استاد جی نے ایک دن میرا ہاتھ تھاما اور کہا ‘‘دیکھ بچے، اپنے عہد میں جینے کے طور طریقے اور ہوتے ہیں جبکہ تاریخ میں جینے کے رنگ وانداز اور ہوتاہے۔ جن لوگوں نے تاریخ میں جینے کا فیصلہ کیا ،زمانے نے انہیں اپنی جوتی کی نوک پر رکھا اوران کا دامن ان کے عہد میں ہمیشہ اشکوں سے بھیگتا ہی رہا ۔ ان کے عہد کی وہ کون سی گالی تھی جو انہیں نہیں دی گئی اور وہ کون سا پتھر تھا جس سے ان کی آشفتہ سری کا علاج کر نے کو کوشش نہیں کی گئی۔ان کا عہد تو ان کی موت کے سو برسوں بعد جا کر ان کا عہد بنا ،جب غلام فکر نے غلام گردشوں سے نجات حاصل کی۔لیکن المیہ یہ ہوا کہ وہ شعور کے نام پر سو برس پرانی فکر کے امین بن گئے اور اپنے دو ر کی نئی فکر کو گالیاں دینے اور پتھر مارنے میں مشغول ہو کر مسترد کر دیا۔
میں جھنجھلا کر اپنا ہاتھ چھڑاتے ہوئے استاد جی سے نظریں چراتے ہوئے پوچھا۔’’ قبلہ ،اپنے عہد میں بھی جینے کا کیا کوئی فن ہے ؟ ’’ تو انہوں نے دوبارہ میرا ہاتھ قدرے سختی کے ساتھ پکڑتے ہوئے کہا کہ بہت ہی آسان ہے۔ زمانے کے ساتھ ساتھ چلتے جاؤ ،زمانے کے امام بن جاؤ گے۔۔ چلو تم ادھر کو ہوا ہے جدھر کی ،تم دیکھنا ،یہ معاشرہ تمھیں پھولوں کے ہار پہنائے گا۔ تم کسی بلند مقام پر کھڑے ہو جاؤ یا اونچے منصب پر بیٹھ کر جھوٹ کے ذریعے لوگوں کی آنکھوں میں دجل اور فریب کی مٹی اڑاؤ۔ یہ تمھیں عالیشان مسندیں عطا کریں گے ۔ میں نے دلچسبی سے استاد جی آنکھوں میں دیکھا تو انہوں نے میری جانب غصے سے دیکھتے ہوئے کہا کہ ’’بس حیا کو اپنے وجود سے ایسے نکال پھینکو جیسے مکھن سے بال کو نکال دیا جاتا ہے۔‘‘ میں نے کہا حضور کوئی درمیانی راستہ ہے ؟ تو استاد جی قہقہ لگاتے ہوئے کہا کہ دوسرا راستہ ہی تو درمیانی راستہ تھا ۔ کچھ دیر خاموشی رہی ،پھر انہوں نے اٹھتے ہو ئے کہا کہ اب تمھیں تاریخ پڑھ کر خود فیصلہ کرنا ہے کہ تمھیں تاریخ میں زندہ رہنا ہے یا اپنے عہد میں جینا ہے ،اور میں آج تک فیصلہ نہیں کر پایا کہ مجھے کیسے جینا ہے۔۔۔
جمعے کی شام جیو ٹی وی پر ’’ایک دن جیو کے ساتھ میں ‘‘ شجاع آباد ملتان سے تعلق رکھنے والے مشہور سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کی زندگی کی نقاب کشائی کی گئی ۔ گرد سے اٹی ،دھول اڑاتی گلیوں میں ،کچی مٹی کے گارے سے بنی ،پکی اینٹوں کی چار دیواری ،شاکر شجاع آبادی کی غربت کا مذاق اڑانے کے لیے کافی تھی۔ ان کچی گلیوں کی گرد اڑاتی خاک نے شجاع آباد کو شاکر دیا جس کے آنسوؤں نے سرائیکوں کو ایک نئی پہچان عطا کی۔ شاکر کی آنکھوں سے بہنے والے آنسو ہر زیر دست طبقے کی نمائندگی کرتے ہیں۔کسی نے کہا تھا کہ منیر نیازی نے اچھی شاعری کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔شاکر شجاع آبادی کو بھی قدرت نے کچھ نہیں دیا، یہاں تک مافی الضمیر کے اظہار کے لیے زبان بھی اظہار سے عاجز آ چکی ہے، لیکن احساسات کی دنیا کی بادشاہی میں لفظ اس کی جاگیر ہیں۔ وہ جیسے اور جب چاہتا ہے اپنی فکر کے سورج کو چڑھا دیتا ہے۔ معاشرے کی اونچ نیچ کے خلاف اس کی ذہنی اور فکری بغاوت کی صورت گری جب اس کے الفاظ کر تے ہیں تو رگ و پے میں آگ بھڑک جاتی ہے ۔ وہ خیال کا خالق اور حرف کا مصور ہے۔ شاکر کے تصور سے بننے والی ساری تصویروں میں آہیں اور سسکیاں محسوس کی جا سکتی ہیں۔جیسے جاڑے کی راتوں میں لٹے قافلے کے جلے ہوئے خیموں کے گرد بیٹھے بھوک اور پیاس سے بلکتے بچوں کی آہیں اور سسکیاں ،اس کے آنسو تھمنے کا نام نہیں لیتے۔اس کی برداشت شعروں میں ڈھلتی ہے تو قہر بن جاتی ہے۔وہ اس مجبور کے احساس کا مالک ہے جس کے اپنے بچے تو بھوک سے رات بھر سو نہیں سکتے لیکن وہ دوسروں کے بچوں کو کھلاتے پلاتے شام کر دیتا ہے۔ وہ خدا پرست ہے لیکن اسے شکوہ ہے کہ غریب ہر وقت آنسوؤں کی تسبیح پھیرتا رہتا ہے لیکن اس کی دعا سنی نہیں جاتی۔
شجاع آباد کی تنگ و تاریک گلیوں میں علم کی روشنیاں بانٹنے والا شاکر شجاع آبادی اپنے عہد میں بھی مقبول ہے لیکن یہ مقبولیت اسے دو وقت کی روٹی نہیں دیتی۔ مقبولیت سے پیٹ تھوڑی ہی بھرے جاتے ہیں۔ مقبول تو جالب بھی تھے ،عمر بھر بغاوت کی لیکن زندگی کیسے گزری ، کاش کوئی یہ بات جالب کی بیوہ سے پوچھتا یا اسی کی بیٹی طاہرہ سے پوچھے۔ ہم تو صرف یہ سمجھتے ہیں کہ شاعر وں کا کلام عشائیے کے بعد واہ واہ کرنے اور تالیاں بجا کر کھانا ہضم کر نے کے لیے ہو تا ہے۔ یا تقریر کے دوران گنگنا کر مجمع اٹھانے کے کام آتا ہے۔
وقت تیزی سے بدل رہا ہے۔شاکر شجاع آبادی کے آنسو ایک نئی فکر کی پرورش کر رہے ہیں ،وہ ایک نیا معاشرہ تخلیق کر رہا ہے جس میں لوگ مذہب ،سیاست اور لسانیت کے بجائے ظالم اور مظلوم کے نام پر لڑیں گے۔ وہ فرقہ واریت کے بجائے سماجی انصاف کے حصول کے لیے ٹکرائیں گے۔ شاکر شجاع آبادی کے آنسوؤں میں بے بسی کے خلاف احتجاج ہی نہیں ، اپنے عہد کی مکمل بغاوت کا سامان موجود ہے ، شاید اس دھرتی پر وہ وقت آن پہنچا ہے جب سچے لوگ صرف تاریخ میں ہی نہیں اپنے عہد میں بھی جئیں گے۔ ان کی فکر سے وہ چراغ جلنا شروع ہو چکے ہیں جنہیں زمانے کی ہوا ،بجھا نہ سکے گی۔ سوال یہ ہے کہ ہم کب ان آوازوں پر لبیک کہیں گے جو ہمیں مصنوعی اور فروعی موضوعات پر لڑانے کے بجائے مل جل کر انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے متوجہ کر تی رہتی ہیں اور ہماری غفلت پر کڑھتی رہتی ہیں۔ بڑی آوازیں صرف بڑے شہروں اور ایوانوں میں ہی نہیں گونجتیں بلکہ کسی دور افتادہ دیہات کی گلیوں میں واقع کچے گھروں میں بھی سنی جا سکتی ہیں۔ بس ان آوازوں کو سننے کے لیے دل اور دماغ کی ضرورت ہے۔ میرا جی چاہتا ہے کہ میں جاؤں اور اپنے استاد جی کا ہاتھ پکڑ کر انہیں یقین دلاؤں کہ استاد جی ، شانت ہو جائیے ، اب جوتی کی نوک پر رکھنے والا سیاہ دور ختم ہو نے والا ہے۔ نوجوان سمجھنا چاہتے ہیں ،بس آپ ہمت کیجئے۔
شاکر کی شاعری سے انتخاب
فکر دا سج ابھردا ہئے سوچیندیاں شام تھی ویندی
خیالیں وچ سکون اجکل گولیندیاں شام تھی
ویندی
انھاں دے بال ساری رات روندین، بْھک توں سْمدے نئی
جنھاں دی کہیں دے بالاں کوں کھڈیندیاں شام تھی ویندی
غریباں دی دعا یارب خبر نہیں کن کریندا ہیں
سدا ہنجوؤاں دی تسبیح کْوں پھریندیاں شام تھی ویندی
کڈھیں تاں دْکھ وی ٹل ویسن کڈھیں تاں سکھ دے ساھ ولسن
پْلا خالی خیالاں دے پکیندیاں شام تھی ویندی
مینڈا رازق رعایت کر نمازاں رات دیاں کردے
جو روٹی رات دی پوری کریندیاں شام تھی ویندی
میں شاکر بْھک دا ماریا ہاں مگر حاتم تْوں گھٹ کائینی
قلم خیرات مینڈی ہے چلیندیاں شام تھی ویندی
اے پاکستان دے لوکو ! پلیتیاں کوْں مٹا ڈیوؤ
نتاں اے جئیں وی ناں رکھئے، اے ناں اوں کوں ولا ڈیوؤ
جتھاں مخلص نمازی ہنِ اْو مسجد وی ہے بیت اللہ
جو مْلاّں دے دکاناں ہنِ مسیتاں کوں ڈہا ڈیوؤ
اْتے انصاف دا پرچم تلے انصاف وِکدا پئے
اِیہو جئیں ہر عدالت کْوں بمع عملہ اْڈہ ڈیوؤ
پڑھو رحٰمن دا کلمہ بنڑوں شیطان دے چیلے
منافق توْں تاں بہتر ہےِ جو کافر ناں رکھا ڈیوؤ
جے سچ آکھنڑ بغاوت ہےِ بغاوت ناں ہےِ شاکر دا
چڑھاؤ نیزے تے سر بھانویں میڈے خیمے جلا ڈیوؤ
زندگی ھک بوجھ ھے بس چئی وداں
چائی نی پر کنڈھ پچھوں لڑکئی وداں.
زندگی ایک بوجھ ہے، بس اٹھائے پھرتا ہوں
اٹھائی نہیں جاتی ، لیکن پشت پر لٹکائے پھرتا ہوں
اجھو مکدے پندھ گھر نزدیک ھے
تھکے بت کوں ایہو لارا لئی وداں.
ابھی سفر ختم ہونے ہی والا ہے ، گھر نزدیک ہے
تھکے ہارے جسم کو یہی جھوٹی تسلی دئیے پھرتا ہوں
تھک پیا ھوسیں میاں آرام کر
ھیں صدا کہیں دی تے کن کڑکئی وداں.
تھک گئے ہوگے، میاں اب آرام کر لو
کسی کی ایسی آواز سننے پر کانوں کو لگائے پھرتا ہوں
کون لیندے گل غریباں کوں بھلا
آپ شاکر آپ کوں گل لئی وداں.
کون غریبوں کو گلے لگاتا ہے بھلا
شاکر اپنے آپ کو خود ہی گلے لگائے پھرتا ہوں
سجھ ابھرے تاں روٹی منگن، روندے روندے دیگر ڈھلے
ماں شودی پئی لارے لالا، بال سماوے ٹالھی تلے
ناں کوئی کوٹھا ناں کوئی چھپری، لگے پالا بھاہ نہ بلے
رات انھاں دی کیویں نبھسی، سوچ وچار اچ چیتا رلے
دیگر ڈھلے ٹالھی تلے، بھاہ ناں بلے، چیتا رلے
بْکھے بال دے سامنے شاکر، شالا اٹا کوئی ناں ملے
(ترجمہ: سورج طلوع ہونے کے ساتھ ہی بچے روٹی مانگنا شروع کرتے ہیں اور روتے روتے غروب آفتاب کا وقت ہو جاتا ہے۔ بیچاری ماں بچوں کو جھوٹے دلاسے دے دے کر شیشم کے درخت کے نیچے سلانے کی کوشش کرتی ہے۔ کوئی کمرہ ہے، نہ جھونپڑی۔ سردی لگتی ہے، لیکن جلانے کے لئے آگ تک میسر نہیں۔ ایسے میں رات کیسے گزرے گی، یہ پریشانی دماغ کو کھائے جاتی ہے۔ شیشم کے درخت کے نیچے دن ڈھل رہا ہے، آگ بھی نہیں جل رہی، اور یہ فکرمندیاں دماغ کو چاٹ رہی ہیں۔ بھوکے بچوں کے سامنے شاکر، اللہ کرے کوئی بھی آٹا نہ گوندھے۔)