بندہ کہاں اور کہاں نعتِ رسول کریم ﷺ
جس کے محامد عظیم ، جس کے محاسن عمیم
نقطہ اقراء ہے وہ ، مرکز اسراء ہے وہ
شرحِ الم لام را ، رمزِ الم لام میم
میرے نبیﷺ کا خدا خالقِ کون و مکاں
میرے خدا کا نبیؐ حامل خلقِ عظیم
حق ہے سمیع و بصیر ، عبد بشیر و نذیر
وہ بھی رؤف و رحیم یہ بھی رؤف ورحیم
تھے وہ مبارک قدم جن کے اثر کے طفیل
وادی بطحا ہوئی روکش خلد نعیم
میرا عمل بے ثمر ، تیرا عمل بے ثمر
عشقِ محمدؐ اگر نہ ہو دلوں میں مقیم
آپؐ کی فرماں بَری وجہِ صلاح و فلاح
آپؐ کا عشق و جنوں باعثِ فوزِ عظیم
کیا ہے علیم ؔ حزیں وہم و گماں کا مقام
اس کی شفاعت ہو جب کیوں ہو عذابِ حجیم