نعت رسول كريم

مصنف : شاد مردانوی

سلسلہ : نعت

شمارہ : دسمبر 2025

نعت رسول كريم ﷺ

اے خدا دیکھ نیا پھر سے مہینہ نکلا

اور مرے بخت میں اب بھی نہ مدینہ نکلا

دوست جاتے تھے ، بتاتے تھے وہاں کی باتیں

دل نکل آتا تھا اس بار تو سینہ نکلا

میں غزل کہتے ہوئے نعت کی وادی میں گیا

اک نئے طور نئے ڈھب کا قرینہ نکلا

پوچھ یہ جدہ کے ساحل پہ کھڑے لوگوں سے

روح نکلی ہے یا پھر کوئی سفینہ نکلا

اس سیہ قلب سے نکلا ہے کوئی نعت کا شعر

کان سے کول کی پھر آج نگینہ نکلا

عنبر و عود و ختن کی یہ مہک یوں تو نہیں

ہو نہ ہو طیبہ کی یادوں کا دفینہ نکلا

شاد مردانوی