سر گنگا رام: "فادر آف لاہور" کون تھے اور ان کے شہر نے انھیں کیوں بُھلا دیا؟

مصنف : عقیل عباس جعفری

سلسلہ : شخصیات

شمارہ : جولائی 2024

شخصيات

سر گنگا رام: "فادر آف لاہور" کون تھے اور ان کے شہر نے انھیں کیوں بُھلا دیا؟

عقیل عباس جعفری

"ہجوم نے رخ بدلا اور سر گنگا رام کے بت پر پل پڑا۔ لاٹھیاں برسائی گئیں، اینٹیں اور پتھر پھینکے گئے۔ ایک نے منہ پر تارکول مل دیا۔ دوسرے نے بہت سے پرانے جوتے جمع کیے اور ان کا ہار بنا کر بت کے گلے میں ڈالنے کے لیے آگے بڑھا۔ مگر پولیس آ گئی اور گولیاں چلنا شروع ہوئیں۔ جوتوں کا ہار پہنانے والا زخمی ہو گیا، چنانچہ مرہم پٹی کے لیے اسے سر گنگا رام ہسپتال میں بھیج دیا گیا۔"

اردو کا کون سا ایسا قاری ہوگا جس نے سعادت حسن منٹو کی اس مختصر، سادہ اور پرکار کہانی کو نہ پڑھا ہو اور جس کے سینے پر اس کہانی کا نقش ثبت نہ ہو۔ منٹو واقعی قلم سے خنجر کا کام لیتے تھے۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ جب میں نے بچپن میں یہ کہانی پہلی بار پڑھی تو مجھے بھی تجسس ہوا تھا کہ سر گنگا رام آخر تھے کون؟کسی نے بتایا کہ انھوں نے لاہور کا سب سے بڑا ہسپتال بنایا تھا۔ خیر یہ تعارف تو کہانی میں بھی موجود تھا، تجسس پھر بھی برقرار رہا۔

لاہور کے بارے میں لکھی جانے والی کتابیں پڑھنی شروع کیں جن میں سے بیشتر تقسیم کے بعد لکھی گئی تھیں۔ حیرت انگیز طور پر ان میں سر گنگا رام کا ذکر موجود نہیں تھا۔ حتیٰ کے لاہور کے موضوع پر سب سے بڑی دستاویز اردو جریدے نقوش کا لاہور نمبر بھی سر گنگا رام کے ذکر سے خالی نظر آیا۔

یہ 1980 کی بات ہوگی۔ میں ایک دن انارکلی لاہور کے پرانی کتابوں کے بازار میں گھوم رہا تھا تو اچانک انگریزی میں لکھی جانے والی بی پی ایل بیدی کی کتاب ‘ہارویسٹ فرام دی ڈیزرٹ: دی لائف اینڈ ورک آف سر گنگا رام‘ (Harvest From The Desert: The Life and Work of Sir Ganga Ram) نظر آئی۔ 1940 میں شائع ہونے والی اس کتاب کی مدد سے سرگنگا رام کے تعارف کا مرحلہ سر ہوا۔ (اب اس کتاب کا اردو ترجمہ سر گنگا رام: صحرا کی فصل کے عنوان سے شائع ہوچکا ہے۔)اس کتاب سے معلوم ہوا کہ لاہور کے مال روڈ کی بیشتر عمارات لاہور ہائی کورٹ، جی پی او، عجائب گھر، نیشنل کالج آف آرٹس، کیتھڈرل سکول، ایچیسن کالج، دیال سنگھ مینشن اور گنگا رام ٹرسٹ بلڈنگ انھی سر گنگا رام کی بنوائی ہوئی ہیں۔ان کے علاوہ گورنمنٹ کالج لاہور کی کیمسٹری لیبارٹری، میو ہسپتال کا البرٹ وکٹر وارڈ، لیڈی میکلیگن ہائی سکول، لیڈی مینارڈ سکول آف انڈسٹریل ٹریننگ، راوی روڈ کا ودیا آشرم اورچند دیگر عمارتیں بھی انہی کی رہین منت ہیں۔ انھی نے 1920 کی دہائی میں ماڈل ٹاؤن لاہور کی پلاننگ کی اور انھی نے مال روڈ کو درختوں سے ٹھنڈک عطا کی جس کی وجہ سے آج بھی پرانے لاہوری مال روڈ کو ٹھنڈی سڑک کہتے ہیں۔

سر گنگا رام کے آباؤ اجداد کا تعلق اترپردیش کے ضلع مظفر نگر سے تھا مگر انیسویں صدی کی چوتھی دہائی کے لگ بھگ وہ ستلج پار کر کے صوبہ پنجاب میں آباد ہوگئے تھے جہاں سکھوں کی حکومت تھی۔ مگر بہت جلد انگریزوں کے بڑھتے ہوئے قدم اس صوبے تک بھی آ پہنچے اور یہ صوبہ بھی انگریزوں کی تسلط میں آگیا۔اس خاندان کے ایک فرد دولت رام نے نئے ماحول میں قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا اور اپنی پروقار شخصیت اور تعلیم کی بدولت پولیس کے محکمے میں جونیئر انسپکٹر کے عہدے پر فائز ہوگیا۔ دولت رام نے شادی کرلی اور منگٹانوالا میں آباد ہوگیا۔ یہ ایک اہم مقام تھا اور یہاں تعیناتی کامیابی کا زینہ سمجھی جاتی تھی۔اسی دوران دولت رام کی ملاقات ایک سادھو سے ہوئی۔ دولت رام کو اس کی شخصیت میں بڑی کشش نظر آئی اور سادھو نے اسے دعا دی کہ واہ گرو تمھیں ایک بیٹا عطا کرے گا اور وہ اپنے دور میں وہی کچھ کر کے دکھائے  جو وکرما دیتا نے اپنے دور میں کیا تھا۔

1851 کا سن تھا اور تاریخ تھی 13 اپریل، جب اس کے گھر ایک بچے نے جنم لیا۔ اس دن سکھوں میں بیساکھی کا تہوار منایا جارہا تھا۔ دولت رام نے اپنے بیٹے کا نام گنگا رام رکھا۔ کچھ عرصے بعد ایک پولیس مقابلے میں دولت رام نے کچھ ڈاکوؤں کو گرفتار کیا۔ ڈاکوؤں کے ساتھیوں نے دولت رام کو دھمکی دی کہ اگر اس نے گرفتار شدگان کو رہا نہ کیا تو وہ اسے بیوی بچے سمیت قتل کردیں گے۔ دولت رام نے فیصلہ کیا کہ اب اسے منگٹانوالا چھوڑ دینا چاہیے چنانچہ راتوں رات اپنے بیوی اور بچے کے ساتھ امرتسر پہنچ گیا۔

امرتسر میں دولت رام کو دوبارہ ملازمت مل گئی۔ گنگا رام کو سکول میں داخل کردیا گیا جہاں اس نے میٹرک تک تعلیم حاصل کی۔ دولت رام نے فیصلہ کیا کہ گنگا رام کو اعلیٰ تعلیم کے لیے لاہور بھیج دیا جائے جہاں نیا قائم ہونے والا گورنمنٹ کالج تعلیم کے شعبے میں شہرت حاصل کررہا تھا۔ 1869 میں گنگا رام گورنمنٹ کالج لاہور کا طالب علم بن گیا۔اسی دوران چند ایسے واقعات پیش آئے جنہوں نے گنگا رام کی سوچ بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔ایک واقعہ تو یہ بیان کیا جاتا ہے کہ وہ ایک دن ایک کنویں میں گر پڑے، اتفاقاً کسی شخص نے انھیں کنویں میں گرتا ہوا دیکھ لیا اور یوں انھیں بچالیا گیا۔ گنگا رام نے اس حادثے کو الہامی اشارے سے تعبیر کیا اور ان کے ذہن میں یہ خیال کوندا کہ انہیں کسی خاص مقصد کے لیے بچایا گیا ہے اور انھیں دنیا میں کوئی اہم کام سر انجام دینا ہے۔

دوسرا واقعہ یہ ہوا کہ وہ ایک دن اپنے ایک رشتہ دار سے ملنے کے لیے اس کے دفتر گئے۔ ان کے یہ رشتے دار ایگزیکٹو انجینئر لاہور کے دفتر میں ملازم تھے۔ گنگا رام تھوڑی دیر تو فرش پر بیٹھے اپنے رشتے دار کا انتظار کرتے رہے پھر فرش کو سخت کرتے ہوئے ایگزیکٹو انجینئر کی کرسی پر جا بیٹھے۔ گنگا رام کے رشتے دار دفتر میں داخل ہوئے تو گنگا رام کو اپنی کرسی پر بیٹھا دیکھ کر اس پر سخت خفا ہوئے اور اسے کرسی خالی کرنے کا حکم دیا۔گنگا رام نے عہد کیا اور گرو سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ اس کرسی کے لیے کیوں اتنے پریشان ہیں میں ایک دن اس کرسی کو سنبھالوں گا اور اس کرسی پر اپنے حق کو ثابت کروں گا۔ نہ جانے یہ قبولیت کی کون سی گھڑی تھی کہ بعد میں گنگا رام 12 سال تک مسلسل اس کرسی پر بیٹھے۔گورنمنٹ کالج سے انٹر کرنے کے بعد گنگا رام روڑکی چلے گئے جہاں انہیں پچاس روپے ماہانہ وظیفے کے ساتھ ہندوستان کے پہلے انجینئرنگ کالج میں داخلہ مل گیا۔

اس کالج کے پرنسپل نے گنگا رام کو غیر معمولی طور پر ذہین طالب علم قرار دیا اور ان کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی۔ 1873 میں گنگا رام نے گولڈ میڈل کے ساتھ انجینئرنگ کا امتحان پاس کیا اور لاہور میں اسسٹنٹ انجینئر کے عہدے پر فائز ہوکر لاہور چلے آئے۔ اب ان کی تنخواہ ڈیڑھ سو روپے ماہانہ تھی۔ ان کی پوسٹنگ پنجاب کے مختلف شہروں میں ہوتی رہی۔ ان شہروں میں گورداس پور، امرتسر اور ڈیرہ غازی خان کے نام شامل ہیں۔ ڈیرہ غازی خان میں گنگا رام کی ملاقات ضلع کے ڈپٹی کمشنر سر رابرٹ سینڈمین سے ہوئی جو بہت جلد گنگا رام کی صلاحیتوں کے معترف بن گئے۔سر رابرٹ سینڈ مین نے گنگا رام کو انجینئرنگ کے شعبے کے علاوہ دیگر خدمات کے لیے بھی موزوں و مناسب جانا اور انھیں واٹر ورکس اور ڈرینج کے شعبے میں تربیت حاصل کرنے کے لیے انگلستان بھیج دیا۔

وطن واپسی پر حکومت ہند نے گنگا رام کو پشاور میں پانی کی فراہمی و نکاسی کے منصوبوں کی ذمہ داری سونپ دی بعدازاں انھیں انبالہ، کرنال اور گوجرانوالہ میں بھی ایسے ہی منصوبوں کی تکمیل کے مواقع ملے۔ دو ہی برس بعد وہ لاہور کے ایگزیکٹو انجینئر بنا دیے گئے۔ یہ وہی عہدہ تھا جس کی کرسی پر بیٹھنے پر ان کے ایک رشتے دار نے انہیں برا بھلا کہا تھا۔ اب گنگا رام کی زندگی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔حکومت پنجاب کی سرپرستی کی وجہ سے سر گنگا رام نے ایک جانب لاہور کو جدید نوآبادیاتی فن تعمیر سے متعارف کروایا اور پوری مال روڈ کو شاندار عمارتوں سے بھر دیا، جن کی تفصیل پہلے بیان کی جا چکی ہے۔ بعد ازاں انھوں نے پنجاب بھر میں زمین کی سیرابی کے لیے متعدد منصوبے تیار کیے اور ہزاروں ایکڑ پر پھیلی خشک زمینیں سونا اگلنے لگیں۔انھوں نے نہر کے پانی کو بلندی تک لے جانے کے لیے پہلی مرتبہ بجلی سے چلنے والی موٹریں استعمال کیں۔ گنگا رام کے اس منصوبے کی بدولت 90 ہزار ایکڑ زمین سیراب ہوئی جو اس وقت کی ہندوستان کی سب سے بڑی زرعی اراضی تھی۔حکومت ہند نے گنگا رام کو رائے بہادر کے خطاب سے سرفراز کیا۔ ان کے کارناموں کا سفر مزید جاری رہتا مگر 1903 میں انھوں نے سرکاری نوکری سے سبکدوشی اختیار کی۔ وہ چند برس حکومت پٹیالہ کے ملازم رہے جہاں انھوں نے کئی فلاحی منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچائے مگر وہ اپنی زندگی کو مکمل طور پر عوام کی فلاح کے لیے وقف کرنا چاہتے تھے چنانچہ چند ہی برس بعد وہ واپس لاہور آگئے۔ اب ان کا بیٹا سیوک رام بھی ان کا ساتھ دینے کے قابل ہوچکا تھا۔گنگا رام نے اپنے خوابوں کو تعبیر دینے کے لیے ضلع لائلپور (فیصل آباد) میں پانچ سو ایکڑ زمین خرید کر ایک گاؤں آباد کیا جسے گنگا پور کا نام دیا گیا۔ گنگا پور میں ہزاروں کی تعداد میں درخت لگائے گئے، فصلوں، سبزیوں اور چارہ کی پیداوار کے لیے آب و ہوا کے مطابق مقامی اور غیر ملکی بیجوں کے معیار پر خصوصی توجہ دی گئی۔انھوں نے متعدد زرعی ممالک کے دورے کیے اور انگریزی، فرانسیسی اور کینیڈین گندم ایک ساتھ کاشت کرنے کا تجربہ کیا گیا۔ سبزیوں اور پھلوں کے بیجوں کی پیوندکاری سے ان کی کاشت میں بھی اضافہ ممکن ہوا اور کچھ نئے قسم کے پھل بھی وجود میں آئے۔اس تجربہ گاہ میں افزائش حیوانات کے شعبے میں بھی نہایت مفید نتائج برآمد ہوئے۔ گنگا پور ہندوستان کا پہلا فارم تھا جہاں پر زرعی مشینری استعمال ہوئی تھی، یہاں بوائی سے زمین کی تیاری اور کٹائی تک اور باغبانی کے جدید طریقوں سے آلات تیار کیے جاتے تھے۔ یہ مقام قریب ترین ریلوے سٹیشن سے دو میل دور تھا۔سر گنگا رام نے اسے ریلوے سٹیشن سے جوڑنے کے لیے دو فٹ چوڑی پٹری ڈالی جس پر چار ٹرالیوں کو ایک دوسرے سے جوڑ کر درمیانے سائز کے گھوڑوں کے ذریعے کھینچا جاتا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سو سال گزرنے کے باوجود یہ گھوڑا ٹرین آج بھی زیر استعمال ہے۔

سر گنگا رام بیوہ عورتوں کی دوسری شادی کی ضرورت کے قائل تھے۔ اس وقت ہندوستان بھر میں ڈھائی کروڑ سے زیادہ بیوہ عورتیں موجود تھیں۔ انھوں نے اس مقاصد کے لیے ایک خیراتی ٹرسٹ رجسٹرڈ کرایا اور اسے پہلے پنجاب وڈو ری میرج ایسوسی ایشن کا نام دیا جس کا دائرہ بہت جلد ہندوستان بھر میں وسیع ہوگیا اور اسے پنجاب کے بجائے آل انڈیا وڈو ری میرج ایسوسی ایشن کا نام دے دیا گیا۔اس ایسوسی ایشن کے ذریعے چند ہی برس میں ہزارہا بیواؤں کی شادیاں ہوئیں اور وہ ازسرنو زندگی گزارنے لگیں۔ جن بیوہ عورتوں کی شادی نہ ہوپاتی تھی ان کی فلاح کے لیے گنگا رام نے وڈو ہوم سکیم پیش کی جہاں انہیں تربیت دے کر اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے قابل بنایا جاتا تھا۔اس تسلسل میں انھوں نے لاہور میں ایک انڈسٹریل سکول بھی قائم کیا اور یہ اہتمام بھی کیا کہ اس انڈسٹریل سکول کے تحت تیار ہونے والی مصنوعات گنگا رام ٹرسٹ کے زیر اہتمام انڈسٹریل شاپ کے ذریعے فروخت کی جائیں۔ یہی وہ زمانہ تھا کہ جب خواجہ حسن نظامی نے کہا کہ تھا کہ اگر یہ ممکن ہوتا کہ ایک آدمی اپنی زندگی کسی دوسرے کو دے دے تو میں پہلا شخص ہوتا جو اپنی زندگی کے قیمتی سال سر گنگا رام کو دے دیتا تاکہ وہ طویل عمر تک زندہ رہیں اور بھارت کی مجبور خواتین کی فلاح کے لیے خدمات انجام دیتا رہے۔

1922 میں گنگا رام کو سر کا خطاب عطا ہوا۔ اگلے برس انھوں نے اپنے نام سے ایک ٹرسٹ قائم کیا جسے چلانے اور کنٹرول کرنے کے لیے انھوں نے بڑی رقوم عطیہ کیں اور اپنی کئی ذاتی عالی شان عمارتیں اور جائیداد ٹرسٹ کے حوالے کیں، جس کی آمدنی سے یہ ٹرسٹ مسلسل چلتا رہا۔1921 میں سر گنگا رام نے لاہور کے وسط میں ایک زمین خریدی تھی جہاں انہوں نے ایک خیراتی ڈسپنسری قائم کی تھی۔ گنگا رام ٹرسٹ قائم ہوا تو انھوں نے اس ڈسپنسری کو ایک ہسپتال کا درجہ دے دیا جو صوبے کا سب سے بڑا خیراتی ہسپتال بن گیا۔ اب بھی اسے میو ہسپتال کے بعد لاہور کا سب سے بڑا ہسپتال تصور کیا جاتا ہے۔ اس ہسپتال کے زیر اہتمام لڑکیوں کا ایک میڈیکل کالج بھی قائم کیا گیا جو قیام پاکستان کے بعد فاطمہ جناح میڈیکل کالج کے قالب میں ڈھل گیا۔

سر گنگا رام نوجوانوں کے لیے تجارت کو بہت اہم تصور کرتے تھے۔ اس مقصد کے لیے انھوں نے ایک کامرس کالج کا منصوبہ پیش کیا۔ جب یہ منصوبہ حکومت تک پہنچا تو اس نے یہ کہہ کر جان چھڑانی چاہی کہ منصوبہ تو بہت اچھا ہے مگر ہمارے پاس اس کے لیے زمین اور عمارت موجود نہیں۔ گنگا رام اسی جواب کے انتظار میں تھے، انہوں نے فوری طور پر اپنا ایک گھر اس مقصد کے لیے پیش کردیا جہاں آج ہیلے کالج آف کامرس موجود ہے۔1925 میں سر گنگا رام نے دیوان کھیم چند کی مدد سے ماڈل ٹاؤن لاہور کی رہائشی سکیم کی بنیاد ڈالی جو اس وقت بھی لاہور کی بہترین رہائشی کالونی سمجھی جاتی ہے۔ اسی برس وہ امپیریل بینک آف انڈیا کے گورنر کے عہدے پر فائز کیے گئے۔1927 میں سر گنگا رام رائے ایگری کلچرل کمیشن کے ممبر کے طور پر انگلستان گئے ہوئے تھے جہاں دن رات کام کرنے کی وجہ سے ان کی صحت بری طرح متاثر ہوئی اور بالآخر 10 جولائی 1927 کو لندن ہی میں ان کی وفات ہوگئی۔ ان کی آخری رسومات لندن ہی میں ادا کی گئیں۔

گنگا رام کی راکھ ہندوستان لائی گئی جہاں آدھی راکھ دریائے گنگا میں بہا دی گئی اور باقی آدھی راکھ لاہور میں راوی روڈ پر معذور مردوں اور عمر رسیدہ عورتوں کے لیے قائم کیے گئے آشرموں کے درمیان ایک میدان میں دفن کردی گئی، جہاں سنگ مرمر کی ایک سمادھی تعمیر کی گئی۔ یہ سمادھی آج بھی موجود ہے اور اہل لاہور کو گنگا رام کی یاد دلاتی ہے۔

ادھر 1951 میں بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں سر گنگا رام کی یاد میں ایک ہسپتال کا قیام عمل میں آیا جس کا سنگ بنیاد وزیراعظم پنڈت جواہر لعل نہرو نے رکھا۔ یہ ہسپتال سر گنگا رام کے داماد دھرم ویر کی خواہش پر قائم کیا گیا تھا جو جواہر لعل نہرو کے کیبنٹ سیکریٹری تھے۔ اس ہسپتال کا افتتاح 13 اپریل 1954 کو دھرم ویر نے کیا۔ دھرم ویر بعد میں پنجاب، ہریانہ، مغربی بنگال اور کرناٹک کے گورنر کے عہدوں پر بھی فائز رہے۔

1970 میں یہ ہسپتال فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے بندش کے قریب پہنچ گیا، 1980 میں دہلی کے معروف سرجن ڈاکٹر کے سی مہاجن کی کوششوں سے یہ ہسپتال دوبارہ فعال ہوگیا۔

اردو کے ممتاز ادیب مستنصر حسین تارڑ نے اپنی کتاب ’لاہور آوارگی‘ میں گنگا رام کے بارے میں ایک تفصیلی باب ’فادر آف لاہور‘ کے نام سے لکھا ہے ۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’آج کا لاہور اسی ایک شخص کی ناقابل یقین کوششوں سے وجود میں آیا۔ گنگا رام اپنے کارناموں اور دنیاوی بھلائی کے حوالے سے ایک داستانوی کردار لگتا ہے۔‘ان کی موت پر گورنر پنجاب نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’وہ ایک بہادر ہیرو کی مانند ہمیشہ ہر شے کو تسخیر کر لیتا تھا اور ایک سینٹ یا صوفی کی مانند اپنی دولت لوگوں میں بانٹ دیتا تھا۔

آج گنگا رام کا پڑپوتا ڈاکٹر آشون رام جارجیا کے ایک کالج میں پروفیسر ہے اور ان کی پڑپوتی شیلا ایک بیرونس برطانیہ میں پڑھاتی ہیں اور سیاست میں متحرک ہے۔بابری مسجد کے ردعمل میں جہاں بہت سے ہندو اور جین مندر اور گرودوارے مسمار کئے گئے وہاں لاہور کے سب سے بڑے محسن سر گنگا رام کی سمادھی کی بھی شامت آ گئی۔ ان کی پڑپوتی شیلا نے لاہور آ کر اسے دوبارہ تعمیر کیا بلکہ گنگا رام ہسپتال کیلئے بھی ایک خطیر رقم وقف کر دی۔‘تارڑ صاحب لکھتے ہیں: ’لاہور کی ایک اور سرد سویر میں ہم گنگا رام کی سمادھی کے احاطے میں کھڑے اسکے کارناموں کو یاد کر رہے تھے۔ سمادھی کی عمارت بہت سادہ اور گنبدار ساخت کی ہے۔ صدیق شہزاد نے اسکی نشاندہی میں مدد کی۔ یہ راوی روڈ پر آزادی چوک کے قریب گھنی گلیوں کے درمیان پوشیدہ ہے۔اب اسکی مناسب دیکھ بھال کی جا رہی ہےسمادھی کے دروازے بند تھے۔ ہم نے اندر جھانکا تو ایک چبوترا تھا جس پر فلیکس کا پردہ آویزاں تھا اور اس پر گنگارام کی رعب دار تصویر نقش تھی۔ظاہر ہے چبوترے کے اندر اس کی راکھ دفن تھی۔ سویر کی مدھم زرد روشنی میں سمادھی کسی مغل مقبرے سے مشابہ تھی۔ گنگا رام نے اس شہر کو بے مثال بنایا اور بادشاہوں سے بڑھ کر اس کی مخلوق کی فلاح کیلئے کام کئے۔مجھے بچوں کی وہ نظم یاد آنے لگی کہ۔۔۔ ہیں لوگ وہی جہاں میں اچھے۔ آتے ہیں جو کام دوسروں کے۔