تاکہ پین کیک کی شکل بڑی بڑی اور جاذب نظر ہو اس کے لیے ہر پین کیک کے درمیان میں ایک گتے کا ٹکڑا رکھا جاتا ہے، اصل چیز تو یہی دکھاوا ہوتی ہے جو آنکھوں کو بھلی لگے۔ اس کے بعد پھل میوہ جات اور اضافی چیزیں رکھی جاتی ہیں جس کے بعد ان پین کیک پر رس یا ساس ڈالا جاتا ہے جو کہ گاڑیوں میں ڈالنے والا ڈیزل ہوتا ہے۔ جی صحیح سنا آپ نے: ڈیزل، اسی طرح تو ویڈیو لش لش کرتی چمکدار بنائی جا سکتی ہے۔
جہاں تک کارن فلیکس کی ویڈیو کا تعلق ہے وہ تو اس سے بھی بڑا دھوکہ ہوتا ہے۔ جیلی سے بھرا ہوا پیالہ لیا جاتا ہے جس پر سفید رنگ یا گلو ڈالا جاتا ہے۔ یہ اس لیئے تاکہ کارن کے ٹکرے یا اوپر ڈالے ہوئے پھل پیالے کی سطح پر اٹھے اٹھے ہوئے نظر آئیں اور تصویر کشی کے دوران اندر ہی نہ ڈوب جائیں۔ اس ساری ایڈ میں نہ ہی دودھ کا کہیں استعمال ہوتا ہے اور نہ ہی اس تشہیری ویڈیو کیلیئے بنی ہوئی اس ڈش کو کھانے کے کام لایا جا سکتا ہے۔
بالکل ایسے ہی مختلف اقسام کے رنگ اور گوندیں پیزا کی تصاویر بنانے کیلیئے استعمال کی جاتی ہیں۔آئیسکریم کی تشہیری فلم بھی بالکل ایسے ہی بنتی ہے۔ بہت سارے خوردنی اور کیمیائی اشیاء کی مدد سے ملیدہ تیار کیا جاتا ہے جن کو مختلف رنگوں کی مدد سے دیدہ زیب بنایا جاتا ہے۔ یا دوسرا طریقہ آلوؤں کا بھرتہ ہوتا ہے جسے مختلف رنگوں کے اضافوں کے بعد آئیسکریم کی شکل دی جاتی ہے۔ اس کا سیدھا سادا مطلب یہی ہے کہ جو کچھ آپ اشتہاری تصاویر یا ویڈیو میں دیکھتے ہیں وہ آئیسکریم بالکل بھی نہیں ہوتی، تاکہ فوٹو کشی کے دوران پگھل کر بہہ ہی نہ جائے۔
چرغے کی فوٹو بنانا تو اور بھی مشکل کام ہوتا ہے۔ پہلے مرحلے میں مختلف بانڈز کے ساتھ مرغی کی جلد کی مرمت کر کے اسے ایک شاندار شکل دی جاتی ہے۔ اس کے بعد مختلف قسم کے خوردنی اور کیمیائی رنگوں اور مختلف اقسام کے دھلائی والے صابنوں کی مدد سے ایسا محلول تیار کیا جاتا ہے جس سے مرغی کو شاندار ٹیکسچر دیا جا سکے۔ مرغی کی تصویر کشی مرغی کو پکائے بغیر ہی کی جاتی ہے۔ یعنی تصویر میں نظر آنے والی مرغی جو کبھی بھی نہ کھائی جا سکے۔ پکی ہوئی مرغی کی تصویر کو اشتہار میں نظر آنے والی مرغی سے ملا کر خود دیکھ لیجیئے۔
کیک پر ڈیزائننگ کیلیئے استعمال کی جانے والی کریم حجامت بنانے والا جھاگ ہوتا ہے۔ چپس جو ہم تک کھانے کیلیئے پہنچتے ہیں وہ ان سے بالکل مختلف ہوتے ہیں جن کی تصاویر بنائی جاتی ہیں کیونکہ ان تصویر والوں تو فوم پر گاڑی ہوئی ٹوتھ پکس پر ڈال کر خوبصورتی سے سیدھا کیا جاتا ہے-
کاربونیٹیڈ مشروبات کی تصاویر بنانے سے پہلے گلاس میں گیس بنانے والی گولیاں ڈالی جاتی ہیں تاکہ پتہ چلے کہ یہ بوتلیں کیسے تروتازہ کرنے والی گیسوں سے بنی ہوتی ہیں۔
مجھے سب سے زیادہ صدمہ انگوروں کی ویڈیو بنتے دیکھ کر ہوا جب میں نے دیکھا کہ انہوں نے انگوروں پر پاؤڈر کا چھڑکاؤ کیا اور پھر اس کے اوپر پانی کا سپرے کیا تاکہ وہ تصویر میں مطلوبہ دلکش نتائج حاصل کر سکیں۔
شوربے کی تصویر میں انہوں نے سب سے پہلے درمیان میں ایک پیالی الٹی کر کے رکھی تاکہ جب وہ اس شوربے کے اوپر نمائشی اضافات رکھیں تو وہ فوٹو بناتے بناتے کہیں شوربے میں ڈوب ہی نہ جائیں۔میں نے مختلف سینڈوئچز اور برگر کے اشتہارات بھی بنتے دیکھے۔ ایک چنیدہ ڈبل روٹی پر پہلے سائیڈز سے پکا ہوا برگر رکھا گیا جسے مختلف سیخوں سے جلا کر دیدہ زیب پکی ہوئی جیسی شکل دی گئی، احتیاط سے تراشے ہوئے اور منتخب سلاد کا ٹکڑا سجا کر رکھا گیا جس کی شکل کھانے سے زیادہ دیکھنے میں اہم تھی۔ باقی کے اضافات کو توٹھ پکس کی مدد سے سینڈوئچ پر گاڑا گیا۔ باہر سے دیگر چیزیں لگا کر شکل کو بہتر بنانے کی کوششوں کیلیئے استعمال کی گئیں۔
اصلاح و دعوت
اشتہارات ایک جھوٹ اور فریب کی دنیا
محمد سلیم