حضورﷺ نے فرمایا ‘‘تم میں سے بہترین شخص و ہ ہے جو قرآن سیکھے اور سیکھائے’’ اور پھر آج زر پرستی کے دور میں بلاشبہ مبارکباد کے مستحق ہیں وہ لوگ جن کے دن رات قرآن کی تلاوت اور اس پر غور و فکر میں صرف کرتے ہیں ا ور مزید مبارکباد کے مستحق ہیں وہ لوگ جو اس سے بھی آگے بڑھ کر اسے دوسرں تک پہچانے کی سعی مسلسل کرتے رہتے ہیں۔ ہمارے معاشرے میں قرآن کو صحیح تلفظ کے ساتھ پڑھانے پر زیادہ توجہ نہیں دی جاتی جس کا نتیجہ یہ نکلتاہے کہ انسان تمام عمر لگا کر بھی قرآن کے تلفظ کو صحیح طور پر ادا کرنے سے قاصر رہتا ہے ۔ اسی کمی کو پورا کرنے کے لیے مختلف کوششیں کی جاتی رہی ہیں اور کی جا رہی ہیں۔ اسی طرح کی ایک کاوش جناب عارف حسین علوی نے ‘‘تحسین القرآن’’ کی صورت میں کی ہے اور جو کہ بلاشبہ قابل تحسین ہے ۔ اس قاعدے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں قاری کو تصاویر کی صورت میں سمجھانے کی کاوش کی گئی ہے جو کہ زیادہ قابل عمل ہے کیونکہ تصاویر کے بغیر مختلف حروف کے مخرج کی ادائیگی کو سمجھانا نہایت مشکل امر ہے اور خاص طور پر بالغ لوگوں کو ۔ اس قاعدے میں اس بات کو بڑے احسن طریقے سے مدنظر رکھا گیا ہے۔‘‘تحسین القرآن’’ ایسا تجویدی قاعدہ ہے جو بڑی عمر کے ایسے احباب کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر مرتب کیا گیا ہے جن کو اوائل عمر میں درست عربی لہجہ اور تلفظ کے ساتھ ناظرہ تدریس قرآن کے مواقع میسر نہیں آسکے۔ مختصر قواعد پر مبنی یہ قاعدہ تلفظ تلاو ت کی ایسی غلطیوں کی اصلاح کے لیے رہنمائی کرتا ہے جن کو دور نہ کیا جائے تو آئمہ تجوید کے مطابق لحن جلی یعنی واضح غلطی و گناہ کا ارتکاب ہو جاتا ہے جبکہ غلطی کی اصلاح اسی وقت ہو سکتی ہے جب غلطی کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ درست تلفظ کا فہم حاصل ہو جائے ۔ لہذا یہ قاعدہ ہر حرف کے مخرج اور صفت کی وضاحت کرتے ہوئے براہ راست قرآن مجید کی مثالوں کے ذریعہ رہنمائی کرتا ہے۔
قاعدہ حاصل کرنے کا پتہ یہ ہے۔
پتہ: طیبہ بک سنٹر بڑا بازار صدر۔ راولپنڈی 051-5563705
ناشر: ادارہ تدبر قرآن و حدیث ۔ اسلام آباد 0303-4508302
ہدیہ : پچاس روپے