اصلاح و دعوت
میری زندگی کے وہ 17 ،اسباق جن سے مجھے بہت فائدہ ہوا
یمین الدین احمد
میں اپنی زندگی کے چند ایسے سبق لکھ رہا ہوں جو آپ کو جلد از جلد سیکھ لینے چاہئیں اور ان سے نابلد رہنا آپ کی زندگی کے لیے پریشان کن ثابت ہو سکتا ہے۔ جتنی جلدی آپ یہ سمجھ لیں گے، آپ کو اتنا ہی فائدہ ہوگا۔
1- دنیا میں کچھ لوگ 8 گھنٹے ہی کام کر کے آپ سے زیادہ خوش اور خوشحال ہوتے ہیں کیونکہ وہ کام نہیں کرتے ہیں بلکہ ایک مقصد کو لیکر چل رہے ہوتے ہیں۔ وہ اپنے کام کو درجہ احسان پر کرنے کی مستقل کوشش میں لگے رہتے ہیں اور بالآخر وہ اپنے میدان عمل میں ٹاپ 5 فیصد لوگوں میں شمار ہوتے ہیں۔آپ جس کام سے وابستہ ہیں، کیا اس میں آپ ٹاپ 5 فیصد میں پہنچ گئے ہیں؟ اگر نہیں تو وہاں تک پہنچنے کا کیا روڈمیپ ہے؟
2- آپ ایک انتہائی ڈسٹریکٹڈ دنیا میں رہتے ہیں اور اگر آپ آسانی سے ڈسٹریکشن کا شکار ہو جاتے ہیں تو یہ آپ کی کامیابی کے رستے میں بہت بڑی رکاوٹ ہے۔ ڈسٹریکشنز آپ کے دماغ کو سن اور تباہ کر دیتی ہیں جس کا احساس بہت بعد میں ہوتا ہے۔
کیا آپ ڈسٹریکشنز جیسے کہ موبائل فون کا غیر فائدہ منداستعمال، بار بار میسجز دیکھنا، گیمز، ویڈیوز، بغیر منصوبہ بندی کے دن گزارنے، بے فائدہ بات چیت کرنے وغیرہ سے خود کو بچا پاتے ہیں؟
3- آپ اپنے معاملات میں مشورہ ضرور کریں لیکن آپ کو ایسے لوگوں سے مشورہ نہیں لینا چاہئے جو اس معاملے میں اہل رائے نہ ہوں۔ یاد رکھیے، ہر شخص ہر مشورہ دینے کا اہل نہیں ہوتا۔ مشورہ کرنے سے پہلے یہ ضرور دیکھیے کہ ایک تو وہ اس معاملے میں مشورہ دینے کا اہل ہو اور دوسرے اس کی نظریاتی بنیادیں اور اخلاقی اقدار مضبوط ہوں۔ یہ بھی دیکھیں کہ وہ مشورہ منوانے کی نیت سے نہ دے رہا ہو، آپ کو اپنے مشورے کے مطابق عمل کرنے پر فورس نہ کررہا ہو۔کیا آپ اپنے معاملات میں مشورہ لیتے ہوئے ان باتوں کا خیال رکھتے ہیں؟
4- کوئی بھی انسان آپ کے مسائل کو حل کرنے نہیں آئے گا۔ عاقل اور بالغ ہونے کے بعد آپ کی زندگی 100% آپ کی خود کی ذمہ داری ہے۔ یہ ذمہ داری خود اٹھائیے۔ اپنے لیے درست مینٹورز کا انتخاب کیجیے اور بغیر اہل اور مخلص مینٹورز کے مشورے کے زندگی کے اہم فیصلے نہ کیجیے۔آپ اپنی زندگی کے مسائل کے حل کے لیے دوسروں پر تکیہ تو نہیں کرتے؟آپ کے مینٹورز کون لوگ ہیں؟ یا نہیں ہیں؟
5- آپ سینکڑوں سیلف ہیلپ کتابیں پڑھ لیں، آپ کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ فائدہ آپ کو صرف علم پر عمل کرنے اور سیلف ڈسپلن ڈویلپ کرنےکی صورت میں ہی ہوسکتا ہے۔ یہ بھی یاد رکھیے کہ بہت سی سیلف ہیلپ کتابیں بہت خاموشی سے آپ کو درست رستے سے غلط رستے پر ڈال دیتی ہیں، اس لیے ہمیشہ کتابوں کا انتخاب اہل علم سے مشورے کے بعد کیجیے۔ ایک بات اور۔۔ کہ دنیا کی کسی بھی کتاب کا مطالعہ کرنے سے پہلے اپنی اسلامی نظریاتی بنیادوں کو بہت مضبوط کیجیے۔ مغرب میں لکھی جانے والی کئی سیلف ہیلپ کتابیں ایسے concepts آپ کے دماغ میں ڈال دیتی ہیں جن کی وجہ سے لاشعوری طور پر آپ اس ٹریک پر چڑھ جاتے ہیں جو اسلام سے متصادم ہوتا ہے لیکن آپ کو اس بات کا ادراک نہیں ہوتا۔کیا آپ کتابیں پڑھتے ہیں؟اگر ہاں تو کیا آپ کتاب کی سلیکشن میں اپنے مینٹورز سے مشورہ کرتے ہیں؟کیس آپ کی دینی بنیادیں مضبوط ہیں؟
6- جب تک کہ آپ کوئی مخصوص ہنر (جیسے میڈیسن، انجینئرنگ، وکالت، چارٹرڈ اکاؤنٹینسی) وغیرہ میں کام کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو کالج یونیورسٹی وغیرہ جاکر فارمل تعلیمی نظام سے گزرنا لازمی ہوگا، بصورت دیگر آپ بہت سارے ہنر اور سیلز/مارکیٹنگ اچھی طرح سیکھ کر اگلے چھ ماہ میں سے ایک سال میں اچھا کمانا شروع کر سکتے ہیں۔ دنیا میں مواقع بکھرے پڑے ہیں لیکن ان سے فائدہ اٹھانے والے کم ہی ہیں کیونکہ وہ وژن ہی نہیں ہوتا جس کے نتیجے میں آپ کو وہ مواقع نظر آئیں۔آپ کون سے ہنر ڈویلپ کرنے پر کام کررہے ہیں؟آپ کا اگلے ایک سے دو سال کا معاشی روڈمیپ کیا ہے؟
7- یاد رکھیے، کسی کی پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ وہ آپ کے مسائل کے بارے میں سوچتا رہے۔ لہذا خود ترحمی اور خود ترسی کی اس سوچ سے باہر نکلیں۔ لوگوں کے اپنے مسائل بہت ہیں تو ان پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے زور بازو پر ایکسپلور کریں اور اور اپنے لیے مواقع پیدا کیجیے۔آپ خود ترحمی یا خود ترسی کا شکار تو نہیں ہیں؟آپ کن مواقعوں کو کھوجنے پر کام کررہے ہیں؟
8- اگر آپ کسی کو اپنی ہی فیلڈ میں خود سے زیادہ سمجھدار پاتے ہیں تو اس کے ساتھ، اس کے تحت کام کریں، اس سے سیکھیں اور اس سے حسد میں مقابلہ کرکے اپنا وقت ضائع نہ کریں۔کیا آپ اپنی ہی فیلڈ کے خود سے زیادہ سمجھدار لوگوں کے ساتھ کنیکٹڈ ہیں؟
9- سگریٹ نوشی کا آپ کی زندگی میں کوئی فائدہ نہیں ہے۔ یہ ایک illusion ہے اور یہ عادت صرف آپ کی ذہنی صلاحیتوں کو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کم کرے گی۔ آپ کسی بھی چیز پر فوکس کرنے کے لیے ساری زندگی اس عادت پر انحصار کریں گے گویا کہ آپ سگریٹ نوشی کے قیدی بن چکے ہوں گے۔آپ سگریٹ نوشی تو نہیں کرتے؟
10- میں سمجھتا ہوں کہ ایک بہت آرام دہ اور کمفرٹ زون والی زندگی سب سے خطرناک نشہ بلکہ لت ہے اور اگر آپ اس لت کے شکار ہوگئے تو یہ زندگی میں ڈپریشن کا سب سے آسان طریقہ ہے۔ کمفرٹ زون کا مطلب ہے "بس جیسے چل رہا ہے چلنے دو" اور "کیا ضرورت ہے زیادہ محنت کرنے کی، سیکھنے کی" والی سوچ۔آپ اپنے کمفرٹ زون میں تو نہیں رہ رہے؟
11- لوگوں کو اس سے زیادہ نہ بتائیں جس کی انہیں جاننے کی ضرورت نہیں۔ اپنی رازداری کا خود احترام کریں۔ اپنی پرسنل ویڈیوز، تصاویر، بچوں کی تصاویر، ان کے بارے میں عام پبلک میں زیادہ بات نہ کریں۔ خصوصا" اگر آپ خاتون ہیں تو اپنی ذاتی ویڈیوز اور تصاویر کبھی بھی سوشل میڈیا پر شئير نہ کریں۔ اگر آپ یہ بات نہیں سمجھیں گے تو جلد یا بدیر کوئی ایسا نقصان اٹھائیں گے جس کا مداوا بہت مشکل ہوگا اور آپ کو میرا یہ سبق بہت یاد آئے گا۔آپ اپنی پرسنل، فیملی کی، بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تو شئر نہیں کرتے؟
12- ہر قیمت پر شراب، ڈرگس یا کسی بھی نشے سے پرہیز کریں۔ اپنے حواس کھونے اور احمقانہ کام کرنے سے بدتر کوئی چیز نہیں۔ بلکہ سچ یہ ہے کہ اس قسم کے نشوں کے عادی لوگ گدھوں کی طرح ہوتے ہیں۔آپ ایسا کوئی نشہ تو نہیں کرتے؟
13- اپنے معیار کو ہمیشہ بلند رکھیں اور کسی چیز کے لیے بس اس لیے ہاں نہ کریں کہ اسے حاصل کرنا آسان ہے یا وہ available ہے۔ ہمیشہ ہر چیز میں بہترین کی ہی کوشش کریں۔آپ اوسط درجے کی جاب، اوسط درجے کے کاموں، اوسط درجے کی عبادات، اوسط درجے کی زندگی گزارنے پر ہی تو مطمئن نہیں ہیں؟
14- آپ کے والدین، اور اہل و عیال بہت اہم لوگ ہیں، ان کی خبر گیری اور ذمہ داریاں ادا کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔خصوصا" آپ کے بچے ایک بہت بڑی امانت ہیں، انہیں زندگی گزارنے کا درست راستہ بار بار بتاتے رہیں۔ اگر آپ بچے ہیں اور زندگی میں کامیابیوں کی بلندی کو چھونا چاہتے ہیں تو اپنے والدین کی خدمت کو کبھی ہلکا مت لیجیے، ورنہ بہت پچھتائیں گے۔کیا آپ اپنے اہل و عیال کے حقوق اور ذمہ داریاں پوری طرح ادا کرتے ہیں؟
15- خود کو 99.99% ذہنی مسائل سے بچانے کے لیے لوگوں کی باتوں کو دل پر نہ لیں۔ میں جانتا ہوں کہ بہت سی باتیں ہمارے لیے بہت تکلیف دہ ہوتی ہیں خصوصا" اگر بولنے والا کوئی بہت قریبی ہو، لیکن خود کو اس بات پر تیار کریں کہ میں اپنی زندگی کسی کی تکلیف دہ باتوں کی وجہ سے خراب نہیں کروں گا۔ یہ میری زندگی ہے اور میں اس کا 100 فیصد ذمہ دار ہوں۔آپ لوگوں کی باتوں کو دل پر تو نہیں لیتے؟ ان کی وجہ سے اپنی زندگی کی کوالٹی کو خراب تو نہیں کر رہے؟
16- دنیا کی زندگی میں یہ سوچنا کہ ہر چیز میری منشاء کے مطابق ہوگی، آسانی ہی آسانی ہوگی، ایک بیوقوفی ہے۔ دنیا کی زندگی ایسی ہی ہے جہاں ہر انسان کی اپنی ایک جنگ ہے، آپ بھی اسی طرح نشیب و فراز سے گزر رہے ہیں اور یہ آتے جاتے رہیں گے یہاں تک کہ آپ وہاں واپس چلے جائیں جہاں سے آئے تھے اور جہاں کوئی نشیب و فراز نہیں ہوں گے۔ یہ مختصر سا وقت آپ کو کبھی صبر اور کبھی شکر کے ساتھ ہی گزارنا ہے، تیسرا کوئی آپشن نہیں ہے۔زندگی کی آزمائشوں سے پریشان ہو کر کہیں آپ بے صبری اور ناشکرا پن تو نہیں کرتے؟
17۔ آخری بات یہ یاد رکھیں کہ اس دنیا کے معاملات میں الٹی میٹ کنٹرول صرف اور صرف اللہ سبحانہ و تعالٰی کا ہے۔ کوئی انسان، کوئی حکمران، کوئی ملک الٹی میٹ اور مکمل کنٹرول نہیں رکھتا۔ لہٰذا اگر مشکلات لمبی ہوگئی ہیں تو بھی یاد رکھیے کہ بالآخر ہر چیز اور ہر معاملہ صرف اللہ تعالٰی کے کنٹرول میں ہی ہے۔ آپ کا کام تدبیر کی دنیا میں درست اسباب اختیار کرنا اور اللہ تعالٰی پر بھروسہ کرنا ہے۔آپ کو ایسا تو نہیں لگتا کہ دنیا کا کنٹرول اللہ کے بجائے مختلف لوگوں کے ہاتھ میں ہے اور آپ مایوس ہوجاتے ہوں؟
میں نے یہ 17 باتیں زندگی میں بہت سی چوٹیں کھانے، بہت سے نشیب و فراز سے گزرنے اور ہزاروں لوگوں سے ملنے کے بعد سیکھی ہیں اور جتنا جتنا میں عمل کرتا ہوں، مجھے اتنا ہی فائدہ ہوتا ہے۔اپنا ایماندارانہ جائزہ لیجیے کہ آپ ان تمام باتوں میں کہاں کھڑے ہیں اور آپ نے ابھی کتنا کام کرنا ہے۔ امید ہے کہ آپ کو فائدہ ہوگا۔