ایک نظم

مصنف : خضر حیات ناگپوری

سلسلہ : نظم

شمارہ : جون 2008

 

(اپنے معاشرے کے اہل اقتدار کے نام)
نیم کا درخت
بہت مفید ، بڑا ہی کارآمد
سیکڑوں بیماریوں کی اک دوا
ہزار روگوں کا علاج بے خطا!
لیکن!
شجر صداقت کی طرح
نیم کا پیڑ بھی
کڑوا ہوتا ہے!
اسی لیے تو ہم نے
اپنی بستی کے باغوں سے 
اپنے گھر کے آنگن سے
شجر صداقت کی طرح
نیم کے درخت کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینکاہے
ہم تو ‘بھلے لوگ’ ہیں!
تلخی صداقت کو ، نیم کی کڑواہٹ کو
بھلا!
کیسے برداشت کر سکتے ہیں؟
اسی لیے تو ہم نے 
 دونوں ہی سے چھٹکارا پا لیا ہے !
اور
شاید یہی وجہ ہے کہ ‘ سچ بولنے والے’
 نیم کو ‘پیٹنٹ’ کروانا چاہتے ہیں!
یہ کیسے لوگ ہیں؟
ہم تو ‘بھلے لوگ’ ہیں!