نعت کی فکر نے پیدا کیا منظر ایسا
خانہ دل تو نہ تھا پہلے منور ایسا
جہل کا دور گیا ، عہد تدبر آیا
رکھ دیا سارے زمانے کو بدل کر ایسا
شکم پاک سے باندھا تھا پیمبرؐ نے جسے
مجھ کو تکیہ کے لیے چاہیے پتھر ایسا
کشتیاں جس نے جلا دی تھیں کنار دریا
کس کی تعلیم نے پیدا کیا لشکر ایسا
یاد جو یثرب وبطحا کی دلائے یونس
کیوں نہ آنکھوں میں بسا لوں کوئی منظر ایسا
س یونس
انتخاب خضر حیات ناگپوری
پروفیسر سید یونس بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے ضلع بلڈانہ کے گاؤں امڑا پور میں اگست ۱۹۳۲ کو پیدا ہوئے ۔ناگپور یونیورسٹی سے ایم اے انگریزی اور ایل ایل بی کی ڈگریا ں حاصل کیں۔ سید یونس نے ۴ مئی ۲۰۰۳ کو اقبال کے فکر و فن پر ڈاکٹر ریحانہ جاوید کی کتاب کی رسم اجرا کی تقریب میں تقریر کرتے ہوئے داعی اجل کو لبیک کہا۔ انکی شاعری میں ایک منفرد تہذیبی رچاؤ، روایت کی پاسداری کے ساتھ ساتھ عصر ی تبدیلیوں سے پروقارہم آہنگی اورادبی تفکر کی بلندی پائی جاتی ہے ۔ ان کا مجموعہ کلام ‘انکشاف’ ۱۹۷۰ میں شائع ہوچکا ہے۔(خضر حیات ناگپوری)