نعت رسول کریمﷺ

مصنف : عزیز بگھروی

سلسلہ : نعت

شمارہ : اکتوبر 2009

 

سبق توحید خالص کا پڑھانے آپؐ آئے تھے
خدا سے اس کے بندوں کو ملانے آپؐ آئے تھے
 
رخ اسرار سے پردہ اٹھانے آپؐ آئے تھے
حیات و موت کا چہرہ دکھانے آپؐ آئے تھے
 
ازل سے جو سناتے آئے تھے اس کے فرستادے
وہی پیغام دنیا کو سنانے آپؐ آئے تھے
 
جفا و جبر شیوہ بن چکا تھا اہل دنیا کا
محبت کا چلن ان کو سکھانے آپؐ آئے تھے
 
جکڑ رکھا تھا اک اک شخص کو زنجیر خواہش نے
ہوس کی قید سے ان کو چھڑانے آپؐ آئے تھے
 
ہجوم جادۂ ہستی میں گم تھی منزل ہستی
شعور جادۂ منزل جگانے آپؐ آئے تھے
 
پریشاں تھے مصائب سے عزیز اہل جہاں سارے
غم و آلام سے ان کو بچانے آپؐ آئے تھے