من الظلمت الی النور
رابرٹ نے كيسے اسلام قبول كيا
نعمان علی خان
وہ امریکی ریاست ٹیکساس کا ایک عیسائی نوجوان تھا ، بیماری کے باعث پورا جسم مفلوج ہوگیا تھا اور تقریباً 10 سال سے ایک نرسنگ ہوم کے بستر پر پڑا تھا ۔ گھر والوں نے اس کو ایک کمپیوٹر لے کر دیا تھا جو آواز یعنی وائس کمانڈ پر چلتا تھا ۔ یہی کمپیوٹر اسکا واحد سہارا تھا ،اسی سے وہ آواز کے ذریعے چیزیں سرچ کرتا ۔نرسنگ ہوم میں اسکا ایک مریض دوست بھی تھا جسکو جگر کے ٹرانسپلانٹ کی ضرورت تھی ایک دن اس کے دوست کو اطلاع دی گئی کہ ایک ڈونر مل گیا ہے ۔ وہ بہت خوش ہوا اور اس نے کہا کہ "رابرٹ میں تمہیں بہت یاد کروں گا مگر اب مجھے جانا ہو گا ۔ “ بدقسمتی سے دوست کا ٹرانسپلانٹ کامیاب نہ ہوا اور اسکی سرجری کے دوران ہی موت واقع ہو گئی ۔ اس مرحوم دوست کی بہن نے اس کا کراس( صلیب کا نشان )رابرٹ کو یادگار کے طور پر دے دیا اور رابرٹ کے بستر کے ساتھ وہ کراس لٹکا دیا۔ ایک دن رابرٹ نے خواب میں ایک آدمی کو دیکھا۔ اس آدمی نے اپنا نام محمد (صلی اللہ علیہ و السلام) بتایا۔ اور کہا کہ “اللہ تعالٰی نے انبیاء کو اس لیے نہیں بھیجا تھا کہ لوگ انبیاء کرام کی ہی عبادت شروع کر دیں۔ اللہ تعالٰی نے انبیاء اس لیے بھیجے تاکہ لوگ اللہ تعالٰی کی عبادت کریں۔ عیسی علیہ السلام ایک بشر( انسان ) تھے جو بازاروں میں چلتے پھرتے اور کھاتے پیتے تھے".اور یہیں پر خواب ختم۔
رابرٹ کو بس اتنا یاد رہا کہ عیسی علیہ السلام ایک انسان تھے۔ اور یہ بات اسے محمد ص نامی ایک شخص نے بتائی. اس نے محمد کو گوگل کیا اور بغیر کسی کی دعوت ,تبلیغ ، بغیر کسی مسلمان سے ملے اس نے بستر پر لیٹے لیٹے اسلام قبول کیا ۔ آن لائن قرآن سیکھا اور حفظ شروع کیا اسی قرآن فہمی میں معروف اسکالر نعمان علی خان کی ویڈیوز تک رسائی ہوئی ۔
نرسنگ ہوم میں ایک مصری شخص آتا تھا جو مرمت وغیرہ کا کام کرتا ۔ وہ اگرچہ پیدائشی مسلمان تھا مگر اب کوئی مذہبی نہیں رہاتھا حتی کہ جمعہ اور عید کی نماز پڑھنے بھی نہیں جاتا تھا کیونکہ سب سے قریبی مسجد بھی 50 میل دور تھی ۔ ایک دن وہ رابرٹ کے کمرے کے پاس گزرا تو اس نے تلاوت کی آواز سنی “ والعصر ان الإنسان لفی خسر -وہ اس کے کمرے میں گیا اور پوچھا کہ رابرٹ یہ تم کیا سن رہے ہو.؟ رابرٹ نے کہا کہ میں سن نہیں رہا۔ میں خود تلاوت کر رہا ہوں۔ مصری نے حیرت سے پوچھا کیا تم مسلمان ہو؟
رابرٹ نے جواب دیا الحمدللہ! مصری شخص کو جھٹکا سا لگا کہ اللہ تعالٰی کیسے ایک شخص کو ہدایت سے نوازتا ہے؟ ایک بندہ جو امریکہ کے گاؤں میں نرسنگ ہوم میں معذور لیٹا ہے اس کے بستر پہ صلیب کا نشان لٹک رہا ہے اور اس میں اس کو اتارنے کی بھی طاقت نہیں ہے۔ مصری نے کہا کہ میں بھی اپنے رب کی طرف لوٹنا چاہتا ہوں۔ رابرٹ نے اسے نعمان علی خان کی ویڈیوز کا بتایا ، یہ مصری شخص رابرٹ کی دعوت سے واپس اسلام میں آیا پھر ایک دن نعمان علی خان سے ایک جگہ ملا اور اسکو رابرٹ کی کہانی سنائی ۔اس کہانی نے نعمان علی خان سمیت بینہ انسٹیٹوٹ کے ہر بندے کو ہلا کر رکھ دیا ۔ مسلمان اس سے ملنے نرسنگ ہوم گئے اور اس ملاقات میں کوئی ایسا نہیں تھا جسکی آنکھوں میں آنسو نہ ہوں ۔
اگر اللہ تعالٰی رابرٹ کو ہدایت دے سکتے ہیں تو کسی کو بھی ہدایت مل سکتی ہے ۔ بس نیت خالص ہو ۔ طویل بیماری کے بعد آج رابرٹ ڈیویلا کا انتقال ہوگیا ۔
وہ کہتا تھا کہ میں کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ کہ مجھے یہ بیماری کیوں ہوئی۔ پھر میں اس سوچ کو جھٹک دیتا ہوں کہ اللہ تعالٰی نے مجھے اتنا کچھ عطا کیا، ہدایت دی اسلام دیا. اگر اسلام کی طرف لانے میں یہ معذوری میری مددگار ثابت ہوئی تو یہ برا سودا نہیں. یقین جانئیے اگر کوئی انسان یہ شکوہ کر سکتا کہ “اگر خدا ہوتا تو میں اس حال میں کیوں ہوتا “تو وہ ، گردن سے نیچے تک کے معذور جسم والا یہ انسان ، رابرٹ ہوتا ۔ لیکن وہ اس حال میں ہوتا تھا کہ اس سے زیادہ پر نور اور پرسکون چہرہ کوئی اور نہیں دیکھا۔ وہ زندگی سے اس قدر مطمئن تھا اور اتنے لوگوں کی ہدایت کا ذریعہ بنا کہ بڑے بڑے اسکالرز اسکو اپنا شیخ اور استاد کہتے۔
ہدایت کے لیے آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں. آپ صرف دعا کریں۔ ہدایت ہمارے آس پاس ہمارے ارد گرد ہے یہ اللہ کی طرف سے آتی ہے ۔ اسکا تعلق نیت سے ہے ، دل سے ہے، پھر چاہے اصحاب کہف ہوں یا رابرٹ ڈیویلا ، اللہ انکو اپنے خاص بندوں میں شامل کر لیتا ہے۔(2020 )
https://www.youtube.com/results?search_query=robert+davila+nouman+ali+khan