حمد باری تعالیٰ

مصنف : سید ضیاء الدین نعیم

سلسلہ : حمد

شمارہ : دسمبر 2009

 

کچھ نہیں مانگتا، بندوں سے یہ بندہ تیرا
منصبِ جود و عطا ہے فقط آقا تیرا
 
تیری ہی ملک، بلاشرکت غیرے یہ زمیں
آسمانوں میں بھی جو کچھ ہے، وہ تنہا تیرا
 
تیری تسبیح میں مشغول، شجر ہوں کہ حجر
ماہ و خورشید بھی پڑھتے ہیں وظیفہ تیرا
 
میرے مالک! یہی اعزاز بہت ہے مجھ کو
کہ تو آقا ہے میرا اور میں بندہ تیرا
 
خوف دوزخ بھی ہے، جنت کا تمنائی بھی ہوں
بے نیازی نہیں شیوہ، کہ ہے شیوہ تیرا
 
زندگی تیری اطاعت میں بسر ہو جائے!
سہل ہو جائے مرے واسطے رستہ تیرا
 
وصل کا ہے نہ تجلی کا طلب گار نعیم
اپنی اوقات میں رہتا ہے یہ بندہ تیرا