ایک دس سالہ بچی کی تحریر
ایک بہن کی اہمیت کا اندازہ صرف اسی کو ہوسکتا ہے جس کی بہن نہ ہو۔ بہن ایک بڑی نعمت ہے اور اللہ کسی کسی کو یہ نعمت عطا کرتے ہیں ۔ جن کو اللہ تعالی اس نعمت سے نوازتے ہیں وہ بہت خوش قسمت ہوتے ہیں۔
میں خود ایک لڑکی ہوں اور بہت اکیلی ہوں کیونکہ میری کوئی بہن نہیں ۔مجھے بہن کی اہمیت خوب سمجھ آئی ہے۔ بہن نہ ہونے کا اثر اگرچہ کم لڑکیوں پر ہوتا ہے لیکن جن پر ہوتا ہے وہ الگ سی ہوتی ہیں ۔ میں بھی شاید انہی لڑکیوں میں سے ایک ہوں ۔ بہن نہ ہونے کا مجھ پر بہت اثر ہوا ہے۔ شروع ہی سے مجھے کچھ بھی اچھا نہیں لگتا ۔ نہ کھیلنا کودنا ، نہ کسی سے بات کرنا اور نہ ہی گڑیوں سے کھیلنا ۔ گڑیوں میں تو لڑکیوں کی جان ہوتی ہے ، جس گھر میں لڑکیاں ہوں وہاں گڑیاں نہ ہو ں یہ کیسے ہو سکتا ہے ؟ لیکن مجھے بالکل بھی گڑیوں سے لگاؤ نہیں۔ یہ سب کیوں ہے ؟ جہاں تک میرا خیال ہے وہ یہ ہے کہ یہ سب بہن نہ ہونے کی وجہ سے ہے۔ اس تنہائی نے مجھے بہت حساس بنا دیا ہے اور میں ہر بات دل پہ لگا لیتی ہوں۔
کئی لڑکیوں کو بہن کی اہمیت کا اندازہ نہیں ہوتا۔ وہ کہتی ہیں کہ بہن نہیں ہو تو کیا فرق پڑتا ہے ۔ اگر کوئی مجھ سے پوچھے تو میں یہی کہوں گی کہ بہن ایک ہیرا ہوتی ہے ۔ اسی لیے جن کی بہنیں ہیں ،وہ ان کی قدر کریں ، ان سے محبت کریں ، الٹا ان سے نفرت نہ کریں۔
شاید میری بہن ہوتی تو میں ایسی نہ ہوتی ، کسی سے بات نہ کرنے والی ۔ میں سمجھتی ہوں کہ بہن ایک ایسی چیز ہوتی ہے کہ جو نہ ملے تو ہر کام ادھورا سا رہ جاتا ہے اور اگر مل جائے تو سارے کام پورے ہوجاتے ہیں۔ بہن اتنی پیاری چیز اور اتنی پیاری نعمت ہوتی کہ اللہ تعالی سب کو دیں۔ اگر میری بہن ہوتی تو وہ یقینا مجھے بہت عزیز ہوتی اور میں اس سے بہت ہی زیادہ پیار کرتی ۔ شاید اپنی پوری زندگی میں مجھے صرف اسی بات کا گلہ رہے گا کہ میرے پاس صرف ایک چیز کی کمی ہے اور وہ ہے بہن۔ میری یہ کمی کبھی بھی کوئی پوری نہیں کر سکتا ۔
اگر میری بہن ہوتی تو مجھے پوری دنیا کی خوشیاں مل جاتیں ۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالی سب بہنوں کو اپنی اس پیاری پیاری نعمت سے نوازیں۔ آمین