غزل

مصنف : محسن بھوپالی

سلسلہ : غزل

شمارہ : مئی 2007

 

جاہل کو اگر جہل کا انعام دیا جائے 
اس حادثہ وقت کو کیا نام دیا جائے 
 
میخانے کی توہین ہے ،رندوں کی ہتک ہے
کم ظرف کے ہاتھوں میں اگر جام دیا جائے 
 
ہے خوئے ایازی ہی سزاوار ملامت
محمود کو کیوں طعنہ اکرام دیا جائے 
 
ضد ہے کہ انہیں مان کے سرخیل بہاراں
غنچوں کی طرف سے کوئی پیغام دیا جائے
 
ہم مصلحت وقت کے قائل نہیں یارو
الزام جو دینا ہے ، سر عام دیا جائے 
 
بہتر ہے کہ اس بزم سے اٹھ آئیے محسن
سرقے کو جہاں رتبہ الہام دیا جائے