آج ۲۸فروری ’ پاکستان میں صبح سوا بارہ بجے کا وقت ہے۔ بنگلہ دیش میں ‘جنگی جرائم’ کے ٹربیونل کا ایک جج فضلِ کبیر اپنے دوساتھیوں کے ساتھ کمرے میں داخل ہوا ہے، سامنے کٹہرے میں مفسرِقرآن، بنگلہ دیش میں لاکھوں دلوں کی دھڑکن ، جماعت اسلامی کے نائب امیر دلاور حسین سعیدی کھڑے ہیں، جن کا چہرہ مطمئن اور دائیں ہاتھ میں قرآن کریم ہے۔جج کے رْوپ میں انصاف کا قاتل ۱۲۰صفحے کا فیصلہ پڑھتے ہوئے کہتا ہے: ‘‘دلاور حسین کے خلاف۷ ۲،اور حمایت میں ۱۷گواہ پیش ہوئے۔ چونکہ ۲۰’الزامات میں سے آٹھ الزامات ثابت ہوئے ہیں، اس لیے انھیں پھانسی کی سزا دی جاتی ہے۔ اگلے ہی لمحے ڈھاکا میں کمیونسٹوں کا اخبار ڈیلی سٹار انٹرنیٹ ایڈیشن میں سرخی جماتا ہے: سید کی پھانسی۔ اور انڈین ٹیلی ویژن NDTV مسرت بھرے لہجے میں بار بار یہ سرخی نشر کرتا ہے:جماعت اسلامی کے رہنما کو پھانسی ملے گی۔
علامہ دلاور حسین سعیدی دعا کے لیے ہاتھ اْٹھاتے ہیں اور چپ چاپ، جلادوں کے جلو میں پھانسی گھاٹ جانے والی گاڑی کی طرف مضبوط قدموں کے ساتھ چل پڑتے ہیں۔۱۹۷۶ سے دلاور حسین سعیدی، اسلامیانِ بنگلہ دیش کے دلوں پر راج کرنے اور قرآن کا پیغام سنانے والے ہر دل عزیز خطیب ہیں، جو متعدد بار پارلیمنٹ کے رکن بھی منتخب ہوچکے ہیں۔ انھیں ۲۹جون ۲۰۱۰ء کو حسینہ واجد کی حکومت نے گرفتار کیا۔ ڈھائی برس کے عدالتی ڈرامے کے بعد آج سیاہ فیصلہ اس حال میں سنایا کہ پورا ڈھاکا شہر اور دوسرے بڑے شہر ‘بارڈر گارڈ بنگلہ دیش’ (بی جی بی) اور ‘ریپڈ ایکشن بٹالین’(آر اے بی) کی سنگینوں تلے کرفیو کا منظر پیش کر رہے تھے۔ دوسری طرف شاہ باغ میں بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے زیراہتمام مظاہرہ پروگرام چل رہا ہے کہ ‘‘مارچ میں جماعت کے لیڈروں کو پھانسی دو’’۔ فیصلے کے اعلان کے بعد احتجاجی مظاہرہ کرنے والے اسلامی جمعیت طلبہ کے ۳۰کارکنوں کو گولی مار کر شہید کر دیا، سیکڑوں کو زخمی اور ہزاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ (بشکریہ ترجمان القرآن)