نعت رسول کریمﷺ
معجزہ ہے آیۃ والنجم کی تفسیر کا
ایک ایک نقطہ ستارہ ہے مری تحریر کا
آپ کی نسبت ہے مجھ کو باعثِ عزّ و شرف
آپ کی مدحت وسیلہ ہے مری توقیر کا
کس طرح گزریں گے یہ دوری کے روز و شب حضور
صبح کرنا شام کا لانا ہے جوئے شیر کا
کب مجھے بلوائیں گے آقا حریمِ قدس میں
خوابِ ہستی منتظر ہے جلوہ تعبیر کا
آہِ غم دل سے اٹھی اور بابِ رحمت کھل گیا
میں نے دیکھا ہے یہ منظر آہ کی تاثیر کا
جنتِ خوابِ تمنا ہے مدینے کا خیال
شہرِ رنگ و بو علاقہ ہے مری جاگیر کا
خاک ہو کر راہِ طیبہ میں بکھر جاؤں ایاز
یہ حسیں رخ ہے مری تخریب میں تعمیر کا
ایاز صدیقی