طہ حسین: ادب عربی کا سربراہ اور عظیم مفکر و سخن پرداز

مصنف : اسد اللہ امير الحسنی

سلسلہ : شخصیات

شمارہ : اگست 2024

شخصيات

طہ حسین: ادب عربی کا سربراہ اور عظیم مفکر و سخن پرداز

اسداللہ مير الحسنی

طہ حسین (1889-1973) مصر کے ایک عظیم ادیب، مفکر اور سخن ور تھے۔ جنہوں نے بیسویں صدی کے عربی ادب میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی ادبی صلاحیتوں اور فکری بصیرت نے انہیں عربی ادب کی دنیا میں ایک ممتاز مقام دلایا۔ ان کی علمی اور تخلیقی خدمات کے اعتراف میں انہیں "ادب عربی کا سربراہ" کے لقب سے نوازا گیا۔ ان کی سب سے مشہور تخلیق "الأيام" ہے، جو ان کی خود نوشت سوانح عمری ہے۔ یہ کتاب 1997 میں انگریزی میں ترجمہ ہو کر عالمی ادب میں اپنی جگہ بنا چکی ہے، اور آج بھی ادبی دنیا میں ایک قیمتی اثاثے کے طور پر دیکھی جاتی ہے۔

طہ حسین کا جنم نومبر 1889 میں مصر کے صوبہ المنیا کے گاؤں "الكيلو" میں ہوا۔ ان کا تعلق ایک متوسط طبقے کے غریب خاندان سے تھا اور وہ 13 بچوں میں ساتویں نمبر پر تھے۔ ان کے والد حسین علی، صعید مصر میں ایک چھوٹے درجے کے ملازم تھے۔ چار سال کی عمر میں رمد کی وجہ سے بینائی کھو بیٹھے، مگر ان کی ذہانت اور یادداشت نے انہیں ممتاز بنایا۔ ابتدائی تعلیم انہوں نے ایک مدرسے سے حاصل کی اور 1902 میں جامعہ ازہر قاہرہ میں داخلہ لیا، جہاں انہوں نے نحو، فقہ اور بلاغت میں مہارت حاصل کی اور شیخ محمد عبده کے دروس سے متاثر ہوئے۔ 1908 میں انہوں نے جامعہ قاہرہ میں داخلہ لیا اور 1914 میں اپنی تحقیق "ابوالعلا معری" پر ڈاکٹریٹ حاصل کی۔

1918 میں، طہ حسین نے جامعہ سوربون سے دوسری ڈاکٹریٹ کی ڈگری ابن خلدون پر تحقیق کے لیے حاصل کی۔ 1919 میں انہوں نے رومانیہ کی تہذیب میں ڈپلومہ حاصل کیا اور تاریخ پڑھانے کے لیے سوربون بھیجا گیا۔ جلد ہی انہوں نے محسوس کیا کہ علمی ڈگریاں تب تک کوئی معنی نہیں رکھتیں جب تک کہ وہ ثقافت کی مضبوط بنیاد پر نہ ہوں، اور اس کا واحد طریقہ "بیچلر" کی تیاری تھی۔ 1917 میں "تاریخ میں بیچلر" کی ڈگری حاصل کی اور وہ پہلے مصری طالب علم تھے جنہوں نے فرانسیسی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لیٹرز سے یہ ڈگری حاصل کی۔اسی دوران انہوں نے ایک "ڈاکٹریٹ کے تھیسس" پر کام کیا، جس کا موضوع تھا: "ابن خلدون کی سماجی فلسفے کا تجزیاتی اور تنقیدی مطالعہ" (Etude analytique et critique de la philosophie sociale d'Ibn Khaldoun)۔ ڈاکٹریٹ کے امتحان سے فارغ ہونے کے فوراً بعد انہوں نے "اعلی تعلیم کے ڈپلومے" (Diplôme d'Etudes Superieures) کے حصول کے لیے تیاری کی۔انہیں ان کے استاد نے ایک موضوع تجویز کیا: " تباریس کے دور میں، ان صوبائی حکام کے خلاف مقدمے جو رومانی عوام کی عظمت کو مجروح کرنے کے مرتکب ہوئے"۔ انہوں نے اس موضوع کو قبول کیا اور صبر و تحمل کے ساتھ تحقیق کی اور کامیابی کے ساتھ 1919 میں اس پر بحث کی۔

1919 میں طہ حسین وطن واپس آئے اور مصری یونیورسٹی نے انہیں فوراً قدیم تاریخ (یونانی اور رومی) کا استاد مقرر کیا۔ انہوں نے چھ سال تک (1919-1925) یہ مضمون پڑھایا۔ 1925 میں مصری یونیورسٹی حکومت کی ملکیت بن گئی۔ طہ حسین کو فیکلٹی آف لیٹرز میں عربی ادب کی تاریخ کا استاد مقرر کیا گیا۔ اس وقت سے لے کر 1952 تک انہوں نے علمی، انتظامی اور سیاسی مناصب سنبھالے۔ 1942 میں، وہ وزیر تعلیم کے مشیر بنے، پھر اسکندریہ یونیورسٹی کے صدر مقرر ہوئے، اور 16 اکتوبر 1944 کو ریٹائرڈ ہونے تک اسی عہدے پر رہے۔ اس کے بعد 13 جنوری 1950 کو پہلی بار وزیر تعلیم بنے، اور یہ ان کی آخری حکومتی ذمہ داری تھی۔ اس کے بعد، 1973 میں وفات تک، انہوں نے علمی کاموں اور مختلف علمی جماعتوں میں سرگرمیاں جاری رکھیں جن کا وہ مصر اور بیرون ملک حصہ تھے۔

طہ حسین کی ادبی خصوصیات میں موسیقی، بدیعیات اور ترکیبی اسلوب شامل ہیں۔ ان کے الفاظ میں موسیقی کی لطافت اور نغمگی کے عناصر پائے جاتے ہیں، جن کی مدد سے انہوں نے معانی کی خوبصورتی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے عربی ادبیات میں قرآن کی زبان اور اسلوب سے متاثر ہو کر اپنی تحریروں میں گہرائی پیدا کی۔

طہ حسین نے سوزان سے محبت کی، جو پہلی نظر میں ہی تھی، ان کی شادی مضبوط رہی، جس میں محبت کبھی مدھم نہیں ہوئی اور نہ ہی دونوں میں سے کوئی ایک دوسرے کی حمایت اور مدد سے باز آیا۔ انہوں نے قومیت اور مذہب کے اختلاف جیسی کئی رکاوٹوں کو چیلنج کیا اور ایک طویل اور غیر روایتی سفر میں زندگی کی مشکلات پر قابو پایا۔سوزان اور طہ حسین کی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ فرانس میں تعلیم کے لیے آئے تھے، خاص طور پر 1915 میں، جب طہ حسین ایک نابینا مصری نوجوان تھا جسے اعلیٰ تعلیم کے لیے فرانس بھیجا گیا تھا۔ طہ حسین کو کتب اور مراجع پڑھنے کے لیے کسی کی ضرورت تھی، سوزان نے یہ ذمہ داری اٹھائی، انہوں نے طہ حسین کو پڑھ کر سنایا یہاں تک کہ ان کی شادی ہوئی اور 1973 میں طہ حسین کی وفات تک یہ سلسلہ جاری رہا۔سوزان کی ابتدائی دلچسپی طہ حسین کے فکر سے تھی، جس نے اسے مدد کرنے اور کتب پڑھنے پر آمادہ کیا۔ یہ دوستی ایک آسمانی رشتہ تھا، جو صرف صاف دلوں اور محبت کے متلاشی ذہن ہی سمجھ سکتے ہیں۔ اس وقت طہ حسین انہیں "میری دوست" کہتا تھا، اور وہ نہیں جانتا تھا کہ یہ دوستی دراصل ایک گہری محبت ہے جو آسمان کی مسافت کے برابر ہے اور اس کی قریب ترین حد نظر اور جذبے کے قریب ہے۔طہ حسین نے سوزان سے اپنی محبت کا اقرار کیا، لیکن سوزان کے لیے یہ بات آسان نہیں تھی، کیونکہ وہ عقل کی روشنی میں سمجھتی تھی کہ ایک نابینا شخص سے شادی کیسے کی جائے۔ اس نے طہ حسین سے کہا کہ وہ اس سے محبت نہیں کرتی اور دور چلی گئی، مگر اس کے دل میں ایک ایسا احساس تھا جس نے اس کی سوچ بدل دی۔ سوزان نے یہ سمجھا کہ دل کی طاقت عقل سے زیادہ ہوتی ہے اور دل کے اپنے راستے اور اصول ہوتے ہیں۔سوزان نے اپنے خاندان کو طہ حسین سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا، جو ایک مختلف ماحول اور پس منظر سے آیا تھا، اس کا نابینا ہونا بھی تھا۔ اس کے خاندان نے شدید اعتراض کیا، اس شادی کو قبول کرنے اور اس کی تائید حاصل کرنے کی کوششیں جاری رہیں۔ سوزان کے چچا "پادری" نے طہ حسین سے ملاقات کی اور ان سے متاثر ہوا اور اس نے اپنے خاندان کو اس شادی کے حق میں قائل کیا، جس کے نتیجے میں شادی انجام کو پہنچی۔طہ حسین نے سوزان کو لکھا:"تمہارے بغیر مجھے واقعی نابینائی محسوس ہوتی ہے، لیکن جب میں تمہارے ساتھ ہوں تو میں ہر چیز کو محسوس کر پاتا ہوں" یہ خوبصورت جملہ جو محبت، گہرائی اور سچائی کو ظاہر کرتا ہے، طہ حسین نے اپنی بیوی کو لکھا، جس میں اس نے ظاہر کیا کہ سوزان اس کی زندگی میں کتنی منفرد تھی۔ طہ حسین اور اس کی بیوی کی محبت بھری اور مخلصانہ تعلقات موت تک برقرار رہے۔

ابتدا میں طہ حسین نے یونانی ثقافت سے متاثر ہو کر کئی کتابیں لکھیں، جیسے "صفحات مختارہ" اور "النظام الأثيني"۔ بعد میں، انہوں نے اسلامیات پر لکھا اور اسلام کے دفاع میں کام کیا۔ ان کے فکری سفر کے چار اہم مراحل تھے:

1. پہلا مرحلہ (1908-1914): مصر کی ثقافتی شناخت کے حوالے سے متردد تھے۔

2. دوسرا مرحلہ (1914-1932): مغرب سے شدید متاثر رہے اور اسلامی مقدسات پر شک و شبہات کا اظہار کیا۔

3. تیسرا مرحلہ (1932-1952): اسلام کی جامعیت اور مملکت اسلامیہ کے دفاع میں کام کیا، مغربی استعماریت پر تنقید کی۔

4. چوتھا مرحلہ (1952-1960): قرآن کی حکمرانی اور عربیت کی اہمیت پر زور دیا۔

ان کی تحریریں فکری اور ثقافتی ترقی کے فروغ کے لیے ہیں۔ انہوں نے عربی زبان کے قواعد اور الفاظ کی حفاظت کے ساتھ ساتھ جدیدیت کی طرف بھی توجہ دی۔ ان کی سب سے مشہور کتابیں :

"الأيام"

"فی الشعر الجاہلی"

"حديث الأربعاء"

"على هامش السيرة"

"تجديد ذكرى أبي العلاء"

"قادة الفكر"

اور "ما وراء النهر" شامل ہیں ۔

مترجم کتب:

- "أوديب وثيسيوس: من أبطال الأساطير اليونانية"

- "نظام الأتينيين"

- "روح التربية"

- "زديج"

- "أندروماك"

- "من الأدب التمثيلي اليوناني"

تحقيق و تعليق

- "كليلة ودمنة"

طہ حسین کی زندگی کے دوران، ان کی کتاب "فی الشعر الجاہلی" نے فکری دنیا میں ایک زبردست طوفان برپا کیا۔ اس کتاب نے عربی ادب کی روایات اور مستند تصورات کو چیلنج کیا، جس کے نتیجے میں انہیں یونیورسٹی کی ملازمت سے برطرف کر دیا گیا اور ان کے خلاف عدالت میں مقدمہ قائم ہوا۔

ان کی وفات کے قریب پچاس سال بعد، طہ حسین کی قبر کے مقام کو ہٹانے اور ان کی باقیات کو مصر سے باہر منتقل کرنے کی باتوں نے ایک نئی لہر پیدا کی۔ اس معاملے نے معاشرتی اور ثقافتی حلقوں میں ایک عظیم خلفشار پیدا کیا، اور طہ حسین کی ادبی اور فکری میراث پر ہونے والے حملوں نے اس بات کو ثابت کیا کہ ان کی شخصیت اور ان کے خیالات آج بھی جذبات اور نظریات کے محاذوں پر متحرک ہیں۔

طہ حسین 28 اکتوبر 1973 کو وفات پا گئے۔ عباس محمود العقاد نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا:"وہ ایک جری اور چیلنج کرنے والے ذہن کے مالک تھے، جنہوں نے قدیم اور جدید کے درمیان ثقافتی حرکت کو ایک محدود دائرے سے نکال کر ایک وسیع اور کھلے مقام تک پہنچایا۔"