رؤف ایسا نہیں دیکھا ، رحیم ایسا نہیں دیکھا
کوئی انسان دل کا نرم اس درجہ نہیں دیکھا
کہا کرتے تھے انؐ کو دیکھ کر ام القری والے
امانت دار اتنا ، اس قدر سچا نہیں دیکھا
عداوت ، بدزبانی ، بے رخی ، اپنوں کا کٹ جانا
نبیؐ نے راہ میں تبلیغ کی کیا کیا نہیں دیکھا
نہایت خندہ پیشانی سے ہر تلخی گوارا کی
رویہ انؐ کا لوگوں نے کبھی روکھا نہیں دیکھا
مقدم فائدہ تھا آپؐ کے نزدیک اوروں کا
کسی لمحے پیمبرؐ نے مفاد اپنا نہیں دیکھا
نعیم ؔ اس بات پر تاریخ کے صفحات شاہد ہیں
فلک نے انؐ سے بڑھ کر خوبیوں والا نہیں دیکھا