حمد باری تعالیٰ

مصنف : ماہر القادری

سلسلہ : حمد

شمارہ : مارچ 2009

 

خالق بھی کار ساز بھی پروردگار بھی 
وہ جس کی ذات پردہ کشا، پردہ دار بھی
 
ذکر خدائے پاک جو ہے جل شانہ
تسکین روح بھی ہے، دلوں کا قرار بھی
 
سب ہیں اسی کے حکم سے دن ہو رات ہو
شامِ خزاں بھی اس کی ہے صبح بہار بھی
 
قدرت سے اس کی گرمِ سفر ہیں یہ مہر و ماہ
موجِ نسیم بھی ہے رواں آبشار بھی
 
وابستہ سب ہیں نظمِ قضا و قدر کے ساتھ
لیل و نہار بھی، روشِ روزگار بھی
 
یادِ خدا میں نغمہ سرا نغمہ سنج ہیں
طاؤس بھی ہزاربھی صلصل بھی سار بھی
 
کرتے ہیں اپنے حال میں سب بندگی پہ ناز
اہلِ ہوس بھی زاہدِ شب زندہ دار بھی
 
مجھ سے گناہ گار کو بخشش کی امید ہے
اس سے کہ جو کریم ہے آمرز گار بھی