اگر پوری کوشش کرنے کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوا تو پھر آپ ان کو پیسے دے کر مسئلہ حل کروا لیں۔ کیونکہ آپ کا حق تلف ہو رہا ہے۔ اس لیے آپ کو رشوت دینے کا گناہ نہیں ہو گا لیکن انہوں نے ناجائز لیے ہیں وہ گنہگار ہونگے۔
(مفتی محمد شبیر قادری)
ج: حرام رزق کے ساتھ جو نماز پڑھی جاتی ہے، وہ اللہ کے ہاں مقبولیت نہیں پاتی، لیکن بات صرف اتنی ہی نہیں ہے، بلکہ انسان کا معاملہ یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے جس عمل کے ساتھ بھی دل کی گہرائی کے ساتھ چپکا ہوتا ہے، وہی عمل بالآخر دوسرے اعمال پر غلبہ پا لیتا ہے۔یہ بات تو ظاہر ہے کہ اس وقت اس شخص کی نماز سچے عابد کی نماز نہیں ہے، کیونکہ خدا کا سچا بندہ اپنے دل سے خدا کا فرماں بردار بھی ہوتا ہے، لیکن اگر یہ شخص اپنے جرائم کو آج یا آیندہ کسی وقت دل سے ناگوار جانتا، خود کو غلط قرار دیتا اور اللہ کے سامنے شرمندہ ہوتا رہتا ہے، گو یہ ابھی ان سے باز نہیں بھی آ رہا تو یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ اس کی نماز اس کی بد اعمالیوں پر غلبہ پا لے، یہ توبہ کر لے اور اپنے اچھے انجام کو پہنچے۔ البتہ، اگر معاملہ برعکس ہوا تو پھر توقع بھی برعکس ہی کی ہے،کیونکہ ارشاد باری ہے:''البتہ جس نے کمائی کوئی بدی اور اس کے گناہ نے اس کو اپنے گھیرے میں لے لیاتو وہی لوگ دوزخ والے ہیں، وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے۔'' (بقرہ2: 81)
یعنی انسان خواہ کیسا ہی نمازی یا روزے رکھنے اور حج کرنے والا کیوں نہ ہو، اگر اس نے کسی ایک برائی کو سچے دل کے ساتھ اس طرح سے چمٹ کر اختیار کر لیا کہ وہ برائی اس پر چھا گئی اور اس کے گناہ نے اس کو اپنے گھیرے میں لے لیا تو اب اس کی سب نیکیاں برباد ہو جائیں گی اور وہ جہنم میں جائے گا۔
ج-85 رشوت لینے والا تو ہر حال میں ‘‘فی النار’’ کا مصداق ہے، اور رشوت دینے والے کے بارے میں یہ کہا گیا ہے کہ دفعِ ظلم کے لئے رشوت دی جائے تو اْمید ہے کہ اللہ تعالیٰ مواخذہ نہیں فرمائیں گے۔ رشوت دے کر جو نوکری حاصل کی گئی ہو اس میں یہ تفصیل ہے کہ اگر یہ شخص اس ملازمت کا اہل ہے اور جو کام اس کے سپرد کیا گیا ہے اسے ٹھیک ٹھیک انجام دیتا ہے تو اس کی تنخواہ حلال ہے، (گو رشوت کا وبال ہوگا)، اور اگر وہ اس کام کا اہل ہی نہیں تو تنخواہ بھی حلال نہیں۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج- رشوت کے بارے میں جناب نے مجھ پر جو اعتراض کیا تھا، میں نے اعترافِ شکست کے ساتھ اس بحث کو ختم کردینا چاہا تھا، لیکن آنجناب نے اس کو بھی محسوس فرمایا، اس لئے مختصراً پھر عرض کرتا ہوں کہ اگر اس سے شفا نہ ہو تو سمجھ لیا جائے کہ میں اس سے زیادہ عرض کرنے سے معذور ہوں۔
جناب کا یہ ارشاد بجا ہے کہ رشوت قطعی حرام ہے، خدا اور رسول نے راشی اور مرتشی دونوں پر لعنت کی ہے، اور اس پر دوزخ کی وعید سنائی ہے۔ لیکن جناب کو معلوم ہے کہ اضطرار کی حالت میں مردار کی بھی اجازت دے دی جاتی ہے، کچھ یہی نوعیت رشوت دینے کی ہے۔ ایک شخص کسی ظالم خونخوار کے حوالے ہے، وہ ظلم دفع کرنے کے لئے رشوت دیتا ہے، فقہائے اْمت اس کے بارے میں فرماتے ہیں کہ: ‘‘اْمید ہے کہ اس پر مواخذہ نہ ہوگا’’ اور یہی میں نے لکھا تھا۔ ظاہر ہے کہ اس پر عام حالات کا قانون نافذ نہیں ہوسکتا، اس لئے رشوت لینا تو ہر حال میں حرام ہے اور گناہِ کبیرہ ہے، اور رشوت دینے کی دو صورتیں ہیں: ایک یہ کہ جلبِ منفعت کے لئے رشوت دے، یہ حرام ہے، اور یہی مصداق ہے ان احادیث کا جن میں رشوت دینے پر وعید آئی ہے۔ اور دْوسری صورت یہ کہ دفعِ ظلم کے لئے رشوت دینے پر مجبور ہو، اس کے بارے میں فقہاء فرماتے ہیں کہ: ‘‘اْمید ہے کہ مواخذہ نہ ہوگا’’۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج- اگر آپ کے والد کی کمائی کا غالب حصہ حرام ہے تو اس میں سے لینا جائز نہیں، آپ اپنے والد صاحب کو کہہ دیجئے کہ وہ آپ کو جائز تنخواہ کے پیسے دیا کریں، رشوت کے نہ دیا کریں۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج- شوہر اگر حرام کا روپیہ کماکر لاتا ہے تو عورت کو چاہئے کہ پیار محبت سے اور معاملہ فہمی کے ساتھ شوہر کو اس زہر کے کھانے سے بچائے، اگر وہ نہیں بچتا تو اس کو صاف صاف کہہ دے کہ: ‘‘میں بھوکی رہ کر دن کاٹ لوں گی، مگر حرام کا روپیہ میرے گھر نہ لایا جائے، حلال خواہ کم ہو میرے لئے وہی کافی ہے۔’’ اگر عورت نے اس دستور العمل پر عمل کیا تو وہ گناہگار نہیں ہوگی، بلکہ رشوت اور حرام خوری کی سزا میں صرف مرد پکڑا جائے گا، اور اگر عورت ایسا نہیں کرتی بلکہ اس کا حرام کا لایا ہوا روپیہ خرچ کرتی ہے تو دونوں اکٹھے جہنم میں جائیں گے۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج- رشوت لینا حرام ہے، اور اس حرام روپے سے کسی کی خدمت کرنا اور اس پر ثواب کی توقع رکھنا بہت ہی سنگین گناہ ہے۔ بعض اکابر نے لکھا ہے کہ حرام مال پر ثواب کی نیت کرنے سے ایمان سلب ہوجاتا ہے۔ آپ کے حاتم طائی کو چاہئے کہ رشوت کا روپیہ اس کے مالک کو واپس کرکے اپنی جان پر رحم کریں۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج- رشوت کا پیسہ حرام ہے، اور حدیث میں ارشاد ہے کہ: ‘‘آدمی حرام کماکر اس میں سے صدقہ کرے، وہ قبول نہیں ہوتا’’ حضراتِ فقہاء نے لکھا ہے کہ مالِ حرام میں صدقے کی نیت کرنا بڑا ہی سخت گناہ ہے، اس کی مثال ایسی ہے کوئی شخص گندگی جمع کرکے کسی بڑے آدمی کو ہدیہ پیش کرے، تو یہ ہدیہ نہیں گا بلکہ اس کو گستاخی تصوّر کیا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ کی بارگاہِ عالی میں گندگی جمع کرکے پیش کرنا بھی گستاخی ہے۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج- رشوت اگر دفعِ ظلم کے لئے دی گئی ہو تو اْمید کی جاتی ہے کہ دینے والے کے بجائے صرف لینے والے کو گناہ ہوگا۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج- کیا یہ ممکن نہیں کہ ایسے راشی افسر کی شکایت حکامِ بالا سے کی جائے؟ رشوت کسی بھی صورت میں دینا جائز نہیں۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج- رشوت ایک ایسا ناسور ہے جس نے پورے ملک کا نظام تلپٹ کر رکھا ہے، جن افسروں کے منہ کو یہ حرام خون لگ جاتا ہے وہ ان کی زندگی کو بھی تباہ کردیتا ہے اور ملکی انتظام کو بھی متزلزل کردیتا ہے، جب تک سرکاری افسروں اور کارندوں کے دِل میں اللہ تعالیٰ کا خوف اور قیامت کے دن کے حساب و کتاب اور قبر کی وحشت و تنہائی میں ان چیزوں کی جواب دہی کا احساس پیدا نہ ہو، تب تک اس سرطان کا کوئی علاج نہیں کیا جاسکتا۔ آپ سے یہی کہہ سکتا ہوں کہ جہاں تک ممکن ہو ان کتوں کو ہڈی ڈالنے سے پرہیز کریں، اور جہاں بے بس ہوجائیں وہاں اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج- جن قباحتوں کا آپ نے ذکر کیا ہے، ان کی اجازت تو نہ عقل دیتی ہے نہ شرع، نہ قانون نہ اخلاق، اگر آپ ان لعنتوں سے نہیں بچ سکتے تو اس کے سوا اور کیا کہہ سکتا ہوں کہ نوکری چھوڑ دیجئے، اور کوئی حلال ذریعہ معاش اپنائیے۔ یہاں یہ سوال پیدا ہوگا کہ آپ نوکری چھوڑ دیں گے تو بچوں کو کیا کھلائیں گے؟ اس کے دو جواب ہیں۔ ایک یہ کہ دْوسری جگہ حلال ذریعہ معاش تلاش کرنے کے بعد ملازمت چھوڑئیے، پہلے نہ چھوڑئیے۔ دْوسرا جواب یہ ہے کہ آپ ہمت سے کام لے کر اس بْرائی کے خلاف جہاد کیجئے اور رشوت کے لینے اور دینے سے انکار کردیجئے۔ جب آپ ایسا کریں گے تو آپ کے محکمے کے تمام شریکِ کار افسرانِ بالا سے لے کر ماتحتوں تک آپ کے خلاف ہوجائیں گے، اور آپ کے افسر آپ کے خلاف جھوٹے سچے الزامات عائد کرکے آپ کو برخاست کرانے کی سعی کریں گے۔ اس کے جواب میں آپ اپنے مندرجہ بالا خط کو سنوار کر مع ثبوتوں کے صفائی نامہ پیش کردیجئے، اور اس کی نقول صدرِ مملکت، وزیراعظم، صوبائی حکومت کے اَربابِ اقتدار اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی وغیرہ کو بھیج دیجئے۔ زیادہ سے زیادہ آپ کا محکمہ آپ کو نوکری سے الگ کردے گا، لیکن پھر اِن شاء اللہ آپ پر زیادہ خیر و برکت کے دروازے کھلیں گے۔ اگر آپ محکمے کی ان زیادتیوں سے کسی بڑے اَربابِ حل و عقد کو اپنا ہم نوا بنانے میں کامیاب ہوگئے تو آپ کی نوکری بھی نہیں جائے گی، البتہ آپ کو کسی غیراہم کام پر لگادیا جائے گا اور آپ کو ۱۷۰۰ روپے میں گزر اوقات کرنی پڑے گی، جس میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے، بشرطیکہ آپ خالی وقت میں کوئی کام کرسکیں۔ تو میرے عزیز! جس طرح آپ ہزاروں میں سے ایک ہیں جو مجھ کو ایسا تقوے والا خط لکھ سکتے ہیں، اسی طرح کسی نہ کسی کو اس اندھیرنگری میں حق کی آواز اْٹھانی ہے، اللہ کی مدد آپ کے شاملِ حال ہو اور ہم خیال بندے آپ کی نصرت کریں۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج- اگر کام کرنے کا معاوضہ دیتے ہیں تو رشوت ہے، خواہ یہ مانگے یا نہ مانگے، اگر دوستی یا عزیزداری میں ہدیہ دیتے ہیں تو ٹھیک ہے۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج- اس قسم کی شیرینی جو سرکاری اہل کاروں کو دی جاتی ہے، رشوت کی مد میں آتی ہے، اس سے پرہیز کرنا چاہئے، کیونکہ یہ شیرینی نہیں بلکہ زہر ہے۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج- کام کے عوض جو روپیہ اس کو دیا جاتا ہے وہ رشوت ہے، اس کا لینا اس کے لئے جائز نہیں، اگر بعینہ اسی رقم سے کوئی چیز خرید کر وہ کسی کو تحفہ دیتا ہے تو اس کا لینا بھی جائز نہیں، اور اگر اپنی تنخواہ کی رقم سے یا کسی اور جائز آمدنی سے تحفہ دیتا ہے تو اس کا لینا دْرست ہے۔ اور اگر یہ معلوم نہ ہو کہ یہ تحفہ جائز آمدنی کا ہے یا ناجائز کا؟ تو اگر اس کی غالب آمدنی صحیح ہے تو تحفہ لے لینا دْرست ہے، ورنہ احتیاط لازم ہے، اور اگر اس کی دِل شکنی کا اندیشہ ہو تو اس سے تو لے لیا جائے مگر اس کو استعمال نہ کیا جائے، بلکہ بغیر نیتِ صدقہ کے کسی محتاج کو دے دیا جائے۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج- کوئی کام غیرقانونی تو حتی الوسع نہ کیا جائے، اس کے باوجود اگر رشوت دینی پڑے تو لینے والے اپنے لئے جہنم کا سامان کرتے ہیں، دینے والا بہرحال مجبور ہے، اْمید ہے کہ اس سے مواخذہ نہ ہوگا۔ اور اگر غیرقانونی کام کے لئے رشوت دی جائے تو دونوں فریق لعنت کے مستحق ہیں۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج- کوئی کام غیرقانونی تو حتی الوسع نہ کیا جائے، اس کے باوجود اگر رشوت دینی پڑے تو لینے والے اپنے لئے جہنم کا سامان کرتے ہیں، دینے والا بہرحال مجبور ہے، اْمید ہے کہ اس سے مواخذہ نہ ہوگا۔ اور اگر غیرقانونی کام کے لئے رشوت دی جائے تو دونوں فریق لعنت کے مستحق ہیں۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
ج-85 کسی شخص کا نمبر نکل آنا ایسی چیز نہیں کہ اس کی خرید و فروخت ہوسکے، اس لئے پیسے دے کر نمبر خریدنا جائز نہیں، اور جس شخص نے پیسے لے کر اپنا نمبر دے دیا اس کے لئے وہ پیسے حلال نہیں ہوں گے، بلکہ ان کا حکم رشوت کی رقم کا ہوگا۔
(مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ)
جواب : آپ نے پوچھا ہے کہ ان حالات میں جبکہ بجلی بہت مہنگی ہے اور دوسروں کی چوری بھی ہمیں بھگتنی پڑتی ہے بجلی چوری کی جا سکتی ہے۔ آپ کا دوسرا سوال یہ تھا کہ کیا رشوت دے کر نوکری حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ گھر کے حالات بہت خراب ہوں۔
عرض ہے کہ مہنگائی ہو یا ظلم کسی شخص کے لیے حرام جائز نہیں ہو سکتا۔ وہ مجبوری جس میں حرام جائز ہو جاتا ہے بجلی چوری اس میں نہیں آتی۔ اس کا حل صرف ایک ہی ہے کہ ہم بجلی اتنی ہی استعمال کریں جتنی ہم خرید سکتے ہیں۔ رشوت کے ضمن میں عرض ہے کہ قطعی طور پر حرام وہ رشوت ہے جس میں آپ غلط کام کراتے ہیں۔ اپنا جائز حق لینے کے لیے اگر رشوت دینی پڑے تو اس میں اللہ تعالی کی طرف سے صرف نظر کی توقع ہے جبکہ رشوت دینے والا مجبور ہو۔
(مولانا طالب محسن)
ج: رشوت اس چیز کا نام ہے کہ آپ کوئی ناجائز فائدہ حاصل کرنے کے لیے پیسے دیں۔ جب کوئی اہل کار آپ پر ظلم کرتا ہے تو یہ ایک مظلومانہ ٹیکس ہے ۔اس کو رشوت نہیں کہتے ۔
(جاوید احمد غامدی)
جواب : بات یہ ہے کہ جب بھی کوئی برائی پوری طرح سے معاشرے پر غلبہ پا لے تو سوچنا چاہیے کہ اس کے عوامل کیا ہیں؟ اس کے عوامل بہت حدتک ملک کی معیشت اور اس کے معاشی ڈھانچے میں ہوتے ہیں۔ سماجی اقدار و روایات کی اس لحاظ سے بڑی حد تک دوسری پوزیشن ہوتی ہے۔ہمارے ہاں رشوت کے فروغ کے معاملے میں صرف چند اخلاقی عوامل ہی کام نہیں کر رہے، بلکہ اس کے پیچھے بہت سے سماجی اور معاشی عوامل بھی موجودہیں۔ جس طرح کا تفاوت سوسائٹی میں پیدا کر دیا گیا ہے اور جاگیر داری پس منظر نے جس طرح کی اخلاقیات پیدا کی ہیں، اس کو اگر آپ سامنے رکھیں گے تو صورت حال بڑی حد تک واضح ہو جائے گی۔ اس کے عوامل کا ٰغیر جانبدارانہ جائزہ لیا جانا چاہیے۔ دیکھنا یہ ہوگا کہ اس کے پیچھے سیاسی اداروں نے کیا کردار ادا کیا ہے؟اس کے پیچھے معاشی اداروں نے کیا کردار ادا کیا ہے؟ یہ تفاوت جو بڑھنا شروع ہوگیا ہے، جو تبدیلیاں اس کے نتیجے میں آنا شروع ہو گئی ہیں، جیسے خاندان کے خاندان اب معاشی جدوجہد میں مصروف ہونے پر مجبور کر دیے گئے ہیں، آج سے پچاس سال پہلے یہ صورت حال نہیں تھی۔ یہ عمل جتنا آگے بڑھے گا، اسی نسبت سے تفاوت دور کرنے کے لیے لوگوں کو پیسے کی ضرورت پڑے گی۔جب آپ ایک کانسٹیبل کو۲۰۰۰ دیں اور کہیں کہ چوبیس گھنٹے کی ڈیوٹی دو تو وہ ہمارا لحاظ نہیں کرے گا، پھر آپ کا جو پورا جاگیر دارانہ نظام ہے، پس منظر کے لحاظ سے وہ ویسے بھی اخلاقی قدروں کی نشوونما کو کچل دیتاہے۔
لوگوں کی معاشی ضرورتیں، ان کے معاشی مسائل اور پھر جس طریقے سے انسانوں سے معاملات کیے جارہے ہیں،وہ ایک مخصوص نفسیاتی شخصیت تخلیق کرتے ہیں، اس کو جس طرح آپ معیشت کے بوجھ تلے دبا دیتے ہیں۔ اس کے بعدآسان طریقہ رشوت لینا ہے۔ آخر لوگ رشوت کیوں نہ لیں؟میری سمجھ میں یہ نہیں آتا کہ آپ اس کو کس طریقے سے ختم کریں گے؟ اس کے لیے ضروری ہے کہ ان عوامل کو تقویت نہ دی جائے۔ سوسائٹی بحیثیت مجموعی ان کے خلاف آگے بڑھ کر جدوجہد کرے۔جب معیشت کے نظام میں کچھ تبدیلیوں سے سیاسی اداروں میں تبدیلیاں آئیں گی، پھر کچھ تبدیلیاں آپ کے سماجی ڈھانچے میں آئیں گی، اس کے بعد ہی اخلاقی اقدار کا نعرہ کچھ موثر ہونا شروع ہوگا۔ یہ ٹھیک ہے کہ چند لوگوں کی حد تک، جن کے اندر عزم،بڑا حوصلہ اور بڑی قوت ہوتی ہے، ہوسکتا ہے کہ وہ اخلاقی اقدارکی پاسداری کر لیں لیکن بالعموم عوام بہت مشکل حالات میں ہیں۔
(جاوید احمد غامدی)
جواب : دیکھیے بات یہ ہے کہ اخلاقی معاملات کے اندر بحث کبھی نہیں کی جاتی، ان کا جواز کبھی نہیں ہوتا۔ اصل سوال یہ ہے کہ ان کا علمی اور نظری سطح پر بھی کوئی جواز پیش کیا جاسکتا ہے یا نہیں؟ اور ایک چیز یہ ہے کہ ایک معاملہ ایک شخص کے لیے کیا صورت اختیار کرتا ہے۔ یعنی اگر تو محض اتنی بات ہے کہ مجھ کو فتوے دینے ہیں اور اس کے نتیجے میں رشوت ختم ہو جائے گی تو میں دے دیتا ہوں، لیکن میں یہ جانتا ہوں کہ ایسا نہیں ہے۔ یہ فتویٰ لوگوں کے کانوں کی دیوار سے ٹکرا کر واپس آجائے گا، اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ یہ تو بالکل ٹھیک ہے کہ مجھے جب بھی آپ پوچھیں گے کہ کیا آدمی کو جھوٹ بولنا چاہیے تو میں کہوں گا کہ نہیں بولنا چاہیے۔ آپ کہیں گے کہ رشوت لینی چاہیے؟ تو میں کہوں گا کہ نہیں لینی چاہیے۔ اس لیے کہ رشوت ایک اخلاقی برائی ہے۔ یہ سب ٹھیک ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ پیش نظر کیا ہے؟ ہم یہ کام شب و روز کر رہے ہیں،اس لڑائی میں آپ ایک عام آدمی کو کم سے کم وہاں تو کھڑا کریں، جہاں وہ اس پوزیشن میں آ سکے کہ وہ یہ بات سن سکے۔ورنہ بات یہ ہے کہ اب آدمی کیا جواب دے، بعض اوقات جب لوگ پوچھتے ہیں، اپنے حالات بتاتے ہیں تو میری سمجھ میں نہیں آتا کہ کیا کِیا جائے؟آپ کے معاشی معاملات کے اندر بھی تبدیلیاں نہیں آرہیں۔ اندازہ کیجیے کہ آج سے پچیس تیس سال پہلے گورنمنٹ سکول میں چند روپے فیس تھی، ہم دیہات میں جاکر ایک ڈسپنسر کے پاس سے مکسچر لے آتے تھے اور بخار اتر جاتا تھا۔ اب ذرا تعلیمی اخراجات اور علاج معالجے کو دیکھیے کہ کیا صورتِ حال ہے؟ یعنی ایک آدمی جس کے تین چار بچے ہیں، اگر وہ اپنے بچوں کوصحیح تعلیم ہی دلوانا چاہتا ہے تو آپ اسے تنخواہ کیا دے رہے ہیں؟ زیادہ سے زیادہ پانچ ہزار روپے دیں گے۔ میں ایک عام آدمی کی بات کر رہا ہوں، وہ اس رقم سے کیسے گھر چلائے؟
(جاوید احمد غامدی)
جواب :ایک ہی چیز ہے، یعنی ایک میں آپ روپیہ استعمال کر لیتے ہیں، دوسرے میں اثر و رسوخ استعمال کر لیتے ہیں۔دونوں باتوں میں کوئی فرق نہیں۔ اصل چیز یہ ہے کہ آپ دونوں سے کیا کام لے رہے ہیں۔ کیا آپ کسی کا حق مار کر اپنے آپ کو ترجیح دلوا دے رہے ہیں؟ زیادہ تر یہ ہی ہوتا ہے۔ جب یہ چیز بہت پھیل جاتی ہے تو اصل میں اور چیز وجود میں آتی ہے۔ پہلے مرحلے میں لوگ رشوت اپنی جائز خواہشات پوری کرنے کے لیے لیتے ہیں، لیکن جس وقت وہ روپیہ تقسیم ہو جاتا ہے، رشوت بڑے پیمانے پر پھیل جاتی ہے تو اس کے بعد لوگوں کے منہ کو خون لگ جاتا ہے، پھر وہ کوئی جائز کام بھی کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ اب ان کی آمدنی کا ایک یہی بڑا ذریعہ ہے ۔ ایک جانب آپ ان کی آمدنی کے ذرائع محدود کرتے چلے جاتے ہیں، دوسری جانب لوگوں کے درمیان ایک بڑا تفاوت پیدا کرتے چلے جاتے ہیں۔ پھر ان کے لیے ایسے حالات پیدا کر رہے ہیں کہ نہ ان کے لیے تعلیم دلانا ممکن ہے، نہ ان کے لیے روٹی کمانا ممکن ہے اور نہ ہی ان کے لیے صحت کے مسائل حل کرنا ممکن ہے۔ اس صورت حال میں پھر کیا ہوتا ہے؟ پھر وہ جائز کاموں کے لیے بھی یہ سمجھتے ہیں کہ پیسے لینے چاہئیں۔ یہ ہی ان کی آمدنی کا ذریعہ بن جاتا ہے۔ میرے خیال میں پہلے رشوت کی تعریف کر لیں کہ رشوت اصل میں ہے کیا چیز؟... کسی ناجائز کام کرنے کے لیے روپیہ لینا اور دینا رشوت ہے، لیکن جب آپ کا حق تھا، آپ اسے لینے کے لیے گئے تھے تو وہ آپ کو ملنا چاہیے تھا، آپ کسی پر کوئی ناجائز ترجیح قائم نہیں کر رہے تھے، تو آپ بری الذمہ ہو گئے۔ سوال یہ ہے کہ اس کو جو لت آپ نے ڈالی ہے، وہ کیا ہے؟ اور اب وہ اس کے لیے مجبور ہے،پھر مجبوری تھوڑی دیر بعد خواہش بن جاتی ہے، اس کے بعد آدمی اسی پر نہیں رکتا کہ اچھا میرے بچے بھوکے تھے تو میں نے یہ کام کر لیا۔ اب اس کے بعد وہ کہتا ہے کہ میری جو کوٹھی بن گئی ہے۔ اب مجھے اس سے بڑی کوٹھی بنانی ہے۔ تو ایکcycleہے جو پورے معاشرے میں چل رہا ہے۔ آپ سو سائٹی کی اصلاح کرنا چاہتے ہیں تو ایک طرف آپ کو لوگوں کی فکر کی اصلاح کرنی چاہیے اور دوسری طرف ان کے سماجی حالات کی۔
(جاوید احمد غامدی)
جواب : تحفے کو نبی کریم ﷺ نے بڑی خوبی کے ساتھ واضح کیا ہے۔ جب کچھ لوگ اس طرح کے تحفے لے کر آئے تھے تو آپ ﷺ نے کہا کہ ان تحائف کو مسجد میں کیوں نہیں تقسیم کیا ؟ لوگوں نے جب یہ کہا کہ ہم یہ تحائف گورنر کی حیثیت سے یا فلاں حیثیت سے فلاں جگہ سے لے کر آئے تھے اور لوگوں نے یہ بطور تحفے ہمیں دیے ہیں تو آپﷺ نے فرمایا کہ تحائف تم لوگوں کو گھروں میں بیٹھے ہوئے کیوں موصول نہیں ہو گئے؟ اگر آپ کے ایسے ہی تعلقات اور روابط تھے تو گھروں میں بیٹھ جاتے اور یہ وہیں مل جاتے۔اگر کسی ذمہ داری یا کسی منصب کی وجہ سے لوگ آپ کو تحائف دیتے ہیں تو آپ کے منصب سے رعایت یا فائدہ اٹھانے کے لیے دیتے ہیں۔
(جاوید احمد غامدی)
جواب: بے شمار ذرائع سے ملتی ہے۔ دیکھیے بات یہ ہے کہ رشوت سے منصب ملتے ہیں، اس سے ذمہ داریاں ملتی ہیں۔ رشوت سے اولاد کے لیے اچھے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ اب تو اس کی اتنی قسمیں وجود میں آگئیں ہیں اور نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ اگر آپ کو بیرون ملک کا دورہ مل جائے تو وہ بھی کافی ہے۔ آپ کی لائف بدل جائے گی، بلکہ میں نے تو یہ بھی دیکھا ہے کہ بعض اوقات لوگ صاحب اقتدار کی دعوتیں کرتے ہیں یا کسی موقع پر بلاتے ہیں تو اس کا بھی مقصد ہوتا ہے۔ ایک مرتبہ میں نے ایک بڑے مذہبی رہنما سے کہا کہ آپ کی سیاست کا کیا حاصل؟ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگ ایوان اقتدار میں جانے کا تصور بھی نہیں سکتے تھے، اب ہم جب چاہیں ایوان صدر میں جا سکتے ہیں۔ تو میں نے پھر مزید گفتگو نہیں کی، اس کی وجہ یہ ہے کہ سطح معلوم ہو گئی تھی۔نہ تو کوئی نصب العین ہے اور نہ معاشرے کی کوئی اصلاح مقصود ہے۔جب انسان کی سطح یہ ہوگی توا س کے بعد پھر وہ رشوت بھی لے گا۔ اس وقت تو حکومتیں بھی رشوت میں دی جاتی ہیں۔
(جاوید احمد غامدی)
جواب : قرآن مجید نے بیان کر دیا ہے کہ جو آدمی لوگوں کا مال، لوگوں کا حق ناجائز طریقے سے کھاتا ہے، وہ اپنے لیے جہنم خریدتا ہے۔ غریبوں کے حقوق میں جب آپ خرابی پیدا کرتے ہیں تو یہ بہت بڑا جرم ہے، اس میں اللہ تعالیٰ سے بھی معاملہ کرنا ہوگا،بندے سے بھی کرنا ہوگا۔ یہ بہت سنگین جرم ہے۔
(جاوید احمد غامدی)
جواب : اس بارے میں ایک سادہ سا اصول ہے۔ جو نبی کریم ﷺ نے بڑی خوبی کے ساتھ بیان کر دیا ہے کہ اپنے دل سے پوچھ لیا کرو، اپنے نفس سے مشورہ لے لیا کرو۔ اخلاقی معاملات کے لیے آپ کے دل کے اندر ہی ایک واعظ موجودہوتا ہے اور وہ آپ کو بالکل ٹھیک فتویٰ دے دیتا ہے۔ ہم بہت اچھی طرح سے یہ جانتے ہوتے ہیں کہ ہم کب کسی کی واقعی مدد کر رہے ہوتے ہیں،کب ہم کسی دوسرے کی حق تلفی نہیں کر رہے ہوتے ہیں؟ یہ سب کو معلوم ہوتا ہے۔ ایسے معاملات میں کوئی اخلاقی اصول نہیں ہوتا، وقت پر فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔ جب مجھے ایسا معاملہ پیش آئے گا تو میں بھی یہ ہی کروں گا۔ آپ کو معاملات پیش آئیں گے تو آپ بھی کریں گے۔ آپ کسی غریب آدمی کی مددتو کریں، لیکن اس بات کا خیال بھی رکھیں کہ اس کی مدد کرنے سے کسی دوسرے پر ظلم نہ ہو۔
(جاوید احمد غامدی)
جواب: جو آدمی ناجائز کام کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ کے بندوں کے حقوق مارتا ہے۔ اس کوجان بچانی مشکل ہو گی، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ اگر کوئی آدمی لوگوں کے حقوق نہیں دیتا تو وہاں اس کے پاس دینے کو کچھ بھی نہیں بچے گا۔ سوائے نیکیوں کے کہ ان سے تبادلہ کر لے۔ اگر کوئی لوگوں کو تنگ کرتاہے، طرح طرح کے جرم کرتا ہے اور اس کے بعد وہ نماز پڑھتا ہے۔ نماز سے جو اجر ملتا ہے، روزے سے جو اجر ملتا ہے، اس کا ثواب حقوق العباد ادا نہ کرنے کی وجہ سے ختم ہو جائے گا۔ اس کی آپ کو عملی طور پر تلافی کرنی چاہیے، لوگوں سے معافی مانگنی چاہیے۔اصل میں آپ پر کچھ ذمہ داریاں اور فرائض ہیں۔ یہ فرائض آپ پر خدا کے حوالے سے بھی عائد ہوتے ہیں اور کچھ انسانوں کے حوالے سے بھی۔ لوگوں کی یہ بڑی غلط فہمی ہے کہ وہ یہ خیال کرتے ہیں کہ جنت اہلیت کے بغیر مل جائے گی، آپ پہلے اپنے آپ کو جنت میں جانے کا اہل ثابت کریں گے۔ مثال کے طور پر ایک شخص نے ساری زندگی بے شمار نمازیں پڑھی ہیں۔ کوئی لیلتہ القدر ایسی نہیں، جس میں اس نے عبادت نہیں کی، ہر سال حج کیا ہے۔لیکن ایک معصوم انسان کو قتل کر دیا ہے تو اس کا جنت میں جانے کا استحقاق ختم ہو گیا، اسی طرح ایک آدمی ظلم کرتا ہے، اس کے والد نے جو میراث چھوڑی، وہ اس کی صحیح تقسیم نہیں کرتا۔ قرآن مجید کہتا ہے کہ وہ ہمیشہ جہنم میں رہے گا۔
پہلا مسئلہ تو جنت جانے کے لیے اہل ثابت کرنا ہے۔جنت میں جانے کا اہل ثابت کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ نے کوئی ایسا جرم نہ کیا ہو جو جنت میں جانے سے روکے۔ میں نے آپ کو دو جرائم کی مثال دی ہے۔ ان کے بارے میں قرآن مجید میں بالکل واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ان کے ساتھ کوئی آدمی جنت میں نہیں جا سکتا ۔ اسی طرح قرآن میں یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ وہ آدمی جو تکبر کرتا ہے اور تکبر کی تعریف حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ فرمائی ہے کہ وہ کسی صحیح چیز کے مقابلے میں انانیت کی وجہ سے ڈٹ جاتا ہے اور لوگوں کو حقیر سمجھتا ہے۔ قرآن مجید کہتا ہے کہ سوئی کے ناکے میں سے اونٹ داخل ہو سکتا ہے، وہ جنت میں نہیں جا سکتا۔ اگر آپ لیلۃ القدر یا کسی اور رات میں بہت معافی مانگتے ہیں۔ بے شمار استغفار کرتے ہیں۔ آپ حج پر چلے جاتے ہیں، مگر آپ نے کسی کے پلاٹ پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے، جب تک آپ اسے مالک کو نہیں لوٹاتے، کیسی معافی اور کیسا ثواب؟
(جاوید احمد غامدی)
جواب۔ جواری، شرابی ہونے کی وجہ سے پہلے وہ جہنم میں جائے گا، پھر اجر ملے گا۔ پہلے تو وہ گناہ معاف ہوں گے، جنت میں جانے کے لیے پہلے ان گناہوں سے بچنا ہے۔ جو لوگ کبیرہ گناہوں سے بچتے ہیں، ان کے لیے جنت ہے، پہلے تو آپ ان باتوں سے بچیں اور اگر کوئی کام کر بیٹھے ہیں تو توبہ کیجیے اور اگر کوئی زیادتی آپ نے کسی کے ساتھ کی ہے تو تلافی کیجیے۔ مثال کے طور پر ایک شخص نے بدکاری کی تو یہ تو اللہ تعالیٰ کا جرم ہے۔ اس پر معافی مانگ لے تو ہو سکتا ہے کہ وہ کریم معاف کر دے، لیکن ایک شخص نے کسی آدمی کو مار ڈالا، کسی آدمی کا مال لوٹ لیا، کسی کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ اس میں صرف توبہ کام نہیں کر سکتی۔ تلافی کرنا پڑے گی۔ آپ کو اس بندے کو راضی کرنا ہو گا۔ دنیا میں راضی کرنا پڑے گا۔ اگر موقع نہیں ہے تو قیامت میں راضی کرنا ہو گا۔اور وہاں نیکیاں دے کر راضی کرنا ہو گا۔
(جاوید احمد غامدی)
ج: صدقہ کسی ظالم خدا کو دیا جانے والاجگا ٹیکس نہیں ہے کہ وہ یہ لے اور ہم پر اپنا ظلم بند کرے اور نہ ہی رشوت ہے بلکہ صدقہ و خیرات اِس امر اور خواہش کا اظہار ہے کہ بندہ خدا کی طرف بڑھنا چاہتا ہے، اُس سے اپنے گناہوں کی معافی چاہتا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ اُسے اُس کے گناہوں پر سزا نہ دی جائے۔اُس نے خدا کی مخلوق یعنی اپنے بھائی بندوں کے ساتھ اپنا رویہ درست کر لیا ہے ، وہ اُن کا حق پہچانتا ہے اور اُن کی ضروریات پورا کرنے میں اُن کا معاون بن گیا ہے۔لہذا خدا سے درخواست ہے کہ وہ اس کی مشکلات میں مدد فرمائے ۔صدقہ دعا کی عملی صورت ہے۔
(محمد رفیع مفتی)
جواب :آدمی جب کسی حکومت کے ماتحت رہتا ہے،تو اس کے جائز قوانین کی پاسداری اس پر لازم ہوتی ہے،ان قوانین کی خلاف ورزی کرنا شرعاً اور اخلاقا ً جرم ہے،اور اس سے عزت و مال کو بھی خطرہ ہوتا ہے، جبکہ شریعت میں اپنی عزت و مال کو خطرہ میں ڈالنا عقلمندی کی بات نہیں ہے۔لہذا صورت مسؤلہ میں حکومت کی طرف سے ممنوعہ اشیاء کی خرید و فروخت کے لئے رشوت دینا جائز نہیں ہے۔
(دارالافتا جامعہ فاروقيہ كراچي)