مدارس كے مہتمم حضرات  غور كريں

مصنف : شاد مردانوی

سلسلہ : فکر و نظر

شمارہ : نومبر 2025

فكر ونظر

مدارس كے مہتمم حضرات  غور كريں

شاد مردانوی

مدارس و مہتممین کے بارے فقیر کا موقف سخت سمجھا جاتا ہے ۔میں سمجھتا ہوں یہ سختی میرے فہم و ادراک کی نہادی و بنیادی یا ذاتی مشاہدت سے کہیں زیادہ اصولِ مذہب کی بیان کردہ ہے ۔گئے برس کی بات ہے ۔آبائی گاؤں مردان گیا میرے ساتھ کے پڑھے ہوئے ایک ساتھی نے مدعو کیا ۔میں ان کی دعوت قبول کرتے ہوئے ہچکچا رہا تھا یہ مردان ہے یہاں مہمان کیلئے خود کو زحمت دینے کی ریت رواج ہے پھر اس دوست سے دہائیوں بعد ملنا تھا سو مجھے دھیان اس بات کا بھی تھا کہ یہ تکلف زیادہ کریں گے ۔مولانا چونکہ قریبی دوستوں میں تھے طالب علمی کے چھ برس ساتھ گزرے تھے ساتھ کھانا آنا جانا اور میل ملاقات رہی تھی سو بخوبی ان کے پس منظر سے واقف تھا کہ زمانہ فراغت کے اوائل میں یتیمی اور دیگر حالات نے ان کو دو نوالوں کے احتیاج میں رکھا ہے ۔سو ان کو بڑے صاف لب و لہجے میں فقط چائے کی دعوت کا کہا ۔اور جو میں گیا تو میں نے دیکھا اور میں حیرت زدہ ہوا ۔وہ ایک عالیشان نہ سہی ایک بہترین ڈرائنگ روم اور وسیع رقبے کے مدرسے میں واقع گھر میں میرا انتظار کر رہا تھا ۔جو گفتگو رہی سو رہی جو ذکر کرنے کی بات ہے وہ یہ ہے كہ پچھلے بیس برسوں میں آپ نے یہ مدرسہ کھڑا کیا ۔خوب ۔اس کی زمین مردان کے خوانین نے مدرسے و مسجد کیلئے وقف کی ۔یہ بھی خوب ۔اب آپ میرے دو چار سوال سن لیں ۔یہ زمین جب وقف ہو رہی تھی تو کیا وقف کرنے والوں سے آپ نے اجازت لی تھی یا ذکر کیا تھا کہ اتنا اتنا ٹکڑا آپ کے ذاتی گھر کیلئے آپ کو ہبہ کریں ؟

نہیں ۔اچھا وقف اللہ تعالی کیلئے ہوتا ہے تو کیا آپ نے اللہ تعالی سے اجازت لی کہ خدایا میں تیرے نام کی گئی زمین سے اپنے لئے گھر کا ٹکڑا علیحدہ کروں ؟نہیں ناں ۔تو یہ زمین اور اس پر بنا گھر آپ کیلئے کسی صورت جائز نہیں ہوسکتا ۔اچھا اب یہ چائے جو آئی ہے یہ کہاں بنی ہے ؟مدرسہ کے مطعم میں ۔ٹھیک آپ کے گھر میں بھی بنی ہو علی سبیل المثال ۔

تو گیس کا بل کون بھرتا ہے ؟ادارہ ۔مجھے یہ بتائیں میں مہمان کس کا ہوں ؟آپ کا ذاتی یا اس ادارے کا ۔ظاہر ہے آپ کا مہمان ہو تو میری ضیافت پر وقف مال کے اسباب کیوں خرچ ہو رہے ہیں ۔۔؟ٹھیک ۔۔کس حیثیت میں ؟اس حیثیت میں کہ آپ مال وقف کے متولی ہیں ؟تو مجھے یہ بتائیں کہ یہ دستور کے موافق ہے ؟نہیں ۔اچھا آپ خدمت بھی کرتے ہیں تو اس ضمن میں اضافی سہولتیں لیتے ہیں ۔تو مجھے یہ بتائیں یہ جو بارہ اساتذہ آپ کے زیر اہتمام پڑھاتے ہیں وہ بھی مدرسے کی خدمت کرتے ہیں اور آپ سے زیادہ وقت اور محنت کرتے ہیں ان کی تنخواہ ساڑھے آٹھ ہزار ہے تو اصولاً آپ کی بھی گنجائش نکال کر ساڑھے آٹھ ہزار ہونی چاہئے تھی ۔اور اگر دیانتاً بات کی جائے تو ساڑھے آٹھ ہزار سے کم ۔لیکن آپ کی تنخواہ اسی ہزار ہے ۔کیوں بھئی ؟اچھا چلیں فقہ تو اپنی ہی مولویوں کے ہاتھ کی ہے نکل جائے گی اس تنخواہ کی بھی گنجائش ۔مجھے یہ بتائیں یہ تنخواہ کس رقم سے آپ وصول کرتے ہیں ؟اس رقم سے جو بچوں کیلئے صدقہ زکات کی مد میں آتی ہے سو آگے کی باریکیاں تم مجھ سے زیادہ جانتے ہو ۔پھر یہ تمہارا بیٹا اس وقف مال کا وارث کیسے بن سکتا ہے جس کو ابھی سے آپ نے دفتر اہتمام کے اسرار و رموز سے آگاہی دینی شروع کی ۔مولانا نے جواب دئیے ۔ہم نے سنے ۔اور ان جوابات کے بعد ہم نے چائے کی رقم کا تخمینہ لگایا اور وہ رقم صدقہ کی ۔لیکن ان کے مدرسے میں نہیں ۔