نعت

مصنف : صابر عظیم ٓبادی

سلسلہ : نعت

شمارہ : 2014 فروری

 

نعت رسول کریمﷺ
گْلہائے عشق اور گْلِ سوسنِ خلوص
آئے نبی تو مہکا ہر اک گلشنِ خلوص
کرنے لگا ہوں جب سے محمدؐ کی پیروی
محفوظ ہے شرر سے مرا خرمنِ خلوص
لہرائے کیوں نہ بادِ صبا میرے ارد گرد
مہکا ہوا ہے بوئے نبی سے تنِ خلوص
دستِ خلوص اپنا نبیؐ کی طرف بڑھا
بنتا ہے روشنی کا سبب روزنِ خلوص
ظلم و ستم قریش کا سہنے کے باوجود
چھوڑا مرے نبی نے کہاں دامنِ خلوص
احسان آپ کا ہے بہت اس غلام پر
پھر کیوں کہوں نہ آپ کو میں محسنِ خلوص
ہے آپ ہی کے دم سے مرا قد بڑھا ہوا
ہے آپ ہی سے اونچی مری گردنِ خلوص
مانگوں گا پھر انہیں سے محبت کی بھیک میں 
وہ مصدرِ خلوص ہیں وہ مخزنِ خلوص
صابر مرا خلوص تھا محتاجِ فن مگر
سیکھا ہے میں نے عشقِ نبی سے فنِ خلوص
صابر عظیم آبادی