ہو چاہے اک زمانہ کسی رہنما کے ساتھ
ہم ہیں قسم خدا کی فقط مصطفیٰ کے ساتھ
منزل پہ ہم نہ پہنچے تو پہنچے گا اور کون
ہم جادہء سفر میں ہیں کس پیشوا کے ساتھ
یہ ساری کائنات ہے لولاک آشنا
منسوب ہر چراغ ہے نور الہدیٰ کے ساتھ
رشتہ ہر ایک صبح کا شمس الضحیٰ سے ہے
ہر شب کو ربطِ خاص ہے بدرالدجیٰ کے ساتھ
ممکن نہیں کہ بابِ کرم اس پہ وَا نہ ہو
شامل اگر ہو حسنِ عقیدت دعا کے ساتھ
ہم جانتے ہیں کیا ہے تقاضائے بندگی
صلِ علیٰ کا ورد بھی ذکرِ خدا کے ساتھ
اقبال نعت گوئی بھی اک شرف ہے مگر
لازم ہے اتباع بھی مدح و ثنا کے ساتھ