وقت ایسا قیمتی جوہر ہے جس کا اندازہ کم لوگوں کو ہوتا ہے۔ وقت کا نفع بخش استعمال سعادت مندی اور رب کریم کی رضا ہے۔ اگر آپ خواہش مند ہیں کہ آپ کو دنیا و عقبیٰ میں بلند مقام حاص ہو تو پھر آرام طلبی، سستی، فضول کاموں اور فضول گفتگو کو چھوڑ کر آج سے اللہ سے عہد کر کے ایک منٹ میں بہت سی حسنات جمع کیجیے۔ یہ سب آپ زبان سے اللہ کو یاد کر کے ، صدقہ کر کے ایک منٹ میں کر سکتے ہیں۔
۱۔ ایک منٹ میں آپ ، معتدل رفتار سے ‘‘سورۃ الفاتحہ’’ پڑھ سکتے ہیں۔ تین بار ‘‘سورۃ الفاتحہ’’ کا اجر و ثواب بہت زیاد ہے۔
۲۔ ایک منٹ میں آپ ‘‘سورۃ الاخلاص’’ کی دس سے زائد مرتبہ تلاوت کر سکتے ہیں۔ سورۃ الاخلاص کا ایک بار پڑھنا ایک تہائی قرآن پڑھنے کے برابر ہے۔
۳۔ ایک منٹ میں آپ قرآن پاک کا معتدل رفتار سے ایک صفحہ پڑھ سکتے ہیں۔ قرآن مجید کے ایک حرف پڑھنے کی دس حسنات ہیں۔ تو ایک صفحہ سے لا تعداد نیکیاں حاصل ہوں گی۔
۴۔ ایک منٹ میں آپ قرآن مجید کی مختصر آیت مبارکہ حفظ کر سکتے ہیں۔
۵۔ ایک منٹ میں آپ بیس مرتبہ ‘لا الہ الا اللّٰہ وحدہ لا شریک لہ، لہ الملک ولہ الحمد وہو علی کل شیء قدیر’ کہہ سکتے ہیں۔ اس عمل کا اجر اللہ کی رضا کے لیے اولاد اسماعیل میں آٹھ غلاموں کی آزادی کے اجر کے برابر ہے۔
۶۔ ایک منٹ میں آپ سو دفعہ ‘‘سبحان اللہ وبحمدہ’’ کہہ سکتے ہیں۔ سو دفعہ پڑھنے سے گناہ معاف کر دئیے جاتے ہیں۔ خواہ سمندر کی جھاگ کے برابر کیوں نہ ہوں۔
۷۔ ایک منٹ میں آپ پچاس دفعہ ‘‘سبحان اللّٰہ وبحمدہ سبحان العظیم’’ کہہ سکتے ہیں۔ صحیح بخاری و مسلم میں رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کہ یہ دو کلمات زبان پر ہلکے، میزان میں بھاری اور رحمان کو انتہائی محبوب ہیں۔
۸۔ ایک منٹ میں آپ چالیس سے زائد دفعہ ‘‘لا حول ولا قوۃ الا باللّٰہ العلی العظیم’’ پڑھ سکتے ہیں۔ یہ جنت کے خزانوں میں سے ایک خزانہ ہے۔ یہ کلمات مشکلات سے نمٹنے اور مہمات سر کرنے کا نسخہ کیمیا ہے۔
۹۔ ایک منٹ میں آپ پچاس دفعہ سے زائد مرتبہ ‘‘لا الہ الا اللہ’’ پڑھ سکتے ہیں۔ یہ کلمۂ طیبہ یقینا کلمات حسنہ میں سے افضل ترین عمل ہے۔ یہ کلمۂ توحید ہے۔ اگر کسی شخص ‘‘ایمان والے’’ کے یہ آخری الفاظ ہوں تو وہ جنت میں داخل ہو گا۔
۱۰۔ ایک منٹ میں آپ پندرہ مرتبہ ‘‘سبحان اللّٰہ و بحمدہ وعدد خلقہ ورضی نفسہ وزنۃ عرشہ ومداد کلماتہ’’ کہہ سکتے ہیں۔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا یہ کلمات بہت اجر و ثواب والے ہیں۔
۱۱۔ ایک منٹ میں آپ کئی بار ‘‘استغفر اللّٰہ الذی لا الہ الا ہو الحی القیوم واٰتوب الیہ’’ پڑھ کر اللہ رب العزت سے اس کی مغفرت اور بخشش کا گوہر طلب کر سکتے ہیں۔ استغفار توجنت میں دخول، آفات سے بچاؤ، مہمات میں آسانی، بارش اور رحمت کے نزول اور مال و اولاد میں اضافے و برکت کی موجب اور ثواب ہے۔
۱۲۔ ایک منٹ میں آپ ‘‘صلی اللہ علیہ وسلم’’ کہہ کر اللہ تعالیٰ کے رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر پچاس مرتبہ درود بھیج سکتے ہیں۔ بدلے میں آپ پر اللہ تعالیٰ کی جانب سے پانچ سو رحمتیں نازل ہوں گی۔
۱۳۔ ایک منٹ میں آپ چلنے والے راستے سے کوئی نقصان دہ چیز ہٹا سکتے ہیں۔
۱۴۔ ایک منٹ میں آپ کسی پریشان حال مسلمان بھائی کی کلمات خیر سے دلجوئی کر سکتے ہیں۔ یہ بھی عظیم عمل ہے۔
۱۵۔ ایک منٹ میں آپ کسی مسلمان بھائی کو مخلصانہ مشورہ دے سکتے ہیں۔ یہ بھی عمل صالح ہے۔
۱۶۔ ایک منٹ میں آپ کسی مسلمان بھائی کو کسی برے کام سے منع کر سکتے ہیں۔
۱۷۔ ایک منٹ میں آپ کسی مسلمان کا خیر کے کام میں ہاتھ بٹا سکتے ہیں۔
۱۸۔ ایک منٹ میں آپ کئی مسلمان بھائیوں سے سلام لے سکتے ہیں اور مصافحہ کر سکتے ہیں۔ اس عمل کی عظمت احادیث صحیحہ میں وارد ہے۔
۱۹۔ ایک منٹ میں آپ اپنے کسی عزیز کو فون کر کے صلہ رحمی کا عظیم اور اللہ تعالیٰ کا محبوب عمل صالح کر سکتے ہیں۔ اس عمل کی عظمت کا اندازہ اہل علم بخوبی جانتے ہیں۔
۲۰۔ ایک منٹ میں آپ بیٹھے ہوئے، چلتے ہوئے یا لیٹے ہوئے اپنے دل میں شکر ادا کر سکتے ہیں۔
۲۱۔ ایک منٹ میں آپ کسی آسان فہم اور نفع بخش کتاب کے دو صفحات کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کسی بھی وقت ہاتھ بلند کر کے کوئی سی بھی دعا اللہ رب العزت کے گوش گزار کر سکتے ہیں۔ اے ہمارے اللہ، عمل کی توفیق عطا فرما۔ آمین