ہمارے محترم دوست اور کرم فرما جناب محمد اسلم نے یہ تاثرات ہمیں دس سالہ نمبر کے لیے لکھ کر دیے تھے ۔مگر سہواًاس شمارے میں شامل ہونے سے رہ گئے ۔ اس کے لیے ہم اسلم صاحب سے معذرت خواہ ہیں اور ان کی قیمتی رائے کو اس شمارے کا حصہ بنا رہے ہیں۔(ادارہ)
کسی نے بالکل ٹھیک کہا ہے کہ وقت اور عمر گزرتے دیر نہیں لگتی۔ ابھی کل کی ہی بات لگتی ہے کہ سوئے حرم، کا سلسلہ شروع ہو ا اور آج اس کے سفر کو دس سال گزر گئے۔ اور اس عرصے میں سوئے حرم ایک ننھے پودے سے کب ایک شجر سایہ دار بن گیا پتا ہی نہ چلا۔ میری معلومات کے مطابق سوئے حرم خالصتاً بلا نفع و نقصان (No Profit - No Loss) کی بنیاد پر چل رہا ہے اور اس سے کسی کا کوئی مالی مفاد وابستہ نہیں۔ اس لیے مادیت کے اس دور میں جناب بخاری صاحب نے جس لگن اور شوق سے اس دینی فریضہ کو جاری و ساری رکھا ہوا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ اور ساتھ ساتھ بخاری صاحب کی پوری فیملی نے جو بے لوث اپنا قیمتی وقت وقف کر رکھا ہے اس کی تعریف نہ کرنا بھی زیادتی ہوگی۔گو کہ سوئے حرم کی آبیاری میں بہت سے لوگوں کی کاوشِ مسلسل شامل ہے مگر اس کے مدیر اعلیٰ محترم محمد صدیق بخاری، اور مدیر منتظم جناب محمد عبداللہ بخاری کی انتھک محنت کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔
سوئے حرم اس پھل دار درخت کی مانند ہے جس پر مختلف اقسام کے پھل لگتے ہیں اور ہر بندہ اپنے اپنے ذائقے اور پسند کے حساب سے اس کا پھل پسند کرتا ہے۔ اس لیے میرے ہاتھوں میں جیسے ہی سوئے حرم کا شمارہ آتا ہے میں سب سے پہلے ‘‘آوازِ دوست’’ پڑھتا ہوں۔ کیونکہ جناب بخاری صاحب اس میں جو بھی لکھتے ہیں دل سے لکھتے ہیں اور دل سے نکلی ہوئی بات ہمیشہ اثر رکھتی ہے۔سوئے حرم کا نورالقرآن والا سلسلہ حقیقتاً اپنی مثال آپ ہے کیونکہ اس سے قاری کو ایک ہی جگہ مختلف تراجم اور تفاسیر مل جاتی ہیں۔ وہ ان کا آپس میں موازنہ بھی کر سکتا ہے۔ اور اپنی چاہت اور پسند کے مطابق جس کو بھی پڑھنا چاہے پڑھ بھی سکتا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف علما ء کرام سے ‘‘سوال و جواب’’ کا سلسلہ اور ‘‘میں کیسے مسلمان ہوا’’ بہت اچھی کاوشیں ہیں اور اس سے پڑھنے والے کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔آخر میں ، مَیں دعا گو ہوں کہ سوئے حرم دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے اور اس کی آبیاری میں جس جس نے بھی اپنی بساط کے مطابق حصہ ڈالا ہے اللہ تبارک و تعالیٰ اس کو جزائے خیر دے اور اس کاوش کو اس کی مغفرت کا ذریعہ بنائے، آمین
دعا گو
سوئے حرم کا ایک ادنیٰ قاری
محمد اسلم ، پروڈکشن ؍ پلاننگ ڈیپارٹمنٹ
سینچری پیپر اینڈ بورڈ ملز