نعت رسول کریمﷺ

مصنف : جعفر طیار

سلسلہ : نعت

شمارہ : جولائی 2011

 

نبی کی رہ پر چلن ہو تو نعت ہوتی ہے 
جو سنتوں سے لگن ہو تو نعت ہوتی ہے 
 
نہیں ہے نعت فقط نام شعر گوئی کا 
عمل مآلِ سخن ہو تو نعت ہوتی ہے 
 
جو کوئی مدح محمد میں محو ہو بلبل 
حدیث اس کا چمن ہو تو نعت ہوتی ہے 
 
فقط زبان ہی نہیں دل بھی ہو غلام ان کا 
مطیع سارا بدن ہو تو نعت ہوتی ہے 
 
کلامِ میرِ امم سے قرار ملتا ہے 
حدیث سایہ ِفگن ہو تو نعت ہوتی ہے 
 
کبھی بھی ملک و وطن کے نہ دین ہو تابع 
جو دین کے تابع وطن ہو تو نعت ہوتی ہے 
 
جہاں بھر میں نفاذ نظام حق کے لیے 
قبول دار و رسن ہو تو نعت ہوتی ہے 
 
ہر ایک شعر گرے برق بن کے باطل پر
نظام ضرب کہن ہو تو نعت ہوتی ہے 
 
خدا کی رہ میں بہے خوں کی آبیاری 
جہاں میں سرو و سمن ہو تو نعت ہوتی ہے 
 
سنو اے نعت نگارو ! کہ صدق گوئی ہے 
خون جگر پلانے کا فن ہو تو نعت ہوتی ہے 
 
یہ شعر و فکر و تخیل کا قافلہ جعفر 
عمل کی دھن میں مگن ہو تو نعت ہوتی ہے