٭ ہم لوگ نہ تھے ایسے
٭ ہیں جیسے نظر آتے
٭ اے وقت گواہی دے
٭ ہم لوگ نہ تھے ایسے
٭ یہ شہر نہ تھا ایسا
٭ یہ روگ نہ تھے ایسے
٭ دیوار نہ تھے رستے
٭ زندان نہ تھی بستی
٭ آزار نہ تھے رشتے
٭ خلجان نہ تھی ہستی
٭ یوں موت نہ تھی سستی !
٭ یہ آج جو صورت ہے
٭ حالات نہ تھے ایسے
٭ یوں غیر نہ تھے موسم
٭ دن رات نہ تھے ایسے
٭ تفریق نہ تھی ایسی
٭ سنجوگ نہ تھے ایسے
٭ اے وقت گواہی دے
٭ ہم لوگ نہ تھے ایسے
