محترمی و مکرمی صدیق بخاری صاحب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
امید ہے مزاج گرامی بخیر ہوں گے۔
میری ہمیشہ سے یہ خواہش رہی ہے کہ کوئی ایسا جرید ہ ہو جو اسلامی و دینی حدود میں رہتے ہوئے موجودہ دور کے مسلمانوں کی عصری ’ فکری و ادبی ضروریات پوری کرتا ہو۔موجود ہ دور میں جو جرائد دستیاب ہیں ’یا تو وہ مکمل طور پر دینی ’ فقہی و تحقیقی قسم کے ہیں یا پھر با لکل ماڈرن اور سیکولر قسم کے ہیں۔ ان حالات میں ایک ایسے جریدے کا ہونا’ جو نہ صرف دلچسپ ہے بلکہ عام قاری کے ذوق کی تسکین کرتے ہوئے دین کے ابلاغ کا بھی کام کرتا ہے ’ایک نہایت قابل ستائش کاوش ہے ۔ اللہ تعالی آپ کو اس کا اجرِ عظیم عطا فرمائے۔
اس سلسلہ میں آپ کے اداریوں کا خاص طور پر تذکرہ کرنا چاہوں گا جو انتہائی بصیرت افروز ہوتے ہیں۔ آج کے فکری انحطاط کے دور میں ایسی روشن تحریروں پر میں آپ کو خصوصی مبارکباد دیتاہوں۔ اس کے علاوہ تمام مضامین اپنی اپنی جگہ اس ماہنامہ میں ایک خوبصورت گلدستہ میں لگے پھولوں کی طرح مہکتے ہیں ۔ ان میں نورالقران اور سیرت صحابہ جیسے ایمان افروز سلسلے نہ صرف ادب کا مرقع ہیں بلکہ معلوماتی بھی ہیں۔
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ یہ سلسلہ چلتا رہے اور خوب بڑھے او رپھولے ۔ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہوں ۔ ایک دفعہ پھر میری طرف سے دلی مبارک باد قبول فرمائیں۔ اللہ تعالی ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔
والسلام
ڈاکٹر الیاس رفیع
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ منصورہ ہسپتال لاہور
٭٭٭
محترم صدیق بخاری صاحب
السلام علیکم
امید ہے مزاج گرامی بخیر ہوں گے۔ سوئے حرم کا باقاعدگی سے قاری ہوں۔ پرچے کے دینی’ ادبی’ اورعلمی سلسلے بہت خوبصورت ہیں۔ خصوصا نورالقرآن میں جس طرح علمی معلومات فراہم کی جاتی ہیں وہ بہت انفرادیت کا حامل ہے۔قارئین کو مزید بیدار مغز قاری بنانے کے لیے ایک صفحہ‘‘ بنیادی عربی گرائمر بلحاظِ قرآن’’ مختص کر دیں تو یقینا بہت سوں کا بھلا ہو گا۔اللہ ہم سب مسلمانوں کا حامی وناصر ہو۔ والسلام ۔محمد یونس جاوید اسلام آباد
٭٭٭
جناب محمد صدیق بخاری صاحب
السلا م علیکم
آپ کے جریدے ‘‘ماہنامہ سوئے حرم’’ کا تسلسل سے مطالعہ کر رہا ہوں’ اس خط کے توسط سے اپنی رائے اور نیک تمناؤں کا اظہار آپ تک پہنچانا چاہتا ہوں۔آپ کا جریدہ آپ کی محنت اورکاوشوں کا منہ بولتی تصویر ہے ۔ حسن ترتیب کو دیکھ کر بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے کہ آپ نے دریا کو زے میں بند کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔
آوازِ دوست میں موضوعات’ الفاظ اور ان کی ترتیب اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ خلوصِ نیت کے ساتھ اپنے مشن کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔ حمد ’ نورالقرآن ’ نعت ’ فکر و نظر’ شعرو ادب’ سلسلہ وار ناول اورمتفرقات
بڑ ی عمدگی سے تربیب دیئے گئے موتیوں کی لڑی کی مانند ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ آپ اس کارِ خیر کو اسی خلوص ِ نیت کے ساتھ جاری و ساری رکھیں اور مشعل راہ ثابت ہوں۔
خیر اندیش
ہومیو ڈاکٹر خالد محمود چوہدری
٭٭٭