الحمد للہ ہم مسلمان ہیں اور ایک مسلم ملک ہی کے شہری ہیں۔ پھر بھی ہم اور ہمارے بچے دین کی بنیادی تعلیم سے تقریباً ناآشنا ہیں، یہ ہماری کم قسمتی نہیں تو اور کیا ہے۔ والدین بھی بچوں کو چھوٹی عمر میں محض ناظرہ قرآن پڑھا کر اپنے تئیں یہ سمجھ لیتے ہیں کہ بچوں کو دینی تعلیم دینے کا فرض ادا ہو گیا ہے ۔ جن کو زیادہ شوق ہوتا ہے وہ بچوں کو حافظِ قرآن بنانے کی کوشش کرتے ہیں یا زیادہ سے زیادہ کچھ تجوید و قرأت سکھا دیتے ہیں۔ جن بچوں کو مدارس میں تعلیم کے لیے بھیجا جاتا ہے، ان کو وہاں بھیجنے سے بھی والدین کا مقصد ان کو دینی تعلیم دلانا نہیں ہوتا کیونکہ بالعموم وہاں ان بچوں ہی کو بھیجا جاتا ہے جن کو دنیاوی تعلیم کے قابل نہیں سمجھا جاتا یا جن کو دنیاوی تعلیم دلانے کی استطاعت والدین میں نہیں ہوتی، ا اّ ما شاء اللہ۔
سکول و کالج میں تعلیم پانے والے طلبہ اگرچہ اسلامیات لازمی کا ایک مضمون ہر کلاس میں پڑھتے ہیں مگر وہاں بھی دینی تعلیم کا حصول بالعموم نہ طلبہ کے پیش نظر ہوتا ہے اور نہ اساتذہ ہی کے۔ یہ صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے جب ہم دیکھتے ہیں کہ دین کی دعوت کا کام کرنے والے افراد بھی مکمل دین کی نہیں، بلکہ اس کے کسی ایک چھوٹے یا بڑے جز ہی کو مکمل دین سمجھ کر اس کی دعوت دینے میں اپنی پوری قوت صرف کررہے ہوتے ہیں۔
چنانچہ وقت کی اس ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے "۵۱ کے (K)، ماڈل ٹاؤن ، لاہور" میں مختصر ورکشاپس (workshops ) کے ایک سلسلے کا تجرباتی سطح پر آغاز کیا جا رہا ہے۔ ان شاء اللہ ۲۳، اپریل ۲۰۰۵ء سے میٹرک اور بی اے کے امتحانات سے فارغ طلبہ و طالبات کے لیے ایک پندرہ روزہ "اسلامک جنرل نالج ورکشاپ" کا آغاز ہو گا۔ امیدِ واثق ہے کہ کامیابی کی صورت میں ایسے پروگرامز کو نہ صرف یہ کہ جاری رکھا جائے گا بلکہ تجربات کی روشنی میں مزید بہتر بھی کیا جائے گا۔ اس ورکشاپ میں شرکا یہ جان سکیں گے کہ :
٭ ہمارا دین کیا ہے، یہ کہاں سے ملتا ہے اور اس کوکیسے سمجھا جاتا ہے؟
٭ ہمارا دین ہم سے کیا چاہتا ہے؟
ان دو اہم ترین موضوعات کے ساتھ ساتھ مذہب کے حوالے سے شرکا کے سوالات و اشکالات کے تسلی بخش جوابات بھی دیے جائیں گے۔ نیز شرکا کو تلاوتِ قرآن کی اصلاح اور عربی زبان کو سمجھنے کے چند آسان Tips بھی بتائے جائیں گے۔چونکہ داخلہ محدود ہے اس لیے رجسٹریشن اور دیگر تفصیلات کے لیے فوری رابطہ کیجیے :
٭ فون نمبر: ,۵۸۵۷۵۲۸ ,۵۸۶۵۱۴۵ ۵۸۳۴۳۰۶ (۰۴۲) ٭ ای میل: hibraahim@yahoo.com نوٹ : طلبہ و طالبات کے ساتھ ساتھ ہر عمر کے خواتین و حضرات بھی شرکت کر سکتے ہیں اور جو لاہور میں مقیم نہیں ہیں یا کسی وجہ سے وہ یہاں آ کر کورس نہیں کر سکتے وہ یہ کورس بذریعہ ڈاک یا ای میل ،گھر بیٹھے بھی کر سکتے ہیں۔