نوید جانفزا ہے اے مسلماں سنت نبوی
ضروری ہے پئے تکمیل ایماں سنت نبوی
زمانے بھر میں ہے اس سے گریزاں ظلمت بدعت
کہ تاریکی میں ہے ، شمع فروزاں سنت نبوی
خدا کے نیک بندوں کو یہ ایک مژدہء راحت ہے
عدو کے واسطے شمشیر براں سنت نبوی
دلِ ملحد ہے اس کی عظمتوں کے خوف سے لرزاں
مسلمان کو ہے تسکینِ دل و جاں سنت نبوی
محمد مصطفے کی زندگی کا اسوہ حسنہ
عبادت کا ہے ایک جزو نمایاں سنت نبوی
مفصل طور پر کہیے اسے شرحِ کلام اللہ
یہی ہے شاہد تقدیس قرآں سنت نبوی
یہ ناممکن ہے کوئی تارک سنت مسلمان ہو
جہاں میں ہے متاعِ دین و ایماں سنت نبوی
الہی راسخِ خستہ جگر پر بھی نظر رکھنا
بنے بخشش کا سامان روزِ میزاں سنت نبوی