سوچتا ہوں کہ میں کس طرح سے مدحت لکھوں
کس طرح میں شہہِ کونین کی عظمت لکھوں
خامہ خاموش ہے، قاصر ہے زباں کہنے سے
موجزن دل میں جو ہے، کیسے و ہ الفت لکھوں
وَ رَفَعنا لَکَ ذِکرَک ہے دلیلِ عظمت
آپ کی شان میں قرآن کی آیت لکھوں
کاش حسّان کا لہجہ مجھے مل جائے حضور
وہ فصاحت، وہ بلاغت، وہ حلاوت، لکھوں
جب میسّر ہو مجھے کوئی عبارت لکھنا
صرف میں سیرتِ سرکار کی بابت لکھوں
نعت لکھنے کا سلیقہ تو نہیں ہے مجھ کو
پھر بھی حسرت ہے کہ سرکار کی مدحت لکھوں
مجھ کو دنیا کا مغل غم نہ ستائے کوئی
ان کی رحمت کو نہ کیوں اپنی ضرورت لکھوں؟