ظاہری نقصان موت سے نجات کا سبب ہو سکتا ہے۔

مصنف : انوار عالم

سلسلہ : اصلاح و دعوت

شمارہ : اگست 2025

اصلا ح و دعوت

ظاہری نقصان موت سے نجات کا سبب ہو سکتا ہے۔

انوار عالم

ایک ڈاکٹر کا کہنا ہےایک بچے کے ایکسرے نے مجھے حیران کر دیا۔بچہ کھیلتے ہوئے اپنے دائیں کندھے پر گر پڑا تھا۔اور وہ کندھا ہلانے سے قاصر ہونے کے ساتھ دائیں کندھے میں درد کی شکایت بھی کرتا تھا۔اس کا ایکسرے کیا گیا تو پتہ چلا کہ اس کی ہنسلی کی ہڈی ٹوٹی ہوئی ہے۔ لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ انہیں گردن کے نیچے گلے میں ایک سکہ پھنسا ہوا ملا۔جب والدین سے اس کے بارے پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ نہیں جانتے کہ یہ سکہ کیا اور کیوں ہے اور کب سے ہے؟ہاں مگر بچہ ایک ہفتے سے مسلسل الٹیاں کر رہا تھا۔ڈاکٹروں نے فوری طور پر سرجری کے ذریعے دھات کے ٹکڑے کو ہٹایا تو معلوم ہوا کہ یہ زنگ سے بھرا ہوا تھا اور سکہ تقریباً ایک ہفتے سے یہاں پھنسا ہوا تھا۔جب مرض کی تشخیص ہوگئی تو علاج بھی آسان ہوگیا۔

اللہ تعالیٰ انسان کی حفاظت یوں کرتا ہے کہ انسان کو اس کی خبر تک نہیں ہوتی۔

والدین میں سے کسی کو بھی معلوم نہیں تھا کہ ان کے بیٹے کی گردن کے نیچے دھات کا کوئی ٹکڑا پھنس گیا ہے۔اور اس کی وجہ سے اس کی موت تقریباً واقع ہونے ہی والی تھی،لیکن خدا کے فضل سے بچہ گر گیا اور گردن کے قریب ایک معمولی فریکچر ہو گیا تاکہ پھنسی ہوئی دھات کو دریافت کیا جائے اور نکال لیا جائے۔

تو اے اچھے انسان۔۔۔!آپ کو پہنچنے والے کسی نقصان کے بارے میں غمگین نہ ہوں کیونکہ اس کے پیچھے آپ کے لیے بہت اچھا ہوسکتا ہے۔گرمی بظاہر بہت تکلیف دیتی ہے مگر پسینے کی صورت میں فاضل مادے نکال کر جسم کو توانا کرتی ہے۔سردی آپ میں قوتِ مدافعت پیدا کرتی ہے۔اللہ رب العزت نے فرمایا عَسٰۤى اَنْ تَكْرَهُوْا شَیْــٴًـا وَّ هُوَ خَیْرٌ لَّكُمْۚقریب ہے کسی شے کو تم ناپسند کرو جبکہ وہ تمہارے لیے بہتر ہو۔

روایات میں آتا ہے ایک انسان کی حفاظت آٹھ فرشتے کرتے ہیں جو اس کو زمینی و آسمانی بلاؤں سے محفوظ رکھتے ہیں۔بلکہ ایک خاص فرشتہ رات کو سوتے وقت حفاظت کرتا ہے،

جو انسان کے منہ پر پہرہ دیتا ھے تاکہ کوئی سانپ یا نقصان دہ چیز منہ میں داخل نہ ہوسکے۔

بہر حال کوئی شے بظاہر تو نقصان دہ لیکن حقیقتاً اتنی فائدے مند ہوتی ہے کہ جان بچا لیتی ہے -اسی لیے ہر حال میں رب سوہنے کا شکر ادا کرتے رہا کریں۔