جو ہر دَم سْکھ میں رہتے ہوں
وہ دکھ کی مار کو کیا جانیں
نرم صوفوں پر دھنسنے والے
تختوں کی سختی کیا جانیں
جو سوتے ہیں سیجوں پر وہ
بانوں کی چبھن کو کیا جانیں
جو عادی ہوئے سائے کے وہ
تپتی دوپہریں کیا جانیں
جو چلتے ہوں قالینوں پر
پاؤں کے چھالے کیا جانیں
جو سْکھ کی نیندیں سوتے ہوں
خوابوں کی اذیت کیا جانیں
جن کے ہاتھوں میں پھول ہی پھول
کانٹوں کی چبھن کو کیا جانیں
ہنستے بستے گھر ہوں جن کے
وہ سوُنے آنگن کیا جانیں
جن کے رشتے ساتھ ہیں اْن کے
وہ تنہائی کا غم کیا جانیں
اونچے گھر میں رہنے والے
جھگی کے دکھ کو کیا جانیں
جو سیر ہوں لب ہر شربت سے
وہ کانٹے حلق کے کیا جانیں
جو پیٹ بھرے ہوں وہ اْمراء
بھوک کی آگ کو کیا جانیں
جِن کے تنوں پر پوشاکیں ہوں
وہ ننگے تنوں کو کیا جانیں
ہوں جن کے کاروبار رواں
ہڑتال کے دکھ کو کیا جانیں
جو بنے ہمارے امیں بھی ہیں
وہ بارِ امانت کیا جانیں
بس نعرہ یہ ہے جینے دو
ہم سیاسی چالیں کیا جانیں
جب آگ بھری ہو ذہنوں میں
ہوتی ہے محبت کیا جانیں
حاکم بن کر ُلوٹنے والے
غریب کے دکھ کو کیا جانیں
میری تو بس ہے یہ ہی دعا
آنکھیں کھولیں خود کو جانیں
عالم آرا شاید تم کو !
پاگل سمجھیں پاگل جانیں