آپ شنجن ویزہ کیسے اپلائی کر سکتے ہیں
۱- سب سے ضروری ڈاکومنٹ انویٹیشن لیٹر ہے۔ یعنی آپ کے پاس یورپ کے کسی ملک سے وہاں بستے دوست، کمپنی یا خونی رشتے کا انویٹیشن لیٹر ہونا چاہئیے۔ اگر کام کا سلسلہ ہے تو ادارے کا دعوت نامہ ہونا چاہئیے۔ اگر انویٹیشن لیٹر نہیں ہے اور آپ کو محض گھومنے پھرنے یا سیر کرنے کے لئے وزٹ ویزا چاہئیے تو اس صورت میں آپ کی ٹریول ہسٹری اچھی ہو۔ گذشتہ پانچ سالوں میں آپ نے آٹھ سے دس ممالک وزٹ کر رکھے ہوں۔ نیز جس یورپی ملک کے لئے ویزا اپلائی کر رہے ہیں اس ملک کے بارے مکمل تفصیلات آپ کے پاس ہوں۔
۲- وزٹ ویزے کی صورت میں جس ملک اپلائی کر رہے ہیں وہاں کی ہوٹل بکنگز، ریٹرن ائیر ٹکٹس کی ریزرویشن (کنفرم ٹکٹ نہیں ریزرویشن، جو کوئی بھی IATA ایجنٹ جاری کر دے گا)، اس ملک کی ٹریول اٹنرری جس میں آپ اپنا سارا پلان لکھیں گے کہ کس تاریخ کو آپ کس شہر میں ہوں گے اور وہاں کیا دیکھنے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ کنفرم ریل ٹکٹ (سفر کے لئے) جسے یورو پاس بھی کہتے ہیں، اور اگر ہو سکے تو وہاں کے کسی ٹریول ایجنٹ سے کسی سیاحتی ایکٹویٹی کا پیکج بھی لے لیجئیے (جیسے کہ کسی تاریخی مقام کا وزٹ، سکینگ وغیرہ یا میوزیم پاس)
۳- کور لیٹر، جس میں آپ ویزا آفیسر کے نام اپنا مختصر تعارف، اپنے وزٹ کی وجہ، اپنی جاب یا بزنس کے بارے اور اپنی ماہانہ آمدن لکھیں گے۔ ساتھ ہی ریکویسٹ کریں گے کہ آپ فلاں تاریخ سے فلاں تاریخ تک وزٹ کرنا چاہ رہے ہیں اور وزٹ مکمل کر کے وطن واپس لوٹنے کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔
۴۔ شینجن ویزا فارم ڈاونلوڈ کر کے اسے بھر لیں اور تین عدد تصاویر 45 بائے 35 ایم ایم کی ساتھ اٹیچ کریں۔ بیک گراؤنڈ لائٹ گرے یا سفید ہو۔
۵- فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، میرج سرٹیفکیٹ، بچے ہیں تو ان کا بے فارم۔
۶۔ انکم ٹیکس رجسٹریشن سرٹیفکٹ، دو سال کی ٹیکس ریٹرنز ( یہ آپ ایف بی آر کے IRIS پورٹل میں لاگ ان ہو کر ڈاونلوڈ کر سکتے ہیں)
۷۔ اگر بزنس مین ہیں تو چیمبر آف کامرس کا سرٹیفکیٹ ، اور اپنے کاروبار کا اندارج سرٹیفکیٹ SECP کا۔ اگر سیلری پرسن ہیں تو گذشتہ تین ماہ کی سیلری سلپس اور اپنے ادارے کی جانب سے NOC ( جس میں ادارے کا ایچ آر ڈیپارٹمنٹ لکھتا ہے کہ یہ ہمارا ملازم ہے اور یہ باہر جانا چاہتا ہے جس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں نیز اس کی چھٹیاں کنفرم ہیں)۔ اگر فری لانسر ہیں تو موصول ہونے والی پیمنٹس کی رسیدیں یا اپنے چینل کا سکرین شاٹ جس میں رقم ڈالرز میں واضح ہو۔
۸- گذشتہ چھ ماہ کی بینک سٹیٹمنٹ جس میں کلوزنگ بیلنس کم از کم پندرہ لاکھ روپے ہو۔ بینک اکاؤنٹ مینٹینس سرٹیفکیٹ اور بیلنس سرٹیفکیٹ۔ یہ آپ کا بینک آپ کو دے دے گا یا انٹرنیٹ بینکگ ایپ میں سے بھی ڈاونلوڈ ہو جاتے ہیں۔
۹۔ اپنی پراپرٹی کے کاغذات یا اپنے اثاثوں کے کاغذات۔ اثاثوں میں جو آپ کے اپنے نام ہیں جیسے کہ پلاٹ، گھر، گاڑی وغیرہ۔ اگر آپ کے اپنے نام نہیں والدین کے نام ہیں تو پھر FRC بھی ساتھ لگائیں جس میں والدین اور بہن بھائی کی تفصیلات ہوتی ہیں۔ پلاٹ و گھر کی رجسٹریوں کو انگریزی میں ٹرانسلیٹ کروا کے اس ترجمے کو نوٹرآئزڈ کروانا ہو گا۔
۱۰۔ یہ ضروری تو نہیں مگر اگر آپ آرٹسٹ ہیں تو اپنی آرٹسٹ پروفائل ساتھ لگائیں جس میں آپ اپنی اچیومنٹس تفصیل سے بتائیں اور اپنے کام کے متعلق تفصیل سے بتائیں۔ اس سے ویزا آفیسر کو فیصلہ کرنے میں آسانی ہو گی اور آپ کو ویزا ملنے کے چانسز بڑھ سکتے ہیں۔
۱۱۔ ٹریول انشورنس جو پچاس ہزار یورو کی کوریج دیتی ہو۔ یہ انشورنس آپ کو چار ہزار سے پانچ ہزار روپے میں مل جائے گی۔
آخر میں سب سے اہم نقطہ۔ وہ یہ کہ شینجن ممالک ویزا گرانٹ کرنے کا فیصلہ آپ کی ٹریول ہسٹری اور آپ کی اپنے ملک یعنی پاکستان سے مالی وابستگی کو مدنظر رکھ کر کرتے ہیں۔ یعنی آپ کا ملک میں ایسٹ ہونا چاہئیے۔ یہ ان کے واسطے گارنٹی ہوتی
ہے کہ یہ شخص اپنے ملک واپس آ جائے گا۔اگر یہ دونوں نہیں تو آپ بالکل اپلائی نہ کریں ویزا ریجکٹ ہو جائے گا۔
یہ سارے کاغذات ایک دن بلکہ چند گھنٹوں میں مکمل ہو جاتے ہیں۔ اس میں کسی ایجنٹ کی ضرورت ہی نہیں۔ کاغذات کی فائل بنا کر آپ VFS Global سے آن لائن انٹرویو یا کاغذات جمع کروانے کی تاریخ لیں۔ یہ کام وی ایف ایس گلوبل کی ویب سائٹ میں لاگ ان ہو کر ہو گا۔ مقررہ تاریخ و وقت پر وہاں چلے جائیں۔ وہ کاغذات کی جانچ پڑتال کریں گے۔ ان کو سیٹ کر کے فائل بنائیں گے۔ آپ کی بائیومیٹرک ہو گی۔ وہیں ویزا فیس جمع ہو گی اور بس۔ آگے آپ کا مقدر۔