مدیر محترم ماہنامہ سوئے حر م لاہور
السلام علیکم ورحمۃ اللہ
‘سوئے حرم’ کا تازہ شمارہ موصول ہوا۔ محبت اور عنایت کا بہت شکر گزار ہوں۔ جزاک اللہ تعالی احسن الجزاء۔
میں نے سارے شمارے کی ورق گردانی کی ہے ۔ کچھ مضامین کامطالعہ بھی کیا ہے ۔ ماشاء اللہ آپ نے بہت سلیقے کے ساتھ مضامین کا انتخاب کیا ہے جو دلچسپ بھی ہیں ، معلومات افزا بھی اور مفید بھی۔
والسلام
فاروق
( ڈاکٹر میاں عبدالغنی فاروق ، منصورہ لاہور)
٭٭٭
محترم جناب صدیق بخاری صاحب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
سوئے حرم زیر مطالعہ رہا۔دعائیں اور نیک تمنائیں آپ تک پہنچانا چاہتا ہوں۔ مضامین کا تنوع ، حسن ترتیب اور آپ کی محنت اور اخلاص کا یہی حال رہا تو ان شاء اللہ بہت جلد یہ ملک کے موقر جرائد میں شما رہونے لگے گا۔
فقہی مسالک او راختلافات کے بارے میں بھی لکھیے کہ تمام فقہی مسالک درست اور ہر امام مسلمانوں کا امام ہے۔ لوگوں کو فقہی مسالک کی قید سے آزاد کرانے کی ضرورت ہے تا کہ ان میں یہ خوف ختم ہو سکے کہ وہ کسی دوسرے مسلک پر بھی عمل کرنے میں آزاد ہیں۔ والسلام
قاری حفیظ اللہ
(ایم اے ، ایل ایل بی ۔ کوہاٹ)
٭٭٭
جناب ایڈیٹر صاحب
السلام علیکم
آپ کا رسالہ سوئے حرم شروع سے پڑھ رہی ہوں۔ جنوری کے رسالے میں ایک مضمون ‘سوئے حرم کیا ہے ، پڑھا۔ میر ی ناقص رائے میں اس مضمون کو بار بار چھاپیں تا کہ سب پہ یہ واضح ہو سکے کہ سوئے حرم کا مشن اور مقصد کیا ہے اور جو اسے خالص مولویانہ رسالہ سمجھ رہے ہیں ان کی غلط فہمی دور ہو سکے۔ فروری کے شمارے میں جعلی عاملوں کی وارداتیں پڑھ کر دکھ ہوا نہ جانے کتنے لوگ ان کے ہاتھوں لٹتے ہیں۔ ان کے فریب سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے آپ کی کاوش قابل تحسین ہے۔ اللہ تعالی آپ کو کامیابیوں سے نوازے اور اس کار خیر کو جاری رکھنے کی آپ کو ہمت دے۔ آمین!
والسلام
عطیہ رزاق ، اوکاڑہ
٭٭٭
محترم محمد صدیق بخاری صاحب
السلام علیکم
طالبِ خیریت بخیریت ہے۔ محترم عارف صاحب کے ذریعے آپ کے خوبصورت ماہنامے کا تعارف ہوا او ر میں نے سالانہ خریداری کا فیصلہ کیا۔ آپ کے رسالے میں پہلا صفحہ، آواز دوست ، نو رالقرآن ، اور یسئلون بہت اچھے سلسلے ہیں۔ چھوٹے نام بڑ ے لوگ کے لیے میں بھی ایک مضمون ارسال کر رہا ہوں اگر معیار پر پو را اترے تو شائع فرمائیں۔
میر ی دعا ہے کہ اللہ تعالی آپ کو اور تمام رفقائے کار کو اپنی رحمتوں سے نوازے۔
والسلام
ملک اللہ دتہ ۔ اسلام آباد
٭٭٭
تعزیت نامے
مکرمی و محترمی محمد صدیق بخاری صاحب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مارچ امسالِ رواں کا رسالہ موصول ہوا۔ اللہ تعالی آپ کی مساعی کو قبول فرمائے ۔ آمین اور بیش از بیش کی توفیق مرحمت فرمائے ۔آمین
یسئلون کا سلسلہ اچھا ہے ۔ اس میں مختلف اہل علم و دانش سے استفاد ہ کیا جا سکتا ہے۔
ادھر آپ کی والدہ محترمہ کے انتقال پر ملال کی اطلاع بھی ملی۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے ، خاص اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔ تمام گناہوں خطاؤں اور کوتاہیوں سے در گذر فرمائے ، تمام نیکیوں ، حسنات اور بھلائیوں کو قبول فرمائے اور ان کی قبر کو جنت کے باغوں میں تبدیل فرمائے ۔ آمین
میری طرف سے بعد سلام ، دیگر اہل خانہ تک بھی تعزیت کے یہ الفاظ اور میرے جذبات پہنچا دیجیے گا۔ ممنون ہوں گا۔
حقیقت یہ ہے کہ ماں کا کوئی بدل نہیں ہے ، ماں کا وجود ایک گھنے سایہ دار درخت کی مانند ہوتا ہے ، انسان اس کے گھنے سائے تلے اپنی ساری عمر گزار دیتا ہے اور اسے معلوم ہی نہیں ہوتا کہ کن آزمائشوں سے وہ بچ رہتا ہے ، ماں کی دعائیں اس کاسبب بن جاتی ہیں ، لھذا یہ محرومی بڑی محرومی ہے، اللہ تعالی صبر سے نوازے اور ساری عمر انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھنے کی بہترین توفیق عطا فرمائے ۔ آمین
امید ہے آپ بخیر ہوں گے ، اللہ تعالی ہمیں اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ہم سب سے وہ کام لے لے جس سے وہ راضی ہو جائے ۔ آمین
والسلام
خاکسار
منور حسن
( سید منور حسن۔ سیکرٹری جنرل ، جماعت اسلامی پاکستان)
٭٭٭
محترم جناب صدیق صاحب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ
امید ہے خیریت سے ہوں گے۔
‘سوئے حرم’ میں یہ افسوسناک خبر پڑھی کہ ۱۹ ، جنوری کو آپ کی والدہ انتقال فرما گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ آپ کا ان سے جو تعلق تھا اس کی بنا پر آپ کا صدمہ بہت جانکاہ ہے اور آپ کے گھر والے بھی مرحومہ کی جدائی سے نہایت غم زد ہ ہو ں گے ۔ براہ کرم میری طرف سے پیام تعزیت سب کو پہنچا دیں۔ اللہ تعالی کے فیصلے میں کس کو مجال ہے کہ دخل دے سکے ۔ ہم سبھوں کو اس کی مرضی پر راضی ہونا چاہیے۔ یہی صبر کا اعلی مقام ہے اور اللہ تعالی صبر کرنے والوں کا اجر ضائع نہیں کرتا۔ اللہ تعالی مرحومہ کی لغزشوں کو معاف کرے اور مغفرت و رحمت کے ساتھ ان کو جنت الفردوس عطا فرمائے ۔ او ر آپ کے تمام اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ آمین
والسلام
حسان عارف،لاہور
٭٭٭
میں ان تمام قارئین کا نہایت شکر گزار ہوں جنہوں نے ٹیلی فون یا خطوط کے ذریعے میری والد ہ مرحومہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہا رفرمایا۔ ان کے پیغامات یقینا میرے لیے بہت سہارا ثابت ہوئے ۔قارئین کی یہ محبت مجھے تا دیر یاد رہے گی ۔ اللہ کریم آپ سب کو جزائے خیر عطا فرمائے ۔سب حضرات کے خطوط شائع کرنا ممکن نہ تھا اور نہ سب کو فرد اً فرداً جواب ارسال کرنا۔ اس لیے میں اس تحریر کے ذریعے آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ایک دفعہ پھر دعا گو ہوں کہ اللہ کریم آپ کو اس محبت کا اجر عظیم عطا فرمائے ۔
محمد صدیق بخاری
٭٭٭