یہاں تک کہ مفسرین نے ابن اسحاق کی باتوں کو بعینہ قبول نہیں کیا۔ مثال کے طور پر، طبری، جو ابن اسحاق سے تقریباً ڈیڑھ صدی بعد تھے، اس قصے کو بھی احتیاط سے بیان کرتے ہیں۔ وہ اپنی روایت میں ان الفاظ پر زور دیتے ہیں کہ
"واقدی کا زعم ہے کہ نبی ﷺ نے خندقیں کھودنے کا حکم دیا"؛
جس سے شک کا اظہار ہوتا ہے۔ ابن القیم نے اپنی کتاب "زاد المعاد" میں صرف مختصر اشارہ کیا اور مقتولین کی تعداد جیسی اہم تفصیلات کو نظرانداز کر دیا۔ ابن کثیر نے بھی یہ قصہ بیان کیا، لیکن اس بات کو اہمیت دی کہ یہ واقعہ "اچھے راویوں" جیسے کہ حضرت عائشہؓ کی روایت سے مروی ہے¹⁶۔
ابن اسحاق کی روایت کو محض سادہ قبولیت یا شک کے ساتھ تسلیم کرنے کے علاوہ، بعض مؤرخین و محدثین کی طرف سے شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ دو خاص الزامات کے تحت: ایک، یہ کہ انہوں نے اپنی سیرت میں بہت سی جھوٹی یا من گھڑت کہانیاں شامل کی؛¹⁷ اور دوسرے، کہ انہوں نے بنو قریظہ کے قتل عام جیسے واقعے کو بغیر کسی تنقید کے روایت کیا۔
ان کے معاصر، محدث اور فقیہ امام مالک نے ابن اسحاق کو بلا جھجک اور دوٹوک الفاظ میں ’’جھوٹا‘‘ اور ’’مکار‘‘ قرار دیا ہے جو اپنی روایتیں یہود سے لیتا تھا۔¹⁸ دوسرے الفاظ میں، امام مالک نے ابنِ اسحاق کے مصادر کی صحت پر سوال اٹھایا اور ان کے منہج کو ردّ کیا۔ درحقیقت نہ تو ابنِ اسحاق کے رواۃ کی فہرست امام مالک کے نزدیک قابلِ قبول تھی، اور نہ ہی ان کا جمع و تالیف کا طریقہ۔
بعد کے زمانے میں حافظ ابنِ حجر نے امام مالک کے اس اعتراض کی مزید وضاحت کی۔ مالکؒ, جیسا کہ ابنِ حجر نے نقل کیا; ابنِ اسحاق کو اس لیے ملامت کرتے تھے کہ وہ مدینہ کے یہود کی نسلوں سے اس غرض سے روایات حاصل کرتا تھا کہ اُن کے آباء و اجداد نے نبی کریم ﷺ کے غزوات کے بارے میں جو کچھ سن رکھا تھا، اُسے معلوم کرے۔ ابنِ حجر²¹ نے ان کہانیوں کو نہایت سخت الفاظ میں ردّ کرتے ہوئے فرمایا: ’’ایسے عجیب و غریب قصے، جیسے کہ بنو قریظہ اور بنو نضیر کی داستان، قطعاً ناقابلِ قبول ہیں۔‘‘ اس سے زیادہ واضح تردید اور کیا ہوسکتی ہے۔
ایک طرف یہ غیر یقینی اور متضاد روایات ہیں، اور دوسری جانب مستند اور قطعی ماخذ, یعنی قرآنِ مجید۔ اس لیے فیصلہ صرف اسی معاصر اور یقینی ماخذ سے کیا جا سکتا ہے۔ سورۃ الاحزاب (آیت ۲۶) میں ارشاد ہے: ’’اللہ نے اہلِ کتاب میں سے اُن لوگوں کو جنہوں نے اُن (قریش) کی مدد کی، ان کے قلعوں سے نکال باہر کیا۔ تم نے ان میں سے بعض کو قتل کیا اور بعض کو قیدی بنایا۔‘‘
مفسرین اور محدثین بالعموم ابنِ اسحاق کی روایت کو دہراتے ہیں، مگر قرآن کی عبارت صرف اُن لوگوں سے متعلق ہے جو میدانِ جنگ میں عملاً لڑ رہے تھے۔ یہ آیت صرف اُن کے متعلق ہے جنہوں نے جنگ میں حصہ لیا۔ ان میں سے کچھ مارے گئے اور کچھ قید ہوئے۔
اگر واقعی چھ سو یا نو سو افراد کو قتل کیا گیا ہوتا، تو قرآن میں اس واقعے کی اہمیت کے پیشِ نظر واضح اشارہ یا وضاحت ضرور موجود ہوتی۔ ایسی بڑی تعداد میں قتل کے نتیجے میں کوئی خاص تعلیم یا عبرت ظاہر ہوتی، لیکن جب قرآن میں محض مختصر سا ذکر آیا، تو صاف ظاہر ہے کہ قتل عام کا قصہ محض بعد کی داستان سرائی ہے۔
اب آتے ہیں اس روایت کے ردّ کی وجوہات کی طرف:
(اول) جیسا کہ اوپر بیان ہوا، قرآن میں اس واقعہ کی طرف صرف ایک مختصر اشارہ ہے، اور کہیں بھی بڑی تعداد کے قتل کا ذکر نہیں۔ جنگ کے سیاق میں یہ آیت صرف اُن سے متعلق ہے جو لڑائی میں شریک تھے۔ قرآن ہی واحد تاریخی ماخذ ہے جسے محدث و مورخ بلا تردد و شبہ قبول کرتا ہے۔ یہ معاصر نص ہے، اور قوی ترین دلائل کے مطابق یہی صحیح روایت ہے۔
(دوم) اسلام کا اصول یہ ہے کہ سزا صرف اُن لوگوں کو دی جائے جو بغاوت یا فتنہ کے مرتکب ہوں۔
(سوم) اتنی بڑی تعداد میں قتل کرنا عدلِ اسلامی اور شریعت کے بنیادی اُصولوں کے خلاف ہے، خصوصاً قرآن کی اس تعلیم کے منافی ہے: ’’کوئی جان دوسری جان کا بوجھ نہیں اُٹھائے گی۔‘‘²² یہ واضح ہے کہ واقعے میں صرف چند سرکردہ لوگ شامل تھے، جو معروف و معین تھے۔ ان کے نام بھی بیان کیے گئے ہیں۔
(چہارم) اسی طرح یہ واقعہ اس قرآنی اصول کے بھی خلاف ہے جو قیدیوں کے بارے میں بیان ہوا ہے: یا تو اُنہیں آزاد کیا جائے یا فدیہ کے بدلے چھوڑا جائے۔²³
(پنجم) یہ بات بعید از عقل ہے کہ بنو قریظہ کو اس طرح قتلِ عام کا نشانہ بنایا گیا ہو جبکہ وہ یہودی قبائل جو بنو قریظہ سے پہلے اور بعد میں تسلیم ہوکر ہتھیار ڈال چکے تھے، اُن کے ساتھ نہایت نرمی اور درگزر کا برتاؤ کیا گیا۔ واقعہ یہ ہے کہ ابو عبید بن سَلّام اپنی کتاب کتاب الأموال²⁴ میں روایت کرتے ہیں کہ جب خیبر فتح ہوا تو وہاں کے باشندوں میں ایک ایسا قبیلہ بھی تھا جو رسولِ اکرم ﷺ کے خلاف سخت اور بےباک زبان استعمال کرنے میں مشہور تھا۔ اس کے باوجود نبی کریم ﷺ نے اُنہیں صرف اس قدر عتاب فرمایا: ’’اے ابو الحُقَیق کے بیٹو! میں جانتا ہوں کہ تمہاری دشمنی خدا اور اُس کے رسول کے ساتھ کس حد تک پہنچی ہوئی ہے، مگر اس کے باوجود میں تمہارے ساتھ ویسا سلوک نہیں کرتا جیسا تمہارے بھائیوں کے ساتھ کیا گیا تھا۔‘‘ یہ کلمات بنو قریظہ کے بعد کے واقعے سے متعلق ہیں۔
(ششم) اگر واقعی اتنے سیکڑوں افراد کو قتل کیا گیا ہوتا اور بازار میں اجتماعی طور پر خندقیں کھود کر ان میں قتل و دفن کیا گیا ہوتا، تو یقیناً اُس کا کوئی نہ کوئی نشان یا حوالہ آج تک باقی رہتا، یعنی کوئی لفظ، کوئی جگہ، یا کوئی اشارہ جو اُس مقام کی طرف رہنمائی کرتا۔ مگر تاریخ میں اس کی کوئی علامت موجود نہیں۔²⁵
(ہفتم) اگر یہ قتلِ عام واقعۃً پیش آیا ہوتا، تو فقہاء اور علماء نے اُسے ایک شرعی نظیر کے طور پر قبول کیا ہوتا۔ مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔ فقہاء کے فتاویٰ اور اُن کا طرزِ عمل ہمیشہ اس قرآنی اصول کے مطابق رہا ہے کہ ’’کوئی جان دوسری جان کا بوجھ نہیں اُٹھائے گی۔‘‘
واقعہ یہ ہے کہ ابو عبید بن سَلّام اپنی کتاب الأموال²⁶ میں ایک نہایت اہم واقعہ بیان کرتے ہیں جو قابلِ توجہ ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ امام الاوزاعی کے زمانے میں لبنان کے علاقے میں ایک مقدمہ پیش آیا جہاں عبداللہ بن علی اہلِ کتاب کے ایک گروہ سے بدلہ لینے پر تُلا ہوا تھا۔ امام الاوزاعیؒ، جو اُس وقت شام کے ممتاز فقیہ تھے، فوراً اس اقدام پر معترض ہوئے۔ اُن کا استدلال یہ تھا کہ یہ معاملہ پوری امت کے اجماع کے خلاف ہے۔ انہوں نے فرمایا: ’’جہاں تک میرا علم ہے، یہ اللہ کا قانون نہیں کہ چند کے جرم کی سزا سب کو دی جائے۔‘‘
اب اگر امام الاوزاعیؒ بنو قریظہ کے قتلِ عام کی روایت کو درست مانتے، تو وہ اسے ایک شرعی نظیر قرار دیتے، اور اس موقع پر دلیل کے طور پر پیش کرتے۔ لیکن ایسا نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ امام الاوزاعیؒ، ابنِ اسحاق کے ہم عصر تھے مگر ان سے قدرے کم عمر تھے۔
(ہشتم) بنو قریظہ کے واقعے میں بھی چند مخصوص افراد کے نام ملتے ہیں جنہیں سزائے موت دی گئی، اور ان میں سے بعض اپنی سخت دشمنی اور عداوت میں معروف تھے۔ یہ امر قرینِ قیاس ہے کہ وہی لوگ تھے جنہوں نے بغاوت کی قیادت کی اور اسی وجہ سے انہیں سزا دی گئی، نہ کہ پوری قبیلے کو موت کے گھاٹ اتارا گیا۔
(نہم) اس واقعہ کی تفصیلات صاف ظاہر کرتی ہیں کہ یہ روایات اندرونی معلومات پر مبنی ہیں، یعنی اُن یہودیوں کی طرف سے جو خود اس واقعے کے فریق تھے۔ جیسے کہ محاصرہ کے وقت اُن کی باہمی مشاورت کا بیان، کعب بن اسد کی تقریر بطور سردار، اور اُن کا یہ مشورہ کہ اپنی عورتوں اور بچوں کو قتل کر کے مسلمانوں پر آخری حملہ کیا جائے۔ یہ سب اندرونی نوعیت کی باتیں ہیں جو کسی غیر کو معلوم نہیں ہوسکتیں۔
(دہم) جس طرح بنو قریظہ کی نسلوں نے اپنے آباء و اجداد کے کارنامے فخر کے ساتھ بیان کیے، اسی طرح اہلِ مدینہ کے بعض خاندان بھی اُس فیصلے کے ساتھ اپنی نسبت پر فخر کرتے تھے۔ مثلاً وہ روایت جو سعد بن معاذ کے فیصلے سے متعلق ہے، ابنِ اسحاق نے اُس کے ایک براہِ راست نسبی وارث سے نقل کی ہے۔ اس روایت کے مطابق نبی کریم ﷺ نے معاذ سے فرمایا:
’’تم نے اُن پر خدا کا فیصلہ سنایا ہے جو سات پردوں کے پیچھے سے الہام ہوا۔‘‘²⁸
اب یہ بات معروف ہے کہ ابتدائی دور میں اپنے آباء و اجداد کی مدح سرائی یا اُن کے دامن سے عیب دور کرنے کی خاطر بہت سی داستانیں گھڑی گئیں، اور بعد کے ادوار میں اُن پر اشعار و اقوال تراشے گئے۔ ابنِ اسحاق کی روایت کردہ سعد بن معاذ کی یہ کہانی بھی انہی گھڑی ہوئی روایات میں سے ایک ہے۔
(یازدہم) دیگر تفصیلات بھی ناقابلِ قبول ہیں۔ مثال کے طور پر، یہ بات کس طرح ممکن ہے کہ سینکڑوں افراد کو ایک عورت کے مکان میں قید رکھا گیا ہو جو بنو نجار سے تعلق رکھتی تھی؟²⁹
(دوازدہم) اسلام کے قیام کے بعد یہودی قبائل کی تاریخ بھی ابہام کا شکار ہے۔ یہ تصور کہ وہ سب ایک ہی وقت میں مدینہ سے نکل گئے تھے، تحقیق کا متقاضی ہے۔ جب مصادر کا مطالعہ کیا جائے تو حقیقت مختلف نظر آتی ہے۔ مثلاً ابنِ حزم اپنی کتاب جمهرۃ الانساب³⁰ میں دو مقامات پر لکھتے ہیں کہ نبی ﷺ کے زمانے میں، خیبر کے سفر کے وقت، مدینہ میں یہود موجود تھے، یعنی اُس وقت جب بظاہر تینوں قبائل، بشمول بنو قریظہ، ختم کیے جا چکے تھے۔
ایک روایت میں آتا ہے کہ کچھ مدنی یہود نبی ﷺ کے ساتھ خیبر کے سفر میں شریک بھی ہوئے۔ دوسری روایت کے مطابق وہ یہود جنہوں نے نبی ﷺ سے صلح کرلی تھی، اس مہم کے وقت سخت فکرمند تھے، اور مسلمانوں کے مقروض افراد کو جانے سے روکنے کی کوشش کرتے تھے۔ الواقدی³¹ بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے کسی مسلمان کو جانے سے روکا تاکہ اُن کا قرض ادا ہوسکے۔
اسی ضمن میں امام ابنِ کثیر³² وضاحت کرتے ہیں کہ خلیفہ عمرؓ نے صرف اُن یہودیوں کو نکالا جنہوں نے نبی ﷺ کے ساتھ صلح نہیں کی تھی۔ وہ مزید فرماتے ہیں کہ ۳۰۰ ہجری کے بعد خیبر کے یہود نے ایک دستاویز دکھائی، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ نبی ﷺ کی طرف سے ہے، اور اس کے مطابق اُنہیں جزیہ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا۔ مگر علماء نے ثابت کیا کہ یہ جعلی تحریر ہے۔ اس میں اُن اشخاص کے نام درج تھے جو اُس وقت تک فوت ہوچکے تھے، اُس میں ایسے فقہی اصطلاحات استعمال ہوئی تھیں جو بعد کے زمانے میں رائج ہوئیں، اور یہ بھی کہا گیا کہ اس پر حضرت معاویہ بن ابی سفیان (رض) کے دستخط ہیں، حالانکہ وہ اُس وقت اسلام قبول بھی نہیں کیے تھے۔ پس، اس ناقابلِ قبول داستانِ قتلِ عام کا اصل سرچشمہ مدینہ کے اُن یہودیوں کی نسلیں تھیں جن سے ابنِ اسحاق نے یہ ’’عجیب و غریب حکایات‘‘ اخذ کیں۔ انہی روایتوں پر محدثین و مؤرخین نے شدید تنقید کی، یہاں تک کہ امام مالکؒ نے ابنِ اسحاق کو جعل ساز قرار دیا۔ یوں اس قصے کے ماخذ نہایت مشکوک ہیں، اور اس کی تفصیلات اسلامی تعلیمات اور قرآنی اصولوں سے صریحاً متصادم ہیں۔ نہ اس کی کوئی معتبر سند موجود ہے، نہ حالات و قرائن اس کی تائید کرتے ہیں۔ پس یہ قصہ اپنے مضمون اور منبع دونوں اعتبار سے محلِّ شک و شبہ ہے۔
تاہم، میرے نزدیک اس قصے کی جڑیں قدیم یہودی تاریخ کے اُن واقعات میں پیوستہ ہیں جو رومیوں کے خلاف یہودیوں کی بغاوت کے زمانے میں پیش آئے۔ قرائن اس امر پر دلالت کرتے ہیں کہ یہ روایت دراصل انہی سانحات کا پرتو ہے جو سنہ ۷۳ عیسوی میں ہیکلِ سلیمانی کی تباہی، یہودی جوشیلوں اور ’’سِکاریوں‘‘ کے قلعۂ مسادا کی طرف فرار، اور وہاں ان کے مکمل خاتمے پر منتج ہوئے۔ اُن واقعات کے کچھ بچے کھچے افراد نے جب جنوبی علاقوں کی راہ لی تو یہ داستانیں بھی ان کے ساتھ منتقل ہوئیں۔ حقیقت میں، مدینہ کے یہودیوں کی اصل کے بارے میں زیادہ قرینِ قیاس نظریہ یہ ہے کہ وہ انہی جنگوں کے بعد یہاں آ بسے، اور یہی نظریہ مرحوم پروفیسر گیوم³³ نے بھی ترجیح دیا۔
یہ امر معلوم و مسلم ہے کہ یہودی جنگوں کی تفصیلات کا سب سے مستند ماخذ فلاویس جوسیفس ہے، جو خود ایک یہودی اور عینی شاہد تھا۔ اُس نے اگرچہ رومیوں کے زیرِ حکم خدمت اختیار کی اور باغیوں کے طرزِ عمل کو ناپسند کیا، تاہم دل سے یہودی عقیدے کا وفادار رہا۔ اسی کی تحریروں میں وہ تمام تفصیلات ملتی ہیں جو سیرتِ نبوی کی ان روایات سے حد درجہ مشابہ ہیں جن میں یہودیوں کے اعمال اور اُن کی مزاحمت کا ذکر ہے, فرق صرف یہ ہے کہ جوسیفس کے بیانات میں وہ واقعات یہودیوں سے منسوب ہیں، جب کہ سیرت میں اُن کی نسبت مسلمانوں کی طرف کردی گئی ہے۔
اگر ہم بنو قریظہ کی کہانی کو غور سے دیکھیں، جیسا کہ اُن کی نسلوں نے بیان کیا، تو جوسیفس کی روایت میں درج ذیل مماثلتیں نمایاں طور پر دکھائی دیتی ہیں:
(پہلا نکتہ) جوسیفس³⁴ کے مطابق، بادشاہ الیگزینڈر، جو ہیرودِ اعظم سے قبل یروشلم پر حکمران تھا، اُس نے آٹھ سو (۸۰۰) یہودی قیدیوں کو صلیب پر چڑھوایا اور اُن کی بیویوں اور بچوں کو اُن کی آنکھوں کے سامنے ذبح کر دیا۔
(دوسرا نکتہ) اسی طرح، دیگر مواقع پر بھی بہت بڑی تعداد میں لوگ دوسروں کے ہاتھوں ہلاک کیے گئے۔
(تیسرا نکتہ) دونوں واقعات کی تفصیلات حیرت انگیز طور پر ایک دوسرے سے مشابہ ہیں، بالخصوص مقتولین کی تعداد کے لحاظ سے۔ مسادا میں قتل ہونے والوں کی کل تعداد ۹۶۰ تھی³⁵، جبکہ جوشیلہ فرقۂ ’’سِکاری‘‘ کے مقتولین کی تعداد ۶۰۰ تھی³⁶۔ مزید برآں، جوسیفس لکھتا ہے کہ جب وہ مایوسی کی آخری حد تک پہنچ گئے تو اُن کے رہنما الیعزر نے اُنہیں خطاب کیا — بعینہٖ ویسے ہی جیسے کعب بن اسد نے بنو قریظہ کو خطاب کیا تھا³⁷ — اور انہیں تلقین کی کہ وہ اپنی عورتوں اور بچوں کو قتل کریں تاکہ آخری معرکے میں بےفکری سے لڑ سکیں۔ یوں آخری مرحلے پر اجتماعی خودکشی کا منصوبہ پیش کیا گیا۔
یہ مشابہتیں اس قدر نمایاں ہیں کہ ان کا انکار ممکن نہیں۔ نہ صرف اجتماعی خودکشی کی تجویز دونوں میں مشترک ہے بلکہ مقتولین کی تعداد بھی تقریباً یکساں ہے۔ حتیٰ کہ دونوں بیانات میں ناموں کی مماثلت تک پائی جاتی ہے, جیسے فینیس اور آزر بن آزر³⁸ بالکل ویسے ہی جیسے الیعزر نے قلعۂ مسادا میں محصور یہودیوں سے خطاب کیا تھا۔
درحقیقت، یہاں صرف مشابہت نہیں پائی جاتی بلکہ اصل ماخذ کی جھلک نمایاں ہے۔ میرا رجحان اس جانب ہے کہ یہی قصہ دراصل بنی قریظہ کی روایت کی جڑ ہے، جسے اُن یہودیوں کی نسل نے محفوظ رکھا جو یہودی جنگوں کے بعد جنوب کی طرف عرب میں منتقل ہوگئے، بالکل اُسی طرح جیسے یوسیفس نے اسی داستان کو کلاسیکی دنیا کے لیے قلمبند کیا۔ ان ہجرت کرنے والوں کی بعد کی نسل نے مسادا کے محاصرے کی تفصیلات کو بنی قریظہ کے محاصرے کی کہانی میں شامل کر دیا، شاید اس وجہ سے کہ اُن کے بعید ماضی کی یادیں اُن کی نسبتاً قریب تر تاریخ کی روایات سے گڈمڈ ہوگئیں۔ اسی امتزاج نے وہ قصہ پیدا کیا جسے بعد ازاں ابن اسحاق نے بیان کیا۔
جب مسلم مؤرخین نے اس روایت کو یا تو نظرانداز کیا یا محض سرد تاثرات کے ساتھ نقل کر دیا، تو دراصل وہ اسی عجیب و غریب کہانی کے بارے میں اپنی غیر دل چسپی کا اظہار کر رہے تھے, جیسا کہ ابن حجر نے بھی اسے ’’عجیب‘‘ کہہ کر یاد کیا۔
آخر میں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ جب یہ سطور پہلی مرتبہ لکھی گئیں، اُس کے بعد مجھے ڈاکٹر ٹروڈ وائس-روزمارین کے ایک مقالے کی اطلاعات موصول ہوئیں جو اگست 1973 میں عالمی کانگریس برائے یہودی مطالعہ جات میں پیش کیا گیا (39)۔ اس مقالے میں انہوں نے یوسیفس کے اس دعوے کو چیلنج کیا کہ مسادا میں محصور 960 یہودیوں نے خودکشی کی تھی۔ یہ امر نہایت دلچسپ ہے، کیونکہ بنی قریظہ کی روایت میں بھی تقریباً 960 یہودیوں نے خودکشی سے انکار کیا تھا۔ کون جانے، شاید بنی قریظہ کی کہانی ہی اصل روایت کی زیادہ درست اور فطری صورت ہو۔
حواشی:
١) ابن اسحاق، سیرۃ (ایڈ. وسٹنفیلڈ، گوٹنگن، 1860)، 545-7؛ (ایڈ. سقا و دیگر، قاہرہ، 1955)، دوم، 47۔ نیز دیکھیں: الواقدی، کتاب المغازی (ایڈ. ایم۔ جونز، لندن، 1966)، دوم، 440 ف؛ سہیلی، الروض الانف (قاہرہ، 1914)، اول، 187 وغیرہ؛ ابن کثیر، السیرۃ النبویہ (ایڈ. مصطفی عبد الواحد، قاہرہ، 1384ھ/1964)، اول، 51 وغیرہ۔
٢) سیرۃ، 545-56، 652-61/دوم، 51-7، 190-202؛ ابن کثیر، حوالہ سابق، سوم، 145 ف۔
٣) سیرۃ، 756 ف، 779/دوم، 328-35، 356، وغیرہ۔ مزید خیبر پر بحث آگے آئے گی۔
٤) حوالہ سابق، 776/دوم، 353-4۔
٥) حوالہ سابق، 668-84/دوم، 214-33۔
٦) حوالہ سابق، 684-700/دوم، 233-54۔
٧) حوالہ سابق، 689/دوم، 240؛ عیون الأثر (قاہرہ، 1356ھ)، دوم، 73؛ ابن کثیر، سوم، 239۔
٨) اپنے مقدمہ میں ’عیون الاثار‘ (جلد اول، صفحہ 7) پر، ابن سید الناس (وفات 734 ہجری)، جب انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی سیرت لکھنے کے اپنے منصوبے کی وضاحت کی، واضح طور پر بیان کیا کہ ان کا سب سے بڑا ماخذ ابن اسحاق تھا، جو واقعی سب کے لیے بنیادی ماخذ تھے۔
٩) ’تہذیب التہذیب‘ (جلد نہم، صفحہ 45)۔ نیز دیکھیں ’عیون الاثار‘ (جلد اول، صفحہ 17)، جہاں مصنف اپنے مقدمہ میں ابن اسحاق کی صداقت اور ان کے اپنائے گئے معیار کے بارے میں وہی الفاظ بغیر حوالہ دیے استعمال کرتے ہیں۔
١٠) وفات 179۔
١١) عیون الاثار، جلد اول، صفحہ 12۔
١٢) وہی، جلد اول، صفحہ 16۔
١٣) سیرۃ، صفحات 691-2/جلد دوم، صفحات 242، 244؛ عیون الاثار، جلد دوم، صفحات 74، 75۔
١٤) ابن سید الناس، حوالہ سابق، اول، 121؛ دیکھیں کہ وہ بنو قینقاع کے قصے میں اس اصول کو کس طرح بیان کرتے ہیں۔
١٥) حوالہ سابق، نوٹ 18۔
١٦) طبری، تاریخ، I، 1499؛ زاد المعاد (ایڈ. ٹی۔ اے۔ طحا، قاہرہ، 1970)، ٢، 82؛ ابن کثیر، حوالہ سابق، ٤، 118۔
١٧) اس پر مزید کے لیے دیکھیں: عرافات، "سیرت پر اولین تنقیدات"، ٢١، 3، 1958، 453-63۔
۱۸) کذّاب اور دجّال من الدجاجلہ۔
۱۹) عیون الأثر، جلد اول، صفحات ۱۶-۱۷۔ ابن سید الناس نے اپنے قیمتی مقدمے میں ابن اسحاق کے بارے میں متنازع آراء کا جامع جائزہ پیش کیا ہے۔ سیرت کی گوٹنگن ایڈیشن کے اپنے مکمل مقدمے میں ویوسٹن فیلڈ نے بھی ابن سید الناس سے بھرپور استفادہ کیا ہے۔
۲۰) تہذیب التہذیب، جلد ۹، صفحہ ۴۵۔ نیز دیکھیں: عیون الأثر، جلد اول، صفحات ۱۶-۱۷۔
۲۱) ایضاً۔
۲۲) قرآن، سورۃ فاطر، آیت ۱۸۔
۲۳) قرآن، سورۃ فصلت، آیت ۴۔
۲۴) ایڈ۔ خلیل محمد حراس، قاہرہ، ۱۳۸۸/۱۹۶۸، ۲۴۱۔
۲۵) اہم بات یہ ہے کہ عام یا خاص جغرافیائی لغات میں بہت کم یا کوئی معلومات نہیں ملتی، جیسے البکری کی معجم ما استعجم؛ یاقوت کی معجم؛ الفیروزآبادی کی المغانم المتابہ فی معالم طابہ (ایڈ۔ حمد الجاسر، دار الیمامہ، ۱۳۸۹/۱۹۶۹)؛ چھ رسائل (رسائل فی تاریخ المدینہ، ایڈ۔ حمد الجاسر، دار الیمامہ، ۱۳۹۲/۱۹۷۲)؛ السمہودی، وفاء الوفاء بأخبار دار المصطفیٰ (قاہرہ، ۱۳۲۶) وغیرہ۔ حتیٰ کہ السمہودی بھی بظاہر اس بازار کے ذکر کو صرف ایک تاریخی حوالہ سمجھتے ہیں، کیونکہ اپنی مدینہ کی وسیع تاریخی جغرافیہ میں وہ بازار (صفحہ ۵۴۴) کو تقریباً غیر رسمی طور پر اس وقت شناخت کرتے ہیں جب وہ متصل نشانات پر آنے والی ناموں کی تبدیلی کی وضاحت کر رہے ہوتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ وہی بازار ہے جس کی طرف اس روایت (سِق) میں اشارہ ہے کہ نبی کریم نے بنو قریظہ کے قیدیوں کو مدینہ کے بازار میں لایا تھا وغیرہ۔
۲۶) صفحہ ۲۴۷۔ میں اپنے دوست پروفیسر محمود غُل (امریکن یونیورسٹی، بیروت) کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری توجہ اس حوالہ کی طرف دلائی۔
۲۷) د۔ ۱۵۷/۷۷۴۔ دیکھئے ای بارہ، زیرِ نام۔
٢٨) سیرۃ، ۶۸۹/۲، ۲۴۰؛ الواقدی، حوالہ مذکورہ، ۵۱۲۔
۲۹) سیرۃ، ۶۸۹/۲، ۲۴۰؛ ابن کثیر، حوالہ مذکورہ، ۳/۲۳۸۔
۳۰) مثلاً، نسب قریش (ترتیب: اے۔ ایس۔ ہارون، قاہرہ، ۱۹۶۲)، ۳۴۰۔
۳۱) حوالہ مذکورہ، ۲/۶۳۴، ۶۸۴۔
۳۲) حوالہ مذکورہ، ۳/۴۱۵۔
٣٣) ) اے۔ گیوم، اسلام (ہارمنڈس ورتھ، ۱۹۵۶ء)، ص ۱۰–۱۱۔
٣٤) ڈی بیلو جیوڈائیکو، کتاب اول، باب ۴، جزء ۶۔
٣٥) حوالہ مذکور، کتاب ہفتم، باب ۹، جزء ۱۔
٣٦) حوالہ مذکور، کتاب ہفتم، باب ۱۰، جزء ۱۔
٣٧) سیرۃ، صفحات ۶۸۵–۶ / جلد دوم، صفحات ۲۳۵–۲۳۶۔
٣٨) سیرۃ، صفحات ۳۵۲، ۳۹۶ / جلد اول، صفحات ۵۱۴، ۵۶۷۔
٣٩) دی ٹائمز، 18 اگست 1973؛ دی گارڈین، 20 اگست 1973
نوٹ
یہ نیا علمی انکشاف نہیں ہے کتاب رسول اکرم اور یہود حجاز از سید برکات احمد مترجم مشیر الحق مطبوعہ ۱۹۸۵ کے صفحات ۱۳۶ سے ۱۴۷ ميں يہ نقطہ نظر موجود ہے -