حمد باری تعالی
جو بھی ممکن ہیں اور جو ہیں نا ممکنات
منحصر اس کی مرضی پہ ہر ایک بات
ساری تعریفوں کی مستحق ایک ذات
جس نے تخلیق کی ہے یہ کل کائنات
ساری تنظیم و تقویم و تنصیبات
یہ زمانے کے ادورا، دن اور رات
یہ تغیر، تبدل، سکون و ثبات
منحصر اس کی مرضی پہ ہر ایک بات
٭٭٭
ہر قوی اس کے آگے ضعیف و حقیر
وہ ہی بخشے ہے توقیر یا تحقیر
کچھ نہ کام آ سکیں گے یہ پیر و فقیر
ان اللہ علی کل شئی قدیر
معجزے ہوں، کرامات یا بینات
منحصر اس کی مرضی پہ ہر ایک بات
٭٭٭
ہے یہ انسان تخلیق کا شاہکار
اس کو اذن و عمل کا ملا اختیار
ہے نتائج کا اللہ پر انحصار
وہ ہی مالک و خالق و پروردگار
رب کے آگے ہے بندے کی کیا اوقات
منحصر اس کی مرضی پہ ہر ایک بات
٭٭٭
جن کو حاصل ہوئی ہے متاعِ غرور
وہ سمجھ بیٹھے اللہ سے ہیں دور دور
کتنے ناداں ہیں ان کو نہیں ہے شعور
ان اللہ علیم بذات الصدور
توڑ دیجیے یہ بت ہائے لات و منات
منحصر اس کی مرضی پہ ہر ایک بات
٭٭٭
وہ ہے واحد، احد، لا شریک لہ
اس کا ہی ذکر ہے رات دن چار ُسو
باغِ عالم میں جو بھی ہے تازہ نمو
اور وہ پھول جو کھو چکے رنگ و بو
اس کے قبضے میں ہے سب حیات و ممات
منحصر اس کی مرضی پہ ہر ایک بات
اطہر عزیز