علم و دانش
"اگر خدا، اچھا ہے تو تکلیفیں کیوں دیتا ہے ؟"
رعايت اللہ فاروقی
انفس ہمارے اندر بسی دنیا کو کہتے ہیں جبکہ آفاق باہر کی وہی دنیا جسے ہم کائنات کے نام سے جانتے ہیں-قرآن اسے یوں بیان کرتا ہے-"وَ فِی الْاَرْضِ اٰیٰتٌ لِّلْمُوْقِنِیْنَۙ (20) وَ فِیْۤ اَنْفُسِكُمْؕ-اَفَلَا تُبْصِرُوْنَ(21)"(ذاریات)ترجمہ: اور یقین رکھنے والوں کے لیے زمین میں نشانیاں ہیں، اور خود تمہارے اپنے وجود میں بھی، کیا تم دیکھتے نہیں؟
بیسویں آیت آفاق اور 21 ویں انفس میں غور کی دعوت دے رہی ہے
جب آپ جواب کی تلاش کا آغاز انفس یعنی اپنی ذات میں جھانک کر کریں گے تو ممکن ہے آپ کو باہر جھانکنے کی، یا کتابیں کھنگالنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے
آئیے کچھ سوالات کے لئے انفس میں جھانکتے ہیں
٭ جب ذہن میں سوال پیدا ہو کہ میں اللہ سبحانہ و تعالی کی کیوں مانوں ؟ تو خود سے پوچھئے
"جنہیں میں نے پیدا کیا ہے (اولاد) يعنی جن كی پيدايش كے ليےاللہ نے مجھے ذريعہ بنايا وہ میرا حکم کیوں مانیں ؟"
٭ جب سوال پیدا ہو کہ اللہ سبحانہ و تعالی نے ہمیں اپنی مرضی کا اختیار دیا ہے تو پھر سزا کیوں دیتے ہیں ؟ تو خود سے پوچھئے
"میں اپنے ماتحتوں کے خلاف ایکشن کیوں لیتا ہوں ؟"
٭جب سوال پیدا ہو کہ جب اللہ سبحانہ و تعالی نے نعمتیں ہمیں دیدی ہیں تو پھر ان کا حساب کیوں مانگتے ہیں؟ تو خود سے پوچھئے
"میں اپنے ماتحتوں سے ان کو دی گئی سہولیات کا حساب کیوں لیتا ہوں؟"
٭ جب سوال پیدا ہو کہ اللہ سبحانہ و تعالی کچھ دے کر شکرگزاری کا مطالبہ کیوں کرتے ہیں؟ تو خود سے پوچھئے
"میں کسی کے ساتھ بھلائی کروں تو اس کی قدر دانی کیوں چاہتا ہوں؟"
٭ جب سوال پیدا ہو کہ اللہ سبحانہ و تعالی تکبر کو ناپسند کیوں کرتے ہیں؟ تو خود سے پوچھئے
"کوئی ماتحت اپنی اوقات بھول کر میرے برابر کھڑا ہونے لگے تو میرے اندر اضطراب کیوں پیدا ہوتا ہے؟"
٭ جب سوال پیدا ہو کہ اللہ سبحانہ و تعالی انسان کو آزمائشوں میں کیوں ڈالتے ہیں؟ تو خود سے پوچھئے
"میں کسی شخص کی صلاحیت، وفاداری یا دیانت کو محض اس کے دعووں سے تسلیم کیوں نہیں کرتا؟"
٭ جب سوال پیدا ہو کہ اللہ سبحانہ و تعالی بعض نعمتیں واپس کیوں لے لیتے ہیں؟ تو خود سے پوچھئے
"جب میرے بچے یا ماتحت میری دی ہوئی کسی چیز کی قدر نہ کریں یا غفلت کا مظاہرہ کریں تو میں وہ چیز واپس کیوں لے لیتا ہوں ؟"
٭ جب سوال پیدا ہو کہ اللہ سبحانہ و تعالی انسانی عمل کی ساری محنت صرف نیت کی وجہ سے کیوں رد کر دیتے ہیں؟ تو خود سے پوچھئے
"جب ایک شخص میری مدد محض احسان مند بنانے کے لیے کرے اور دوسرا خلوص سے، تو میں دونوں کے عمل کو یکساں کیوں نہیں سمجھتا؟"
٭ جب سوال پیدا ہو کہ اللہ سبحانہ و تعالی بعض لوگوں کو مہلت کیوں دیتے ہیں؟ تو خود سے پوچھئے
"میں کسی شخص کی غلطی معلوم ہونے کے باوجود بسا اوقات فوری کارروائی کیوں نہیں کرتا؟"
"اگر تکلیف ہر حال میں بری چیز ہے تو پھر لوگ جم جاکر اپنے جسم کو تکلیف سے کیوں گزارتے ہیں ؟"
بشکریہ : https://www.facebook.com/riayatullahfarooqui747/posts/pfbid02jg7xc6r2yj99CE8hUtG2Wd1Jz2NNy5TtMUrcUrG4yVMXQWBzG128N7iQ6R3HS7kJl
