فیصل آباد شہر پاکستان کے صوبہ پنجاب کا ایک اہم ترین شہر ہے. اس شہر کو زمانہ قدیم میں لائلپور کہا جاتا تھا. اب فیصل آباد اپنی صنعتی ترقی کی وجہ سے بہت اہمیّت کا حامل ہے. اس شہر کو مانچسٹر آف ایشیا بھی کہا جاتا ہے. کراچی اور لاہور کے بعد یہ پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ہے.
فیصل آباد 1892ء میں برطانیہ کے سر چارلس جیمز لائل نے دریافت کیا. اس وقت اس کا نام اسی کی مناسبت سے لائلپور رکھا گیا. یہ شہر بھیڑ بکریوں اور دیگر مویشیوں کیلئے بہت معروف تھا کیونکہ یہاں جھاڑیاں اور سبزہ بہت زیادہ تھا. 1892ء میں اسے جھنگ اور گو گیرہ کی نہروں سے سیراب کیا جاتا تھا. 1895 میں یہاں پہلی دفعہ رہائشی کالونیاں بنائی گئیں. اس وقت ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شاہدرہ کے درمیانی علاقے کو ساندل بار کہا جاتا تھا.جبکہ فیصل آباد کی ابتدائی تاریخ میں یہاں پکا ماڑی نامی ایک قصبہ پہلے ہی موجود تھا جسے آجکل پکی ماڑی بھی کہا جاتا ہے.
فیصل آباد اْنیسویں صدی کے اوائل میں گوجرانوالہ، جھنگ اور ساہیوال کا حصہ ہوا کرتا تھا. لاہور جانے کے لئے تمام تاجر اور سیاح یہاں پڑاؤ کرتے تھے. آہستہ آہستہ اس کی اہمیت بڑھتی گئی اور اس بڑھتی ہوئی اہمیت کا اندازہ ایک انگریز سیاح کو بہتر طور پر ہوا تو اْس نے اِس شہر کو بنانے کی کوشش شروع کر دی. اس کا نمونہ کیپٹن پوہم ینگ نے ڈیزائن کیا جس میں ایک بہت بڑا کلاک ٹاور تعمیر کیا گیا جس کو آٹھ بازار جاتے تھے. ان بازاروں کو بڑے عمدہ فنِ تعمیر سے تیار کیا گیا. پھر شہر میں آہستہ آہستہ انڈسٹریل کاموں کا آغاز ہوتا گیا اور ملحقہ علاقوں میں سے لوگ شہر کی طرف آنا شروع ہو گئے. 1977ء میں اس شہر کا نام لائلپور سے فیصل آباد رکھا گیا. یہ نام سعودی عرب کے بادشاہ شاہ فیصل کی نسبت سے رکھا گیا کیونکہ انہوں نے فیصل آباد کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا. 1985ء میں اس شہر کوڈویژن کا درجہ دے دیا گیا جس میں ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور فیصل آباد اضلاع شامل کیے گئے.
ضلع فیصل آباد کا کل رقبہ 5،856 مربع کلو میٹر ہے جبکہ اس کی آبادی تقریباً 35،47،446 افراد پر مشتمل ہے. اس کی چھ تحصیلیں ہیں جس میں فیصل آباد شہر، فیصل آباد صدر، چک جھمرہ، جڑانوالہ سمندری اور تاندلیانوالہ شامل ہیں.
لائلپور ٹاؤن، جناح ٹاؤن، اقبال ٹاؤن اور مدینہ ٹاؤن فیصل آباد شہر کے اہم ترین مقامات ہیں. فیصل آباد کو ایگری کلچر یونیورسٹی کی وجہ سے عالمی سطح پر شہرت حاصل ہے جس میں تقریباً تمام شعبوں کے علیحدہ علیحدہ انسٹیٹیوٹ بنائے گئے ہیں. علاوہ ازیں ہمدرد یونیورسٹی، جی سی یونیورسٹی اور انجینرنگ اور ٹیکنالوجی یونیورسٹی بھی اپنا خاص مقام رکھتی ہیں. پاکستان میں فیصل آباد کو ٹیکسٹائل کے شعبے میں بھی برتری حاصل ہے جس میں کئی ٹیکسٹائل ملز اور فنی تعلیمی ادارے شامل ہیں. فیصل آباد شہر سے 10 کلو میٹر کے فاصلے پر ائیر پورٹ ہے جہاں ملکی و غیر ملکی پروازیں آتی ہیں. یہاں کئی تاریخی اور تفریحی مقامات بھی شامل ہیں جن میں کلاک ٹاور (گھنٹہ گھر)، جناح باغ، گٹ واالہ پارک اور دیگر فن لینڈ بھی شامل ہیں.