فضائل حسن و حسین رضی اللہ عنہما

مصنف : محمد عارف علوی

سلسلہ : گوشہ محرم

شمارہ : نومبر 2012

حضرت براء بن عازب رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ میں نے دیکھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت حسن بن علی رضی اللہ تعالی عنہ کو اپنے مبارک کندھے پر اٹھایا ہوا تھا اور آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم فرما رہے تھے، ''اے اللہ! میں اس سے محبت کرتا ہوں پس تو بھی اس سے محبت فرما''۔ (بخاری، مسلم)

 حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ میں دن کے ایک حصہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ساتھ نکلا ،آپ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی رہائش گاہ پر تشریف فرما ہوئے اور فرمایا، کیا بچہ یہاں ہے؟ یعنی حسن رضی اللہ تعالی عنہ۔ تھوڑی ہی دیر میں وہ دوڑتے ہوئے آگئے یہاں تک کہ دونوں ایک دوسرے کے گلے سے لپٹ گئے۔ آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا، ''اے اللہ! میں اس سے محبت رکھتا ہوں تو بھی اس سے محبت رکھ اور اس سے بھی محبت رکھ جو اس سے محبت رکھے''۔ (بخاری، مسلم)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ارشاد ہے ،جس نے ان دونوں یعنی حسن وحسین سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے ان دونوں سے بغض رکھا اس نے مجھ سے بغض رکھا۔ (فضائل الصحابہ)

 حضرت ایاس رضی اللہ تعالی عنہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ میں اس سفید خچر کی لگام پکڑ کر چلا ہوں جس پر میرے آقا نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور حضرت حسن و حضرت حسین سوار تھے یہانتک کہ وہ نبی کریم کے حجرہ مبارکہ میں داخل ہو گئے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم آگے سوار تھے اور حسنین کریمین آپ کے پیچھے بیٹھے ہوئے تھے۔(مسلم)

حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ جب حسن پیدا ہوا تو میں نے اس کا نام حمزہ رکھا اور جب حسین پیدا ہوا تو اس کا نام جعفر رکھا۔ مجھے آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے بلا کر فرمایا، مجھے انکے نام تبدیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ میں نے عرض کی، اللہ اور اسکا رسول بہتر جانتے ہیں۔ تو حضور نے ان کے نام حسن اور حسین رکھے۔ (مسند احمد، حاکم)

حضرت ابوبکرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ میں نے دیکھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم منبر پر جلوہ افروز تھے اور حسن رضی اللہ تعالی عنہ آپ کے پہلو میں تھے کبھی آپ لوگوں کی جانب متوجہ ہوتے اور کبھی ان کی طرف ،پھر آپ نے ارشاد فرمایا،'' میرا یہ بیٹا حقیقی سردار ہے اور اس کے ذریعے اللہ تعالیٰ مسلمانوں کے دو بہت بڑے گروہوں میں صلح کروادے گا''۔ (بخاری، ترمذی)

حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا،کیا میں تمہیں ان کے بارے میں نہ بتاؤں جو اپنے نانا نانی کے لحاظ سے سب لوگوں سے بہتر ہیں؟ کیا میں تمہیں ان کے بارے میں نہ بتاؤں جو اپنے چچا اور پھوپھی کے لحاظ سے سب لوگوں سے بہتر ہیں؟ کیا میں تمہیں ان کے بارے میں نہ بتاؤں جو اپنے ماموں اور خالہ کے لحاظ سے سب لوگوں سے بہتر ہیں؟ کیا میں تمہیں ان کے بارے میں نہ بتاؤں جو اپنے ماں باپ کے اعتبار سے سب لوگوں سے بہتر ہیں؟ وہ حسن اور حسین ہیں۔ان کے نانا اللہ تعالیٰ کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم، انکی نانی خدیجہ بنت خویلد،ان کی والدہ فاطمہ بنت رسولْ اللہ، انکے والد علی بن ابی طالب، انکے چچا جعفر بن ابی طالب، انکی پھوپھی ام ہانی بنت ابی طالب، انکے ماموں قاسم بن رسول اللہﷺ اور انکی خالہ اللہ کے رسول کی بیٹیاں زینب، رقیہ اور ام کلثوم ہیں رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین۔ ان کے نانا، نانی، والد، والدہ،چچا، پھوپھی، ماموں، خالہ سب جنت میں ہونگے اور وہ دونوں یعنی حسن و حسین بھی جنت میں ہونگے۔ (طبرانی فی الکبیر،مجمع الزوائد)

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاسے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حسن اور حسین کی پیدائش کے ساتویں دن اْن کی طرف سے دو دو بکریاں عقیقہ میں ذبح کیں۔ (مصنف عبدالرزاق،ابن حبان)

حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ساتھ حسن رضی اللہ تعالی عنہ سے زیادہ مشابہت رکھنے والا کوئی نہیں تھا اور حضرت حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے متعلق بھی فرمایا کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے بہت مشابہت رکھتے تھے۔ (بخاری، ترمذی)

حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ حضرت حسن سینے سے سر تک رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے مشابہت رکھتے ہیں اورحضرت حسین سینہ سے نیچے نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے سب سے زیادہ مشابہت رکھتے ہیں۔(ترمذی)

سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ وہ حضرت حسن اور حضرت حسین رضی اللہ عنہما کو رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مرضْ الوصال کے دوران آپ کی خدمت میں لائیں اور عرض کی، یارسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم! انہیں اپنی وراثت میں سے کچھ عطا فرمائیں۔ آقا کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا، حسن میری ہیبت اور سرداری کا وارث ہے اور حسین میری جرات اور سخاوت کا وارث ہے۔ (طبرانی فی الکبیر، مجمع الزوائد)

حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے مجھے اور حضرت حسن رضی اللہ تعالی عنہ کو پکڑا اور فرمایا، اے اللہ ! میں ان دونوں سے محبت رکھتا ہوں تو بھی ان دونوں سے محبت رکھ۔ دوسری روایت میں ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم انہیں پکڑ کر اپنی ایک ران پر بٹھالیتے اور حضرت حسن بن علی رضی اللہ تعالی عنہ کو دوسری رانِ مبارک پر۔ پھر یہ کہتے، اے اللہ! ان دونوں پر رحم فرما کیونکہ میں بھی ان پر مہربانی کرتا ہوں۔ (بخاری)

 حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقا و مولیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا، جو مجھ سے محبت کرتا ہے اس پر لازم ہے کہ وہ اِن دونوں یعنی حسن وحسین سے بھی محبت کرے۔ (فضائل الصحاب للنسائی، صحیح ابن خزیمہ، مجمع الزوائد)

حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حسن بن علی رضی اللہ تعالی عنہ کو اپنے کندھے پر اٹھایا ہوا تھا تو ایک آدمی نے کہا ،اے لڑکے ! کیا خوب سواری پر سوار ہو۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ سوار بھی تو بہت خوب ہے۔ (ترمذی)

حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے حسن و حسین کو آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مبارک کندھوں پر سوار دیکھا تو اْن سے کہا، آپ کی سواری کتنی اچھی ہے!نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا، یہ بھی تو دیکھو کہ سوار کتنے اچھے ہیں۔ (مسند بزار،مجمع الزوائد)

حضرت عقبہ بن حارث رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالی عنہ نے نماز عصر پڑھی پھر باہر نکلے اور ان کے ساتھ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ تھے۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالی عنہ نے حضرت حسن رضی اللہ تعالی عنہ کو بچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھا تو اسے اپنے کندھے پر اٹھالیا اور فرمایا ، میرا باپ قربان ! تم نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مشابہت رکھتے ہو اور علی سے مشابہت نہیں رکھتے جبکہ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ ہنس رہے تھے۔(بخاری)

حضرت ابو سعید رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ، حسن اور حسین دونوں جنتی جوانوں کے سردار ہیں۔(ترمذی،مسند احمد، صحیح ابن حبان)

حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا، حسن اور حسین دونوں دنیا میں سے میرے دو پھول ہیں۔ (ترمذی،مسند احمد، صحیح ابن حبان)

حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ ایک رات میں کسی کام سے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر ہوا۔آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم باہر تشریف لائے۔ آپ نے چادر میں کوئی چیزلی ہوئی تھی اور مجھے معلوم نہ ہو سکا کہ وہ چیز کیا ہے۔جب میں اپنے کام سے فارغ ہوگیا تو عرض گزار ہوا،میرے آقا!آپ نے کس چیز پر چادر لپیٹی ہوئی ہے؟ آپ نے چادر ہٹائی تو دیکھا کہ آپ کی دونوں رانوں پر حسن اور حسین موجود ہیں۔ فرمایا، یہ دونوں میرے بیٹے اور میری بیٹی کے بیٹے ہیں۔ اے اللہ ! میں ان دونوں سے محبت رکھتا ہوں پس تو بھی اِن سے محبت رکھ اور اْن سے بھی محبت رکھ جو ِان دونوں سے محبت رکھیں۔ (ترمذی، صحیح ابن حبان)

حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے پوچھا گیا کہ اپنے اہل بیت سے آپ کو سب سے پیا را کون ہے؟ فرمایا ، حسن اور حسین۔ آپ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا کرتے ، میرے دونوں بیٹوں کو میرے پاس بلاؤ۔ پھرآپ دونوں کو سونگھا کرتے اور انہیں اپنے ساتھ لپٹا لیا کرتے۔ (ترمذی،مسند ابویعلیٰ)

حضرت بریدہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خطبہ دے رہے تھے کہ اس دوران حسن اور حسین آگئے۔ ان کے اوپر سرخ قمیضیں تھیں اور وہ گرتے پڑتے چلے آرہے تھے تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منبر سے اترے، دونوں کو اٹھایا اور سامنے بٹھالیا۔ پھر فرمایا، اللہ تعالیٰ نے سچ فرمایا ہے،انما اموالکم واولادکم فتنہ۔'' بیشک تمہارے مال اور تمہاری اولاد آزمائش ہیں''۔ میں نے ان دونوں بچوں کو دیکھا کہ گرتے پڑتے آرہے ہیں تو میں صبر نہ کرسکا اور اپنی بات چھوڑ کر ان دونوں کو اٹھالیا۔ (ترمذی، ابو داؤد، نسائی)

حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت حسن اور حضرت حسین کے لیے (خاص طور پر ) کلماتِ تعوذ کے ساتھ دَم فرماتے۔ آپ نے یہ ارشاد فرمایا، تمہارے جدِ امجد یعنی ابراہیم علیہ السلام بھی اپنے صاحبزادوں اسماعیل و اسحاق علیہم السلام کے لیے اِن کلمات کے ساتھ دَم کرتے تھے۔ اَعْوذْ بِکَلِمَاتِ اللّٰہِ التَّامَّۃِ مِن کْلِّ شَیطٰنٍ وَّھَّامٍَّ وَّمِن کْلِّ عَینٍ لاَّمٍَّ۔ ''میں اللہ تعالیٰ کے کامل کلمات کے ذریعے ہر شیطان اور بلا سے اور ہر نظرِ بد سے پناہ مانگتا ہوں''۔ (بخاری، ابن ماجہ)

حضرت یعلیٰ بن مرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا، حسین مجھ سے ہے اور میں حسین سے ہوں۔اللہ اس سے محبت کرے جو حسین سے محبت کرتا ہے۔ حسین میری اولاد میں سے ایک فرزند ہے۔ (ترمذی،ابن ماجہ)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا، جس نے حسن اور حسین سے محبت کی، اس نے درحقیقت مجھ ہی سے محبت کی۔اورجس نے حسن اور حسین سے بغض رکھا، اس نے درحقیقت مجھ ہی سے بغض رکھا۔ (ابن ماجہ،فضائل الصحاب للنسائی، طبرانی فی الکبیر)

حضرت سلمان فارسی رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ میں نے آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا ، جس نے حسن اور حسین سے محبت کی،اْس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے مجھ سے محبت کی،اْس سے اللہ تعالیٰ نے محبت کی اور جس سے اللہ نے محبت کی ،اْس نے اسے جنت میں داخل کردیا۔ اورجس نے حسن اور حسین سے بغض رکھا،اْس نے مجھ سے بغض رکھا اور جس نے مجھ سے بغض رکھا،وہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک مبغوض ہو گیا اور جو اللہ کے نزدیک مبغوض ہوا ، اللہ تعالیٰ نے اسے آگ میں داخل کردیا۔ (المستدرک للحاکم)

حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ ایک بار رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حسن اور حسین کا ہاتھ پکڑ کر فرمایا،جس نے مجھ سے اور اِن دونوں سے محبت کی اور اِن کے والد اوراِنکی والدہ سے محبت کی، وہ قیامت میں میرے ساتھ ہو گا۔ (مسند احمد، طبرانی فی الکبیر)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت علی، حضرت فاطمہ، حضرت حسن اور حضرت حسین کی طرف دیکھا اور ارشاد فرمایا،جو تم سے لڑے گا میں اْس سے لڑوں گا اور جو تم سے صلح کرے گا میں اس سے صلح کروں گا یعنی جو تمہارا دوست ہے وہ میرا بھی دوست ہے۔ (مسند احمد، المستدرک للحاکم، طبرانی فی الکبیر)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ ہم آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ساتھ نماز عشاء ادا کر رہے تھے۔ جب آپ سجدے میں گئے تو حسن اور حسین آپ کی پشت مبارک پر سوار ہو گئے۔ جب آپ نے سجدے سے سر اٹھایا تو دونوں شہزادوں کو اپنے پیچھے سے نرمی کے ساتھ پکڑ کر نیچے بٹھا دیا۔ جب آپ دوبارہ سجدے میں گئے تو وہ پھر کمر مبارک پر سوار ہو گئے۔ یہانتک کہ آپ نے نماز مکمل کر لی۔پھر آپ نے دونوں کو اپنے مبارک زانوؤں پر بٹھا لیا۔ (مسند احمد، المستدرک للحاکم، طبرانی فی الکبیر)

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نماز ادا فرما رہے تھے کہ اس دوران حضرت حسن اور حضرت حسین آپ کی کمر مبارک پر سوار ہو گئے۔ لوگوں نے ان کو منع کیا تو آقا کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا، اِن کو چھوڑ دو، اِن پر میرے ماں باپ قربان ہوں۔ (مصنف ابن ابی شیبہ، صحیح ابن حبان، طبرانی فی الکبیر)

حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نماز کے سجدے میں ہوتے تو حسن یا حسین آکر آپ کی کمر مبارک پر سوار ہو جاتے اوراس وجہ سے آپ سجدوں کو طویل کر دیتے۔ ایک مرتبہ آپ کی خدمت میں عرض کی گئی، یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم! کیاآپ نے سجدے طویل کر دیے ہیں؟ ارشاد فرمایا، مجھ پر میرا بیٹا سوار تھا اس لیے مجھے اچھا نہ لگا کہ میں سجدوں سے اٹھنے میں جلدی کروں۔ (مسند ابویعلیٰ، مجمع الزوائد)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہمارے پاس تشریف لائے تو آپ کے مبارک شانوں پر حضرت حسن اور حضرت حسین سوار تھے۔ آپ دونوں شہزادوں کو باری باری چومنے لگے۔ (مسند احمد، المستدرک للحاکم)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے سامنے حسنین کریمین کشتی لڑ رہے تھے اور آپ فرما رہے تھے، حسن! جلدی کرو۔ سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہانے عرض کی، یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم! آپ صرف حسن ہی کو ایسے کیوں فرما رہے ہیں؟ حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا، کیونکہ جبریل امین، حسین کو ایسا کہہ کر حوصلہ دلا رہے ہیں۔ (اسدْ الغابہ، الاصابہ)

حضرت ابوہریرہ فرماتے ہیں کہ ہم آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ساتھ سفر پر نکلے۔ راستے میں آپ نے حسنین کریمین کے رونے کی آواز سنی تو آپ انکے پاس تشریف لے گئے اور رونے کا سبب پوچھا۔ سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہانے بتایا کہ انہیں سخت پیاس لگی ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم پانی کے لیے مشکیزے کی طرف بڑھے تو پانی ختم ہو چکا تھا۔ آپ نے لوگوں سے دریافت کیا مگر (گرمی کی وجہ سے زیادہ استعمال کے باعث) کسی کے پاس پانی موجود نہ تھا۔ آپ نے سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا، ایک صاحبزادہ مجھے دیدو۔ انہوں نے پردے کے نیچے سے ایک شہزادہ دے دیا۔ آپ نے اسے سینے سے لگا لیا لیکن وہ سخت پیاس کی وجہ سے مسلسل رو رہا تھا۔ پس آپ نے اْس کے منہ میں اپنی مبارک زبان ڈال دی۔ وہ اسے چوسنے لگا یہانتک کہ سیراب ہو گیا۔ پھر میں نے اسکے دوبارہ رونے کی آواز نہ سنی جبکہ دوسرا ابھی تک رورہا تھا۔ حضور نے سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہاسے دوسرا صاحبزادہ لے کر اس کے منہ میں بھی اسی طرح اپنی مبارک زبان ڈال دی تو وہ بھی سیراب ہو کر خاموش ہو گیا۔ (طبرانی فی الکبیر،مجمع الزوائد، خصائص کبرٰی)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا،الہٰی ! میں اِن دونوں (یعنی حسن وحسین)سے محبت کرتا ہوں، تو بھی اِن سے محبت فرما۔ (مسند احمد، طبرانی فی الکبیر، مجمع الزوائد)

حضرت ام الفضل بنت حارث رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ وہ رسول ْاللہ کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض گزار ہوئیں ،یا رسول اللہ! آج رات میں نے برا خواب دیکھا ہے۔ فرمایا، وہ کیا ہے؟ عرض کیا، آپ کے جسم انور کا ایک ٹکڑا کاٹ کر میری گود میں رکھا گیا ہے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا ، تم نے اچھا خواب دیکھا ہے۔ انشاء اللہ فاطمہ کے ہاں بیٹے کی ولادت ہو گی جو تمہاری گود

 میں ہوگا۔ پس حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے ہاں حسین رضی اللہ تعالی عنہ پیدا ہوئے اور وہ میری گود میں تھے جیسے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا تھا۔ (دلائل النبوہ للبیہقی،)

عبدالرحمٰن بن ابو نعم رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالی عنہ سے احرام کے متعلق مسئلہ پوچھا۔ شعبہ نے کہا ، میرے خیال میں مکھی مارنے کے متعلق پوچھا تھا۔ حضرت ابن عمر نے فرمایا،یہ عراق والے مجھ سے مکھی مارنے کے متعلق مسئلہ پوچھتے ہیں حالانکہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے نواسے کو شہید کردیا تھا جبکہ حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ارشادہے کہ یہ دونوں دنیا میں میرے دو پھول ہیں۔ (بخاری)

٭٭٭

شعر میں کیسے بیاں ہو داستانِ کربلا
لاکھ مضموں باندھ لیجیے تشنگی رہ جائے گی
انور مسعود
 ٭٭٭
سطح صحرا پہ عالی کہاں کوئی تحریر ٹھہری کبھی
لفظ لیکن لہو سے جو لکھے گئے ریت پر اور تھے
جلیل عالی 
٭٭٭
یہ فقط عظمت کردار کے ڈھب ہوتے ہیں 
فیصلے جنگ کے تلوار سے کب ہوتے ہیں


جھوٹ تعداد میں کتنا ہی زیادہ ہوسلیم
اھل حق ہوں توبہتر بھی غضب ہوتے ہیں
سلیم کوثر
٭٭٭
جب خیر و شر میں دقّتِ تفریق ہو گئی
بے ساختہ حْسین کی تخلیق ہو گئی
عبدالحمید عدم
٭٭٭