نعت رسول کریمﷺ

مصنف : اذکار ازہر خان درانی

سلسلہ : نعت

شمارہ : مئی 2007

 

جو فردوس تصور ہیں وہ منظر یاد آتے ہیں
مدینے کے گلی کوچے برابر یاد آتے ہیں
 
جو لگتا ہے کوئی کنکر بدن پر دین کی خاطر
تو دل کو وادی طائف کے پتھر یاد آتے ہیں
 
فضاؤں میں اگر کوئی پرندہ رقص کرتا ہے
تو آنکھوں کو مدینے کے کبوتر یاد آتے ہیں
 
مراتب پائے ہیں کیا کیا تیریؐ نسبت سے ذروں نے 
ابوبکرؓ و عمرؓ، عثمانؓ و حیدرؓ یاد آتے ہیں
 
اخوت اور ایثار و محبت جن کا شیوہ تھا
وہ عالی ظرف اصحابؓ پیمبرؐ یاد آتے ہیں
 
زمانے کی گراں خوابی کا عالم دیکھ کر ازہر
نبیؐ کے دیں کی بیداری کے پیکر یاد آتے ہیں