کورین ڈراموں اور BTS گانوں کی وجہ سے پاکستانی عوام میں کورین کلچر بارے جاننے کا بہت زیادہ شوق پیدا ہوگیا ہے اسی حوالے سے کورین عوام کی چند دلچسپ عادتوں کی بات کرتا ہوں۔
عبدہ جنوبی کوریا
1- کورین قوم کھانوں کی بہت زیادہ شوقین ہے، کورین کھانوں کی اتنی زیادہ اقسام ہیں کہ انہیں گننا مشکل ہے۔ ایک ہی طرح کا کھانا بار بار نہیں کھاتے۔
2- کورین کچی سبزیاں پھل اور دودھ بہت شوق سے کھاتے ہیں۔ ہر سبزی کا اچار اور سرکہ بناتے ہیں۔ کچی سبزی پر سرکہ اور زیتون کا تیل ڈال کر کھاتے ہیں۔
3- کورین کھانے میں نمک، آئل اور چینی سخت ناپسند کرتے ہیں جبکہ سرخ مرچ بہت شوق سے کھاتے ہیں۔
4- کورین ناشتہ آٹھ بجے، لنچ بارہ بجے اور ڈنر بہت جلدی کرنے کے عادی ہیں۔
5- ہر کھانے کے بعد دانت لازمی صاف کرتے ہیں حتی کہ دفتر میں بھی لنچ کے بعد دانت صاف کرتے ہیں۔
6- کورین سیر وسیاحت کے بہت شوقین ہیں چھٹی کا دن پہاڑ، ساحل، پارک، تاریخی مقامات اور عجائب گھر میں گزارتے ہیں۔
7- پیدل چلنے، ورزش کرنے اور جم جانے کے شوقین ہیں۔ حتی کہ فون پر لمبی بات کرنی ہو تو بیٹھنے کی بجائے چلتے ہوئے بات کرتے ہیں کہ ساتھ ایکسرسائز بھی ہوجاتی ہے۔
8- کورین خواتین میک اپ کی بہت شوقین ہیں سوتے وقت اور باہر جانے کا علیحدہ علیحدہ میک اپ ہے، گرمی اور سردی کا علیحدہ میک اپ ہے۔ بے تحاشہ میک اپ کرنے کے باوجود دیکھ کر یہ پتہ نہیں چلتا کہ میک اپ کیا ہوا ہے یا نہیں۔
9- کورین پلاسٹک سرجری کروا کر خوبصورت بننے والی قوم ہے۔ ہر عمر کے مرد وخواتین پلاسٹک سرجری ضرور کرواتے ہیں تقریباً ہر پانچواں شہری اپنی پلاسٹک سرجری کروا چکا ہے۔
10- بچے موبائل فون اور وڈیو گیمز بہت زیادہ کھیلتے ہیں اس لئے اکثریت کی نظر کمزور ہے۔
11- کورین بہت زیادہ شراب اور سگریٹ نوشی کے عادی ہیں۔ شراب نوشی اور سگریٹ پینے میں خواتین کی تعداد مردوں سے بھی زیادہ ہے۔
12- کورین الگ تھلگ رہنے کے عادی ہیں ایک دوسرے سے اس کے کام’ کاروبار تنخواہ گھر اور شادی کے بارے پوچھنا سخت برا سمجھا جاتا ہے۔ ایک دوسرے کے کام میں دخل نہیں دیتے۔ برسوں گزر جانے پر بھی اپنے ہمسائے سے لاعلم ہوتے ہیں۔
13- سالوں ساتھ کام کرنے کے باوجود کسی کے گھر کا پتہ نہیں ہوتا اور ملاقات کیلئے کسی کے گھر جانے کی بجائے پارک ریسٹورنٹ اور کافی شاپ میں ملاقات کرتے ہیں۔
14- کسی کی بات بہت توجہ سے سنتے ہیں ملتے ہوئے ادھر ادھر دیکھنا اور فون استعمال کرنا برا سمجھتے ہیں۔
15- ملتے ہوئے چہرے پر مسکراہٹ لازمی دیتے ہیں سپاٹ چہرے سے ملنا معیوب سمجھتے ہیں۔
16- ہر کام اور بات میں دوسروں کا شکریہ ادا کرنا کورین کلچر کا لازمی حصہ ہے۔
17- دکاندار ہر گاہک کو مسکراتے ہوئے خوش دلی سے باآواز بلند خوش آمدید کہتا ہے اور واپس جاتے ہوئے شکریہ ادا کرتا ہے۔ جو دکاندار خوش آمدید یا شکریہ نہ کہے کورین اس کی دکان میں دوبارہ جانا پسند نہیں کرتے۔
18- شاپنگ اور مہنگے مشہور برانڈ کے کپڑے جوتے پسند کرتے ہیں۔
19- گھر میں کام کاج کیلئے نوکر اور خادم کا کوئی تصور نہیں پایا جاتا پوری فیملی ملکر گھر کے کام کرتے ہیں۔
20- گھر داخل ہوتے ہی جوتے دروازے پر اتار دیتے ہیں باہر کے جوتے گھر کے اندر لے جانا اچھا نہیں سمجھتے۔ رات کو سونے سے پہلے ضرور نہاتے ہیں۔ میز کرسی کی بجائے زیادہ تر نیچے بیٹھ کر کھاتے ہیں اور بیڈ کی بجائے زیادہ تر فرش پر سوتے ہیں۔
21- کورین وقت کے پابند ہیں۔ آندھی طوفان آئے دنیا ادھر کی ادھر ہوجائے وقت کی پابندی کرنا فرض سمجھتے ہیں۔ اگر کبھی دیر ہوجائے تو پہلے فون کرکے بتاتے ہیں اور
پہنچ کر سب سے پہلے معذرت کرتے ہیں۔
22- صفائی کا خیال رکھتے ہیں گلی محلے بازار پارک میں کچرا پھینکنا سخت برا سمجھا جاتا ہے۔
متفرقات
کورین کلچر
محمد عبدہ