کھجور ایک مشہور پھل و میوہ ہے ۔ خاص طور پر رمضان کے مہینے میں اس کا استعمال بکثرت کیا جاتا ہے۔ کھجور قدرت کا وہ پھل ہے کہ جو اپنے اندر بے شمار افادی پہلو رکھتا ہے ۔
غذائیت کے اعتبار سے یہ ایک بہترین اور مقوی غذا ہے۔چندہی ایسی چیزیں ہوں گی جو کم مقدار کے با وجو د جسم کو قوت و حرارت فراہم کرنے میں کھجو کی ہم پلہ ہوں گی لیکن کھجور کو اس حوالے سے برتری حاصل ہے کہ یہ جلدی ہضم ہو جاتی ہے ۔کھجور کی غذائی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بآسانی لگا یا جا سکتا ہے کہ کھجور میں فولاد کی مقدار 16.10%ہوتی ہے جبکہ پالک میں یہ مقدار5%،سیب میں 7.1%،امرود میں 1%اور انار میں 3%ہوتی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ کھجور کو خون پیدا کرنے کا خزانہ کہا گیا ہے ۔اگر ایک چھٹانک انار استعمال کریں تو ہمیں 32کیلوریز حاصل ہوں گی ۔ایک چھٹانک سیب کھائیں تو 35کیلوریز ملیں گی ایک چھٹانک کیلے سے 86کیلوریز حاصل ہوں گی لیکن ایک چھٹانک کھجور کھانے سے 160کیلوریز حاصل ہوں گی ۔ اس کے علاوہ اس میں وٹامن اے ، بی اور سی مناسب مقدار میں پائے جاتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ پوٹاشیم، میگنیشیم، تانبا، سلفر، جست، آرسینک اور آیوڈین جیسے اہم عنا صر بھی موجود ہیں ۔ماہرین طب کے مطابق کھجور کا مزاج گر م تر ہے ۔کھجور میں مندرجہ ذیل فوائد پائے جاتے ہیں ۔
۱۔ کھجور جسم کو طاقت دینے کے ساتھ ساتھ اعصاب ،قلب اور معدے کے لئے تقویت کا باعث بنتی ہے ۔
۲۔ کھجور کمزور جسموں کو فربہ یعنی موٹا بناتی ہے۔اس لئے جو لوگ بہت دبلے پتلے ہوں یا جن کا وزن کم ہو یا جنہیں سردی زیادہ لگتی ہو انہیں چاہئے کہ وہ کھجور کو باقاعدگی سے استعمال کریں ۔
۳۔ بعض مائیں اپنے بچوں کو اپنا دودھ نہیں دے سکتیں کیونکہ ان میں دودھ کی کمی ہوتی ہے ۔ایسی ماؤں کو چاہئے کہ دودھ کے ساتھ کھجور کا استعمال جاری رکھیں کیونکہ کھجور دودھ پیدا کرنے والے خلیات کی پر ورش کر کے انہیں فعال بناتی ہے ۔
۴۔ نوزائیدہ بچوں کے لئے کھجور بہترین گھٹی ہے ۔
۵۔ امراضِ قلب میں بھی کھجور نہایت مفید ثابت ہوئی ہے ۔خاص طور پر عجوہ کھجور اس کے لئے نہایت مفید بیان کی گئی ہے ۔ اور اس کی نسبت حضورﷺ سے بیان کی جاتی ہے۔
۶۔ کھجور کے استعمال کا سب سے اہم فائدہ یہ ہے کہ اس کے استعمال سے خون میں کولیسٹرول کی مقدار نہیں بڑھتی ۔کولسٹرول کی مقدار خون میں بڑھ جائے تو دِ ل کے دورے کا باعث بن سکتی ہے ۔
۷۔ دماغی کام کرنے والوں کے لئے کھجور ایک بے نظیر تحفہ ہے ۔چونکہ اس میں موجود لحمیات ،حیاتین اور معدنی نمکیات دماغ اور اعصاب کوطاقت بخشتے ہیں ۔اس کے متواتر استعمال سے نسیان سے بھی نجات مل جاتی ہے ۔
۸۔ جدید تحقیقات سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ کھجور میں زہر کو بے ضرر بنانے کی خاصیت بھی مو جود ہے ۔
۹۔ کھجو ر کی نبیذ(کھجور کو بھگو کر اس کا پانی حاصل کرنا )میں بھی توانائی کے ساتھ ساتھ فرحت پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔ یہ پانی جسم کی غلیظ رطوبتوں کو خشک کرتا ہے ۔معدہ کو تقویت دیتا ہے ۔منہ کے زخموں کو مندمل کرتا ہے ۔خاص طور پر مسوڑھوں کی سوزش میں مفید ہے ۔
۱۰۔ کھجور تمام پھلوں میں ممتاز حیثیت رکھتی ہے ۔کیونکہ یہ جسم کے ہر حصے کے لئے یکساں مفید ہے ۔
لیکن ایک وقت میں کھجور کا زیاد ہ استعمال صحت کے لئے نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتا ہے ۔ ہر چیز کی طرح حد اعتدال کا ملحوظ رہنا یہاں بھی ضروری ہے۔