محترم محمد صدیق صاحب!

مصنف : عنایت علی خان

سلسلہ : آرا و تاثرات

شمارہ : اپریل 2012

باسمہ تعالی

محترم محمد صدیق صاحب!

السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

سوئے حرم باقاعدگی سے مل رہا ہے جس کے لیے مشکور ہوں ۔ الحمد للہ آپ حرمین شریفین کی زیارت سے فیض یاب ہوئے ہیں ۔ اللہ تعالی آپ کی حاضری قبول فرمائیں اور آپ کے قیمتی تجربات کو قارئین کے لیے باعث ازدادِ بصیرتِ دین بنائیں ۔ آواز دوست کے آخرے پیرے میں جو چیز میری استعداد کی کمی کی بنا پرمحل نظر ہوئی وہ سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا سے تخاطب اور استعانت فی الآخرۃ کے الفاظ تھے ۔ اگر ان امور کی وضاحت ہو جائے تو یہ خلش انشا اللہ دور ہو جائے گی ۔ من الظلمات الی النور میں سید مودودی ؒ کا تذکرہ دلپذیر ہے ۔ میں اس کی نقل محترم مسلم سجاد صاحب کو ارسال کر رہا ہوں تاکہ مرحوم کے ذخیرہ تذکار میں شامل ہو جائے ۔

والسلام

طالب دعا: عنایت علی خان

 

محترم و مکرم عنایت صاحب

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

آپ کا گرامی نامہ ملا ، اللہ کریم آپ پر اپنی رحمتوں کاسایہ رکھے کہ آپ اکثر عنایت فرماتے ر ہتے ہیں۔ ایاک نعبد و ایاک نستعین کے ہوتے ہوئے کوئی بھی ذی ہوش مسلمان غیر اللہ سے استعانت کا سوچ بھی نہیں سکتا۔یہ سیدہ خدیجہ ؓ کے حضور تحسین و تعریف کے جذبات کے اظہار کا انداز ہے ۔البتہ یہ ضرور ہے کہ اس کے لیے کوئی محتاط اندازبھی اختیار کیا جاسکتا تھا لیکن استعداد کی کمی کی بنا پر میں اس سے قاصر رہا ۔معذرت خواہ ہوں ۔یہ موضوع یقینا کسی بڑے قلم کا منتظر ہے۔ہم تو بس حصہ ڈالنے والی بات کرتے ہیں امید ہے آپ آئندہ بھی اپنی غزلیں ’ نظمیں اور دیگر تحریریں بھجواتے رہیں گے۔

والسلام

 محمد صدیق بخاری