نعت رسول کریمﷺ

مصنف : نورین طلعت عروبہ

سلسلہ : نعت

شمارہ : جولائی 2010

 

جہاں فضا کا مقدر بنی ہوائے کرم
وہیں سے اوڑھ کے آئی ہوں میں ردائے کرم
 
وہ جانتے ہیں ہمارا مرض بغیر کہے
وہ سن رہے ہیں ہر اک درد کو برائے کرم
 
بھری ہوئی ہیں مرادوں سے جھولیاں ان کی
مسافران مدینہ ہیں آشنائے کرم!
 
مرے نصیب کا حصہ ہے یہ مسرت بھی
کہ رحمتیں مجھے ڈھونڈیں ، مجھے بلائے کرم
 
کرم کی آس لیے ، دیر سے دعا میں مگن
ہے انتظار میں گم ، دیکھئے گدائے کرم
 
مدینہ آ کے کھلا ہے کہ رحمتیں کیا ہیں
یہیں پہ آ کے نظر آئی انتہائے کرم
 
پکارتی ہے مدینے میں شوق کی شدت
ہمارے پیار کا مرکز ، ہماری جائے کرم